عامر خان کو بشنوئی گینگ سے دھمکی ملنے کے بعد ممبئی کرائم برانچ الرٹ، سیکورٹی میں کیا گیا اضافہ
یوگیش کدم نے بتایا کہ ’’ہم نے عامر خان کے گھر پر پولیس کی نگرانی بڑھا دی ہے۔ بشنوئی گینگ لوگوں کو دھمکی دے کر صرف وصولی کی کوشش کرتا ہے، ہماری پولیس ایسے معاملات میں فوری ایکشن لیتی ہے۔‘‘

بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کو لارنس بشنوئی گینگ کی طرف سے دھمکی ملنے کے بعد ممبئی کرائم برانچ الرٹ ہو گئی ہے۔ کرائم برانچ نے عامر خان کی ٹیم سے بات چیت کی۔ ممبئی کرائم برانچ بنیادی طور پر یہ معلوم کرنا چاہتی ہے کہ یہ دھمکی عامر خان یا ان کی ٹیم کو براہ راست ملی ہے یا پھر سوشل میڈیا یا خبروں کے ذریعہ ہی جانکاری ہی ملی ہے۔
رپورٹس کے مطابق عامر خان یا ان کی ٹیم کی طرف سے پولیس سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی اب تک کوئی شکایت درج کرائی گئی ہے۔ دوسری جانب مہاراشٹر کے وزیر مملکت برائے داخلہ یوگیش کدم نے بتایا کہ انہیں بھی اس بات کی اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعہ ملی ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ عامر خان یا ان کی ٹیم کی طرف سے اب تک کوئی شکایت درج نہیں کروائی گئی ہے، لیکن پولیس نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
یوگیش کدم کے مطابق عامر خان کو پہلے سے ہی سیکورٹی ملی ہوئی ہے (ایک پولیس اہلکار ساتھ میں ہے)، لیکن اس واقعے کے بعد ان کی سیکورٹی کا جائزہ لے کر ضرورت کے مطابق اسے مزید بڑھایا جائے گا۔ ہم نے ان کے گھر پر پولیس کی نگرانی بڑھا دی ہے۔ بشنوئی گینگ لوگوں کو دھمکی دے کر صرف وصولی کی کوشش کرتا ہے، ہماری پولیس ایسے معاملات میں فوری ایکشن لیتی ہے۔
یوگیش کدم نے مزید بتایا کہ انمول (گینگسٹر لارنس بشنوئی کا چھوٹا بھائی) کو جلد ہی ہندوستان واپس لایا جائے گا۔ ان کے مطابق عامر خان بھی اس وقت ہندوستان میں نہیں ہیں۔ واپس آنے کے بعد ان سے رابطہ کیا جائے گا۔ کسی کو بھی اس بات پر گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ ممبئی پولیس ہر لحاظ سے قابل ہے، وہ ابھی معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ دھمکی ان کی حالیہ شادی اور اس سے متعلق ذاتی فیصلے کو لے کر دی گئی ہے، جسے دھمکی دینے والوں نے ثقافتی اور مذہبی اقدار کے خلاف قرار دیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
