موسمی چٹرجی نے رومانی اداؤں سے مداحوں کا دل جیتا
بالی ووڈ میں موسمی چٹرجی کا ایک ایسی اداکارہ کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے 70 اور 80 کی دہائی میں اپنی رومانی اداؤں سے مداحوں کو اپنا دیوانہ بنائے رکھا۔

کولکتہ میں 26 اپریل 1953 کو موسمی چٹرجی کی پیدائش ہوئی۔ انہوں نے فلمی سفر 1967 میں ریلیز بنگلہ فلم بالیکا ودھو سے کیا۔ فلم باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی۔ بالی ووڈ میں موسمی چٹرجی نے اپنے فلمی کریئر کی شروعات 1972 میں ریلیز فلم انوراگ سے کی۔ اس فلم میں موسمی کے ہیرو کے طور پر ونود مہرہ تھے۔
موسمی چٹرجی کے والد کے پرنتوش چٹوپادھیائے ہندستانی فوج میں شامل تھے اور ان کے دادا جج تھے۔ موسمی چٹرجی نے معروف پلے بیک سنگر ہیمنت کمار کے بیٹے جینت مکھرجی سے شادی کی۔ ا ن کی دو لڑکیاں پائل اور میگھا ہیں۔ انہوں نے بالی ووڈ میں اپنی شادی کے بعد ہی قدم رکھا۔
شکتی سامنت کی ہدایت میں بنی فلم انوراگ میں موسمی چٹرجی نے ایک نابینا لڑک کا کردار ادا کیا تھا۔ کیئرئر کی شروعات میں اس طرح کا کردار کسی بھی نئی اداکارہ کے لئے خطرناک بھی ثابت ہو تا ہے لیکن موسمی نے اپنی سنجیدہ اداکاری سے مداحوں کا دل جیت لیا۔ اس فلم کے لئے موسمی کو بہترین اداکارہ کے طور پر نامزد کیا گیا۔ سال 1974 میں موسمی چٹرجی نے روٹی کپڑا اور مکان اور بے نام جیسی سپرہٹ فلموں میں کام کیا۔ روٹی کپڑا اور مکان کے لئے موسمی چٹرجی کو بہترین معاون اداکارہ کے لئے فلم فیئر ایوارڈ کے لئےنامزد کیا گیا۔
سال 1976 میں موسمی چٹرجی کی ایک اور سپر ہٹ فلم سب سے بڑا روپیہ ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں ایک بار پھر سے موسمی اور ونود مہرہ کی جوڑی کو پسند کیا گیا۔ ونود مہرہ کے ساتھ موسمی چٹرجی کی جوڑی کو بہت پسند کیا گیا۔ اس کے علاوہ موسمی چٹرجی نے سنجیو کمار، جتیندر، راجیش کھنہ، ششی کپور، امتیابھ بچن جیسے سپر اسٹاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔
موسمی چٹرجی نے ہندی فلموں کے علاوہ کئی بنگلہ فلموں میں بھی کام کیا اور اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ موسمی چٹرجی کی کچھ ہندی فلموں کچے دھاگے، زہریلے انسان، سورگ نرک، پھول کھلے ہیں گلشن گلشن، مانگ بھرو سجنا، جیوتی بنے جوالا، داسی، انگور، گھر ایک مندر، گھائل، سنتان، جلاد، قریب، زندگی، راکس وغیرہ شامل ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
