گیتا دت: جس کی آواز میں درد بھی تھا اور دلکشی بھی

گیتا دت اپنی منفرد اور درد میں ڈوبی آواز کے باعث آج بھی موسیقی کے شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں۔ 23 نومبر کو ان کے یومِ ولادت پر ان کی زندگی، فنی سفر اور لازوال نغمات کی یاد تازہ کی جا رہی ہے

<div class="paragraphs"><p>گیتا دت / آئی اے این ایس</p></div>
i

گیتا دت ہندوستانی فلمی موسیقی کی ان چند منفرد آوازوں میں شامل ہیں جن کا جادو وقت گزرنے کے ساتھ کم ہونے کے بجائے مزید گہرا ہوتا گیا۔ ان کی آواز میں ایک عجیب سی کشش، ریشمی مٹھاس اور ایسا درد تھا جو براہِ راست سننے والوں کے دلوں میں اتر جاتا تھا۔ پچاس اور ساٹھ کی دہائی میں بالی ووڈ کی موسیقی پر اپنی گائیکی کے انمٹ نقوش چھوڑنے والی گیتا دت کو آج بھی ان کے لازوال گیتوں اور منفرد اندازِ گائیکی کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔ 23 نومبر ان کا یومِ ولادت ہے۔

گیتا دت کی آواز میں سوز و گداز کی جو کیفیت تھی، وہ انہیں اپنے عہد کی دوسری گلوکاراؤں سے ممتاز کرتی تھی۔ انہوں نے جس گیت کو بھی اپنی آواز دی، اسے ایک نئی روح عطا کردی۔ یہی وجہ ہے کہ کئی دہائیاں گزر جانے کے باوجود ان کے گائے ہوئے نغمات آج بھی سامعین کو مسحور کردیتے ہیں۔ ان کی آواز میں کبھی شوخی اور چنچل پن سنائی دیتا ہے تو کبھی ایسی اداسی اور کسک محسوس ہوتی ہے جو سننے والے کو دیر تک اپنے حصار میں رکھتی ہے۔

گیتا دت کا اصل نام گیتا گھوش رائے چودھری تھا۔ وہ 23 نومبر 1930 کو مشرقی بنگال کے فرید پور میں ایک خوش حال زمیندار خاندان میں پیدا ہوئیں۔ یہ علاقہ اب بنگلہ دیش کا حصہ ہے۔ 1942 میں ان کے والدین ممبئی منتقل ہوگئے۔ گیتا کو بچپن ہی سے موسیقی سے دلچسپی تھی اور بنگالی تہذیب و ثقافت میں گیت اور موسیقی کی روایت نے بھی ان کی اس صلاحیت کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے 1946 میں فلم ’بھگت پرہلاد‘ کے لیے گلوکاری کی۔ ابتدا میں انہیں فلموں میں بھجن گانے کے مواقع ملے، لیکن جلد ہی ان کی آواز فلمی دنیا میں پہچانی جانے لگی۔ فلم ’دو بھائی‘ کا گیت ’میرا سندر سپنا بیت گیا‘ ان کی مقبولیت کا اہم سنگ میل ثابت ہوا۔ اس کے بعد فلم ’بازی‘ کے نغمات نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ ایس ڈی برمن کی موسیقی اور ساحر لدھیانوی کے لکھے ہوئے گیتوں نے اس فلم کو یادگار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ’تدبیر سے بگڑی ہوئی تقدیر بنا لے‘ آج بھی ان کے مقبول ترین گیتوں میں شمار ہوتا ہے۔


گیتا دت کی گائیکی کا ایک نمایاں پہلو یہ تھا کہ وہ مختلف کیفیات کو اپنی آواز میں بڑی خوب صورتی سے سمو دیتی تھیں۔ گرو دت کی فلم ’آر پار‘ کا گیت ’بڑے دھوکے ہیں اس راہ میں، بابو جی دھیرے چلنا‘ ان کی شوخ اور دل کش گائیکی کی بہترین مثال ہے۔ اسی طرح فلم ’پیاسا‘ کے گیت ’جانے کیا تُو نے کہی‘ اور ’آج سجن موہے انگ لگا لو‘ میں ان کی آواز کا ایک بالکل مختلف رنگ سنائی دیتا ہے۔ فلم ’صاحب بی بی اور غلام‘ کا ’نہ جاؤ سیاں چھڑا کے بیاں‘ اور ’پیا ایسا جیا میں سمایو گیو رے‘ ان کی درد بھری گائیکی کے ایسے نمونے ہیں جنہیں فراموش کرنا آسان نہیں۔ فلم ’کاغذ کے پھول‘ کا ’وقت نے کیا کیا حسین ستم‘ بھی ان کے لازوال نغمات میں شامل ہے۔

ہندی فلموں کے ساتھ گیتا دت نے بنگالی زبان میں بھی بے شمار گیت گائے۔ فلم ’جوگن‘ کے نغمات میں ان کی روح پرور آواز کا ایک منفرد رنگ نمایاں ہوتا ہے۔ ان کی گائیکی میں کلاسیکی موسیقی کی لطافت کے ساتھ جذبات کی ایسی شدت موجود تھی جو ہر طرح کے گیت کو یادگار بنا دیتی تھی۔

ان کی زندگی کا ایک اہم موڑ فلم ’بازی‘ کے دوران آیا، جب ان کی ملاقات نوجوان ہدایت کار اور اداکار گرو دت سے ہوئی۔ دونوں کے درمیان قربت بڑھی اور 23 مئی 1953 کو ان کی شادی ہوگئی۔ گیتا دت اور گرو دت کی جوڑی فلمی دنیا کی معروف جوڑیوں میں شمار ہونے لگی۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ان کی ازدواجی زندگی مشکلات کا شکار ہوگئی۔ گرو دت کی اداکارہ وحیدہ رحمان سے قربت اور گھریلو کشیدگی نے گیتا دت کو شدید ذہنی صدمے سے دوچار کیا۔

ذاتی زندگی کے ان مسائل کا اثر ان کے فنی سفر پر بھی پڑا۔ ان کے شوہر گرو دت 1964 میں انتقال کرگئے۔ اس کے بعد گیتا دت نے اپنی زندگی کے آخری برس مشکلات میں گزارے۔ انہیں شراب نوشی کی عادت اور صحت کے مسائل نے بھی گھیر لیا۔ بالآخر 20 جولائی 1972 کو جگر کے مرض کے باعث ممبئی میں ان کا انتقال ہوگیا۔ وہ محض 41 برس کی تھیں۔


گیتا دت نے اپنے مختصر فنی سفر میں جو مقام حاصل کیا، وہ غیر معمولی ہے۔ موسیقی کے ممتاز لوگوں نے بھی ان کی آواز اور گائیکی کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔ پاکستانی موسیقار خواجہ خورشید انور بھی ان کے مداحوں میں شامل تھے۔ ان کے نزدیک پاکستانی گلوکارہ ناہید نیازی کی آواز میں گیتا دت سے مشابہت تھی۔

گیتا دت کو شاید اپنی صلاحیتوں کے مکمل اظہار کے مواقع نہیں مل سکے، لیکن انہوں نے جتنا گایا، اسے اپنی لازوال آواز سے یادگار بنا دیا۔ ’میرا سندر سپنا بیت گیا‘، ’تدبیر سے بگڑی ہوئی‘، ’بڑے دھوکے ہیں اس راہ میں‘ اور ’وقت نے کیا کیا حسین ستم‘ جیسے نغمات اس بات کا ثبوت ہیں کہ حقیقی فنکار وقت کی قید سے آزاد ہوتا ہے۔ گیتا دت کی ریشمی، کھنکتی اور غم میں ڈوبی آواز آج بھی موسیقی کے شائقین کے دلوں میں زندہ ہے اور آنے والی نسلوں کو بھی اپنے سحر میں گرفتار کرتی رہے گی۔

(ان پٹ: یو این آئی)

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔