’کرش 4‘ کے لیے ہو جائیے تیار، ہیروئن کے نام پر تذبذب، لیکن ویلن ہوں گے رتک روشن!

فلم ڈائریکٹر راکیش روشن اس مرتبہ کرش کی دنیا کو زیادہ خطرناک اور وسیع بنانا چاہتے ہیں، اس لیے انتہائی دلچسپ کہانی پیش کرنے والے ہیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

2003 میں فلم ’کوئی مل گیا‘ سے جو سفر شروع ہوا تھا، وہ فلم ’کرش‘ اور ’کرش 3‘ کے ذریعہ آگے بڑھتے بڑھتے اب اس موڑ پر آ گیا ہے کہ ’کرش 4‘ کا انتظار فلم شائقین کو بے صبری سے ہونے لگا ہے۔ حالانکہ ابھی فلم کی اسکرپٹنگ کا کام بھی مکمل نہیں ہوا ہے، لیکن جیسے ہی اسکرپٹ مکمل ہوتی ہے، فلم کی شوٹنگ اور پھر تھیٹر میں پہنچنے میں دیر نہیں ہوگی۔ یہی وجہ ہے کہ اسٹار کاسٹ کو لے کر بھی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔ اس میں تو کوئی شبہ نہیں کہ ہیرو ایک بار پھر رتک روشن ہی ہوں گے، لیکن ڈائریکٹر راکیش روشن نے ایک دلچسپ انکشاف یہ کیا ہے کہ اس بار ویلن بھی رتک روشن ہی ہوں گے۔

بالی ووڈ ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق راکیش روشن اس مرتبہ کرش کی دنیا کو زیادہ خطرناک اور وسیع بنانا چاہتے ہیں، اس لیے انتہائی دلچسپ کہانی پیش کرنے والے ہیں۔ کہانی کے تعلق سے ابھی تک کچھ بھی راکیش روشن نے نہیں بتایا ہے لیکن وہ اس بات کو لے کر پرجوش ہیں کہ فلم میں رتک کا مقابلہ رتک سے ہوگا۔ حالانکہ بات چیت کے دوران وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ اسکرپٹ پر ابھی کام چل رہا ہے، اس لیے فائنل کچھ بھی بتانا ممکن نہیں کہ کس طرح کے کردار پیش کیے جائیں گے۔


اس درمیان ہیروئن کے نام کو لے کر بھی کچھ خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اسپاٹ بوائے کے مطابق راکیش روشن ’کرش 4‘ کے لیے دیپکا پادوکون کو سائن کرنا چاہتے ہیں۔ حالانکہ دیپکا سے پہلے کیارا اڈوانی اور کیرتی سینن جیسی اداکاراؤں کے نام کا بھی تذکرہ پہلے ہو چکا ہے، لیکن اب تک کچھ بھی آفیشیل اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ اتنا ضرور کہا جا رہا ہے کہ کیارا اور کیرتی کو فلم میں بطور ہیروئن لیے جانے کے امکانات اب نہیں ہیں اور دیپکا پر راکیش روشن کی نظریں مرکوز ہیں۔

یہاں قابل غور ہے کہ فلم کی شوٹنگ سے پہلے ہیرو یا ہیروئن کے بارے میں بہت باتیں ہوتی ہیں، لیکن بیشتر افواہ ہی ہوتی ہے۔ اس لیے جب تک آفیشیل اعلان نہ ہو جائے، ’کرش 4‘ کی ہیروئن کے بارے میں بھی صرف اندازہ ہی لگایا جا سکتا ہے۔ گویا کہ ’کرش 4‘ میں دیپکا پادوکون کام کریں گی یا پھر کوئی دوسری اداکارہ، اس تعلق سے ابھی تذبذب کی صورت حال برقرار ہے۔ ہاں، اتنا طے ہے کہ رتک روشن ہیرو اور ویلن دونوں کردار میں نظر آئیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔