’دوستی‘ سے لے کر ’رنگ دے بسنتی‘: دوستی کے جذبہ کو نمایاں کرتی بالی ووڈ کی فلمیں

ہندی فلموں میں دوستی پر مبنی فلمیں ہٹ فارمولہ ثابت ہوئی ہیں۔ دوستی کے اسی جذبے کی بالی ووڈ کی فلموں میں بہترین ڈھنگ سے عکاسی کی گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

انسان کی زندگی میں دوستی ایک ایسا جذبہ ہے جو عمر کا متقاضی نہیں ہے۔ زندگی میں جہاں سارے رشتے منہ موڑ لیتے ہیں وہاں دوست ہی وہ شخص ہوتا ہے جو اپنے دوست کو مشکل وقت میں سہارا دیتا ہے۔ ایک دوست ہی وہ واحد شخص بھی ہوتا ہے جس سے دوسرا دوست اپنے دل کی ہر بات کرسکتا ہے۔ ہندی فلموں میں دوستی پر مبنی فلمیں ہٹ فارمولہ ثابت ہوئی ہیں۔ دوستی کے اسی جذبے کی بالی ووڈ کی فلموں میں بہترین ڈھنگ سے عکاسی کی گئی ہے۔

بالی ووڈ میں یوں تو بے شمار موضوعات پر صدیوں سے فلمیں بنتی آرہی ہیں لیکن ان موضوعات میں دوستی ایک ایسا موضوع ہے جو کبھی بھی پرانا نہیں ہوتا۔ بالی ووڈ میں دوستی کے جذبے پر بے شمار فلمیں بن چکی ہیں اور وہ کامیاب بھی رہی ہیں۔


تھری ایڈیٹس

عامر خان، آر مدھوان اور شرمن جوشی کی دوستی پر مبنی فلم تھری ایڈیٹس بھی دوستی پر مبنی سپر ہٹ فلم رہی۔ تین دوست جن کی ملاقات انجنیئرنگ کالج میں ہوتی ہے اور یہ تینوں میں دوستی کا مضبوط رشتہ قائم ہوجاتا ہے۔ تین کلاس میٹس کی اسٹوری جو مزاح، جذبات اور ڈرامے سے بھرپور ہے۔ ان تینوں دوستوں میں سے ایک انہیں چھوڑ کر اپنی زندگی میں گم ہو جاتا ہے اور کس طرح دوسرے دو دوست اس کی تلاش کرتے ہیں، اس سے واقعی یہ سبق ملتا ہے کہ اچھا دوست اگر کھو بھی جائے تو اسے ڈھونڈ ہی لینا چاہیے ۔ تھری ایڈیٹس میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ دوست ایک دوسرے کے کس طرح اور کن کن مواقع پر کام آتے ہیں۔

دوستی

بالی ووڈ کی فلم ’دوستی‘ جوکہ سال 1964 میں ریلیز ہوئی تھی، اس کا تذکرہ کیے بغیر یہ فہرست مکمل نہیں ہو سکتی۔ اس فلم کے ڈائریکٹر ستین بوس تھے اور راج شری پروڈکشنز کے تارا چند بڑجاتیا اس کے پروڈیوسر تھے۔ جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہوتا ہے کہ فلم ایک اپاہج لڑکے اور ایک نابینہ لڑکے کے بیچ دوستی کو نمایاں کرتی ہے۔ اس فلم کو سال 1964 میں 6 فلم فیئر ایوارڈوں سے نوازا گیا تھا۔ یہ فلم سنجے خان کی پہلی فلم تھی اور اس کے نغمے اتنے خوبصورت ہیں کہ وہ آج بھی گنگنائے جاتے ہیں۔


آنند

آنند ایک ڈاکٹر کی ایک ایسے مریض سے دوستی کی داستان ہے جو مرتے ہوئے مریض کی جان بچانے کے لیے حتی الامکان کوشش کرتا رہا ہے۔ ڈاکٹر اور مریض کی دوستی ہی اس فلم کا سب سے خوب صورت پہلو ہے ایک مرتا ہوا شخص آنند (راجیش کھنہ) ڈاکٹر (امیتابھ بچن) کو سکھاتا ہے کہ زندگی کس طرح خوشی سے گزاری جاسکتی ہے۔ اصل زندگی میں راجیش کھنہ اور بگ بی ایک دوسرے کے حریف سمجھے جاتے تھے، لیکن بہت جلد کاکا جی کا دور ختم اور اینگری ینگ مین کا دور شروع ہوگیا، لیکن ان تمام تنازعات سے قطع نظر آنند، ان دونوں سپراسٹارز کی یاد گار فلم تھی۔

شعلے

رمیش سپی کی فلم شعلے کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ اس فلم نے ہندی سنیما کو ایک نئے رحجان سے متعارف کرایا فلم کا سب سے مضبوط حصہ اس کا اسکرپٹ اور ڈائیلاگز تھے، جن میں امیتابھ بچن اور دھرمیندر نے جان ڈالی۔ ان دونوں اداکاروں نے ایسے گہرے دوستوں جے اور ویرو کا کردار ادا کیا کہ آج اتنے سال کے گزر جانے کے بعد بھی بچے بچے کو ویرو اور جے کے نام معلوم ہیں۔

شعلے میں کامیڈی کے ساتھ دوستی کے جذبات کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔ فلم کا ایک گانا یہ دوستی ہم نہیں توڑیں گے خود ویرو اور جے کی دوستی کی وضاحت کرتا ہے۔ ایسی دوستی کہ ایک دوست دوسرے دوست کے لئے اپنی جان کی قربان دینے سے بھی نہیں ہچکچاتا۔ امیتابھ بچن اس فلم کے آخری سین میں ایسا کام کرتے ہیں جو جے اور ویرو کی دوستی کو امر بنا دیتا ہے۔ اس فلم سے بگ بی کو اینگری ینگ مین کا خطاب بھی ملا۔


یارانہ

امیتابھ کی ایک اور کامیاب فلم یارانہ تھی، جس میں انہوں نے گاؤں کے ایک سیدھے سادھے لڑکے کا کردار ادا کیا تھا، جس کا صرف ایک ہی دوست بشن (امجد خان) ہوتا ہے جو تعلیم حاصل کرنے کے لیے شہر چلا جاتا ہے اور جب وہ تعلیم حاصل کرکے گاؤں واپس آتا ہے تو اپنے دوست وجے کو ساتھ لے جانے کی کوشش کرتا ہے۔

امجد خان ایک ایسے سچے دوست کی صورت میں سامنے آتے جو ہر حال میں اپنے دوست کی مدد کرنے اور اسے اعلی مقام پر دیکھنے کے خواہش مند ہوتے ہیں جس کے لیے وہ اپنا گھر گروی رکھ دیتے ہیں دوسری جانب امیتابھ بھی ایک ایسے سچے دوست کے کردار میں تھے کو اپنے دوست کی جمع پونجی واپس لوٹا دیتے ہیں۔ اس فلم کے ذریعے یہ پیغام بھی دیا گیا کہ ایک دوست دوسرے دوست کی زندگی میں کتنی زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

ساجن

مادھوری دکشت، سنجے دت اور سلمان خان کی بہترین میوزیکل فلم ’ساجن‘ کے گانے آج بھی فلم بینوں کو مسحور کردیتے ہیں۔ فلم کا موضوع یوں تو محنت کی سہ رخی کہانی تھا لیکن اس میں بچپن کی دوستی کو بھی نمایاں کیا گیا تھا۔ کہانی کے مطابق سلمان اور سنجے دونوں بچپن کے بہترین دوست ہیں اور ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔ مشکل اس وقت پیش آتی ہے جب ان دونوں کو ایک ہی لڑکی یعنی مادھوری سے محبت ہوجاتی ہے۔ یہ فلم اپنی خوشیوں کو دوست کی خوشی پر قربان کر دینا سکھاتی ہے۔


دل چاہتا ہے

فلم دل چاہتا ہے، تین دوستوں آکاش، سدھ اور سمیر کی دوستی پر مشتمل ہے یہ فلم عامر خان، اکشے کھنہ اور سیف علی خان کی دوست کی کہانی ہے۔ دل چاہتا ہے میں واضح پیغام یہ تھا کہ دوستی کو کس طرح نبھایا جاتا ہے۔ دوست کی غلطیوں کو بھول کر کیسے اسے گلے لگایا جاتا اور معاف کیا جاتا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ دوست کے لیے ہر حال میں اپنے دوست کی سچی خواہش کا احترام کرنا لازمی ہے۔

2000 میں ریلیز ہونے والی فلم دل چاہتا ہے کی کہانی اور فلم کے ڈائریکشن فرحان اختر تھے۔ یہ فلم سپر ہٹ ثابت ہوئی اور اس فلم ہی سے ٹرائی اینگل فرینڈ شپ کے موضوع کا آغاز ہوا۔ دل چاہتا ہے کو عامر خان اپنے کیریر کی بہترین فلم مانتے ہیں۔

منا بھائی ایم بی بی ایس

سنجے دت کے کیریر کی سب سے اہم فلم منا بھائی ایم بی بی ایس نے شاید ان کے ختم ہوتے ہوئے کیریر کو پھر سے زندہ کر دیا۔ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اس فلم کے مرکزی کردار کے لیے پروڈیوسر ونود چوپڑہ کی پہلی پسند شاہ رخ خان تھے، متبادل کے طور پر یہ کردار سنجے دت کو آفر کیا گیا۔ سرکٹ کے رول کے لیے پہلی پسند ارشد وارثی ہی تھے۔ منابھائی ایم بی بی ایس میں سرکٹ اور منا کی دوستی سلور اسکرین پر پیش کی گئی۔ فلم میں دونوں دوست ہر حالت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔ اچھا دوست وہی ہوتا ہے جو مشکل کی گھڑی میں اپنے دوست کو تنہا نہ چھوڑے۔ یہ فلم اتنی کامیاب ہوئی کہ پروڈیوسر نے اس کا سیکوئل لگے رہو منا بھائی کے نام سے بنایا۔ یہ بھی فلم کامیابی سے ہمکنار ہوئی تھی۔


راک آن

فرحان اختر، ارجن رام پال، پورب کوہلی اور لیوک کینے جیسے کرداروں والی فلم راک آن چار دوستوں کی کہانی ہے جو نئی جنریشن کے لیے بہترین فلم ثابت ہوئی۔ ان چاروں دوستوں کا ایک ہی مقصد میوزک میں اپنی شناخت قائم کرنا ہوتا ہے ۔ اس کے لیے وہ زندگی میں مشکلات اور مسائل سے کس طرح نبرد آزما ہوتے ہیں۔

اس فلم میں یہ دکھایا گیا کہ کس طرح سچے دوست اپنا مقصد حاصل کرنے کے لیے متحد رہتے ہیں اور غلطی سے بھی ایک دوسرے کا ساتھ چھوڑنے کے بارے میں نہیں سوچتے۔ اس فلم میں فرحان اختر کی بہترین پرفارمینس پر انہیں کئی ایوارڈ دیئے گئے۔ انہوں نے ثابت کیا کہ وہ نہ صرف اچھے ڈائریکٹر ہی نہیں بلکہ بہترین اداکار بھی ہیں۔

رنگ دے بسنتی

عامر خان، شرمن جوشی، آر مدھوان، سوہا علی خان، سدھارتھ اور کنال کپور پر مشتمل فلم رنگ دے بسنتی کا شمارعامرخان کی کامیاب فلموں میں ہوتا ہے۔ اس فلم کے حصے میں کئی بڑے ایوارڈ آئے۔


زندگی نہ ملے گی دوبارہ

فرحان اختر کے بعد جاوید اختر کی ہو نہار بیٹی زویا اختر کی ڈائریکٹر کے طور پر پہلی فلم ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ تھی۔ اس فلم کی شوٹنگ اسپین میں کی گئی تھی۔ زویا کی اس فلم میں پہلی بار پانی کے نیچے سین عکس بند کیے گئے تھے۔ یہ فلم سپرہٹ ثابت ہوئی تھی اور اس کامیابی پر امیتابھ بچن نے اتنی خوب صورت فلم بنانے پر زویا کو ایک بہت بڑا گل دستہ بھجوایا تھا۔ اس فلم کی کہانی بھی تین دوستوں ریتک روشن، فرحان اختر اور ابھے دیول کی دوستی کے گرد گھومتی ہے۔ تین ایسے دوست جو طویل عرصے کے بعد دوبارہ یوروپ کے دورے کے دوران ملتے ہیں۔ یہ فلم زندگی کے دو بڑے رشتوں دوستی اور محبت کے بارے میں بہت کچھ بتاتی ہے۔

کچھ کچھ ہوتا ہے

کرن جوہر کی بہترین فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کئی اعتبار سے یادگار فلم ہے۔ اس فلم میں شاہ رخ خان، کاجول اور رانی مکرجی اہم کرداروں میں ہیں جبکہ سلمان خان نے گیسٹ رول ادا کیا تھا۔ اس فلم میں راہل (شاہ رخ) اور انجلی (کاجول) کی سچی اور گہری دوستی کو دکھایا گیا ہے۔ فلم میں انجلی نے ایک ایسی دوست کا کردار کیا جو اپنی محبت کو اپنی دوستی پر قربان کردیتی ہے۔ بلاشبہ کاجول نے اس فلم میں اپنے کیریر کا یادگار کردار ادا کیا تھا۔


ویک اپ سِڈ

رنبیر کپور اور کون کوناسین کی فلم ویک اپ سڈ رنبیر کے کیریر کی ایک بہترین فلم تھی۔ اس فلم میں سد اور آئشہ کی دوستی اہم موضوع تھی۔ یہ کردار بالترتیب رنبیر اور کونکنا نے ادا کیے تھے۔ آئشہ کی دوستی کس طرح سد کو ایک ذمے دار اور فرض شناس انسان بناتی ہے، یہی اس فلم کی بنیادی کہانی تھی۔ یہ فلم سیمی کمرشیل تھی۔ اس لیے باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہ ہو سکی۔

اس کے علاوہ، بالی ووڈ میں دوستی کے رشتے پر بے شمار فلمیں بنیں ہیں ان میں دوستانہ، مقدر کا سکندر، دوستی، خود غرض، ایمان دھرم، شان، سہاگ، سوداگر، چشم بد دور جیسی فلمیں قابل ذکر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */