’کون بنے گا کروڑ پتی‘ ٹی وی شو یا حکومت کی تشہیر؟

Getty Images
Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی :ویسے تو نیوز چینلوں کے بارے میں یہ بات عام ہے کہ وہ بی جے پی اور مرکزی حکومت کے ترجمان کے طور پر کام کر رہے ہیں لیکن اب معروف ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی ‘کے اس سال کے ایڈیش کے بارے میں بھی لوگوں کے ذہنوں میں یہی تصویر بن رہی ہے۔ معروف فلم اداکار امیتابھ بچن کی میزبانی میں ہونے والے اس شو کے 9ویں ایڈیشن میں جس طرح کے سوال پوچھے جا رہے ہیں اس سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ جیسے پروگرام وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی تشہیر کے لئے ہو ۔ یہ تاثر بہت تیزی سے عام ہوتا جا رہا ہے اور عوام ’شو‘ اور امیتابھ کے تعلق سے سوال پوچھنے لگے ہیں ۔ امیتابھ نے سال 2000میں اس شو کی میزبانی شروع کی تھی مگر اس شو کے کسی بھی ایڈیشن میں کبھی ایسا تاثر پیدا نہیں ہوا کہ وہ کسی کی تشہیر کے لئے ہے ۔ اس سال کے سوالوں میں مودی حکومت کی پالیسی، بی جے پی لیڈروں اور ہندو مذہب کے تعلق سے بہت سوال کئے جا رہے ہیں ۔ ہمیں یہاں یہ بات بھی ذہن میں رکھنی ہوگی کہ اس’ شو‘ کے اسپانسرس میں جیو ، پتانجلی اور گجرات ٹورزم بھی شامل ہیں ۔ کچھ ایسے سوالوں کی فہرست درج ذیل ہے جن کے تعلق سے لوگوں کے ذہنوں میں سوال پیدا ہو رہے ہیں ۔

  • ان اسکیموں میں کون سی حکومت کی اسکیم ہے جو خطہ افلا س سے نیچے رہنے والوں کے گھروں میں ایل پی جی کنکشن کے فروغ سے جڑی ہوئی ہے ؟
  • جولائی 2017میں نریندر مودی کس ملک جانے والے پہلے وزیر اعظم بنے؟
  • ان میں سے کون سی سرکاری اسکیم کا تعلق ایل پی جی کے فروغ سے وابستہ ہے ؟
  • ہندوستان کی کن دو ریاست کے وزیر اعلی کا پہلا نام ایک جیسا ہے ؟
  • ’ایک ٹیکس ایک ملک ‘حکومت کے کس پروگرام کی ٹیگ لائن ہے ؟
  • حکومت کے جاری کردہ نئے 200روپے کے نوٹ کے دوسری طرف کون سی تصویر ہے ؟
  • عظمی احمد کی بندوق کی نوک پرشادی ہوئی تھی ۔ وزیر خارجہ کی مدد سے اسے کس ملک سے واپس لایا گیا تھا ؟
  • یہ کس کی آواز ہے (ا) جیا پردا (ب)ہیما مالنی (سی ) جیا بچن (ڈی) اسمرتی ایرانی
  • صدر مملکت کے انتخاب سے پہلے رام ناتھ کووند کس ریاست کے گورنر تھے؟
  • کون سے موجودہ اور سابق وزیر اعلی کےنام کا سنسکرت میں مطلب ’زمین‘ ہوتا ہے؟

’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے9ویں ایڈیشن میں ویسے تو بہت سے سوال پوچھے گئے ہیں جن میں یہ بھی سوال تھا کہ جفت اور طاق کی اسکیم کس ریاستی حکومت نے لاگو کی تھی ۔ ہندو مذہب کے تعلق سے بھی کئی سوال پوچھے گئے ۔

  • کون سے بھگوان کو رام پتی، رما کانت اور رام نرائن کے نام سے جانا جاتا تھا؟
  • ہندو مذہب کے مطابق ناردکون سےموسیقی آلاء لے کر چلتے تھے؟
  • عقیدے کے مطابق ان میں سے کس کو ’’چیچک کی دیوی ‘‘ کے طور پر پہچانا جاتا ہے؟
  • سال 2017 میں تقریبات کے مطابق پہلے ہونے والے سے آخر میں ہونے والوں کی ترتیب میں بتائیں؟ (۱) دشہرا (ب) مکر سکرانتی (سی) جنم اشٹمی (ڈی) بیساکھی
  • رمائن کے مطابق تپسیا کے انعام کے طور پر برہما نے کس رشی کے لئے’ اہلیا‘ کو بنایا تھا؟

بات صرف سوالوں تک محدود نہیں ہے بلکہ ٹی وی شو کے اختمام پر بھی کچھ نیا رجحان نظر آ رہا ہے ۔ ٹی وی شو کے سابقہ پروگراموں میں اختتام پر امیتابھ کہا کرتے تھے شبھ راتری، شب بخیر اور گڈ نائٹ، اور یہ ان کی اور شو دونوں کی پہچان تھی لیکن اس 9ویں ایڈیشن میں امیتابھ پروگرام کا اختتام تین مرتبہ شبھ راتری کہہ کر کرتے ہیں ۔

اس سال شرکا ءسے فلمی اداکاروں، کرکٹر، اور سیاسی شخصیات کی آواز پہچاننے کے لئے بھی کہا گیا۔ اتفاق سے اس سال کے ابھی تک کی نشریات میں کپل شرما شو، ٹوئٹر، فیس بک اور امیتابھ بچن کی فلم پیکو کے تعلق سے بھی سوال کئے گئے ہیں۔

پروگرام کا فارمیٹ پرانا ہی ہے جس میں 15سوال پوچھے جاتے ہیں اور 1000روپے سے لے کر ایک کروڑ تک کا انعام ہے۔ 10ویں سوال کے بعد 16واںسوال پوچھا جاتا ہے جو جیک پاٹ کہلاتاہے اور اس کا انعام 7کروڑ روپے ہے۔ اس مرتبہ فون ا ینڈفرینڈ کی جگہ دوست کو ویڈیو کال کرنا شروع کیا گیا ہے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Sep 2017, 7:57 PM