سلمان کا اعلان... مجھے لڑکی مل گئی

بالی ووڈ میں گزشتہ ہفتہ کئی ایسی خبریں گشت کر رہی تھیں جو دلچسپ بھی ہیں اور قابل مطالعہ بھی۔ چند دلچسپ خبریں ’قومی آواز‘ کے قارئین کے لیے یہاں پیش کی جا رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جی ہاں، سلمان بہت دنوں سے ایک لڑکی کی تلاش کر رہے تھے اور بالآخر انھیں ایک لڑکی پسند آ ہی گئی۔ لڑکی ملنے کا اعلان انھوں نے اپنے ٹوئٹر پر جیسے ہی کیا، ان کے شیدائیوں کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں رہا۔ ٹوئٹ کے چند منٹ کے اندر ہی سلمان کے چاہنے والوں نے اسے ہزاروں کی تعداد میں ری ٹوئٹ کر دیا۔ لیکن ٹھہریے... انھوں نے 5 فروری کے اپنے ٹوئٹ میں صرف اتنا لکھا کہ ’’مجھے لڑکی مل گئی‘‘۔ یعنی سلمان خان نے جتنا بتایا اس سے کہیں زیادہ چھپا لیا۔

اب ان کے شیدائی تذبذب میں پڑ گئے کہ انھوں نے اپنے لائف پارٹنر کے ملنے کی خبر دی ہے یا کسی فلم کی ہیروئن ملنے کی۔ کہا جائے تو ’دبنگ خان‘ نے سب کو پوری طرح ’کنفیوژ‘ کر دیا۔ وہ تو بھلا ہو کہ اگلے دن انھوں نے دوبارہ ٹوئٹ کر کے انکشاف کیا کہ انھیں آیوش شرما کی فلم ’لَو راتری‘ کے لیے ہیروئن مل گئی ہے جس کا نام ورینا ہے۔

کرنی سینا کی ’ایسی کی تیسی‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
فلم ’منی کرنیکا‘ کے پوسٹر میں رانی لکشمی بائی بنی کنگنا راناوت

فلم ’پدماوت‘ معاملے میں عدالت سے منھ کی کھانے کے بعد بھی کرنی سینا کو ہوش نہیں آیا ہے۔ اب اس نے کنگنا راناوت کی فلم ’منی کرنیکا‘ کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ الزام وہی لگایا گیا ہے جو ’پدماوت‘ پرعائد کیا گیا تھا، یعنی تاریخ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ۔ ’پدماوت‘ میں پدماوتی اور خلجی کے معاشقے کو وقار کا مسئلہ بنایا گیا تھا اور اب جھانسی کی رانی لکشمی بائی اور انگریز افسر کے معاشقے کو وقار کا مسئلہ بنایا جا رہا ہے۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ’منی کرنیکا‘ میں رانی لکشمی بائی کا کسی انگریز افسر کے ساتھ معاشقہ دکھایا ہی نہیں گیا ہے اور یہ بات فلم کی ہیروئن کنگنا راناوت نے خود 8 فروری کو بتائی۔ وہ تو حیران ہیں کہ آخر اس طرح کی افواہ لوگ کیوں پھیلا رہے ہیں۔ کنگنا کی وضاحت کے بعد بھی کرنی سینا کا ہنگامہ جاری ہے۔ لیکن اب اس کے ساتھ کم ہی لوگ کھڑے نظر آ رہے ہیں۔ سب یہی کہتے پھر رہے ہیں کہ ’کرنی سینا کی ایسی کی تیسی‘۔ آخر کوئی جھوٹ کا کب تک ساتھ دے گا۔ ویسے بھی ’پدماوت‘ ریلیز ہونے کے بعد کرنی سینا کے جھوٹ کا پلندہ پھٹ چکا ہے۔

جانوی کے لیے ایشان چھت سے کودے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
پہلی منزل سے چھلانگ لگاتے ہوئے ایشان کھٹر

فلموں میں ہیروئن کے لیے ہیرو کو چھت سے چھلانگ لگاتے ہوئے تو آپ نے بارہا دیکھا ہوگا لیکن شری دیوی کی بیٹی جانوی کپور کے لیے شاہد کپور کے چھوٹے بھائی ایشان کھٹر نے حقیقت میں چھت سے چھلانگ لگا دیا۔ یہ دیکھ کر جانوی حیران رہ گئی اور ایشان اپنے مقصد میں کامیاب۔ دراصل 8 فروری کی صبح جب جانوی اور ایشان ورزش کے بعد جِم سے باہر نکل رہے تھے تو دونوں نے کار کے پاس پہلے پہنچنے کی کوشش کی۔ اور پھر کیا تھا... ایشان پہلی منزل سے کود پڑے اور کار تک پہنچ گئے۔ اس طرح ایشان نے کار تک پہنچنے کی ریس بھی جیتی اور جانوی کا دل بھی... اب یہ تو آپ کو معلوم ہی ہوگا کہ ان دونوں کی فلم ’دھڑک‘ بہت جلد ریلیز ہونے والی ہے اور دونوں کے معاشقے کی خبریں بھی بالی ووڈ کی گلیوں میں خوب گشت کر رہی ہیں۔ لیکن ایشان کو ان سب کی کوئی پروا نہیں، وہ اپنی ہیروئن کو متاثر کرنے کا کوئی موقع نہیں گنوانا چاہتے... دنیا جلتی ہے تو جلنے دے۔

اجے دیوگن کی ’بیوی‘ مارچ میں کریں گی شادی!

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
اجے دیوگن کے ساتھ شریا سرن

گھبرائیے نہیں... اجے دیوگن اور کاجول کے درمیان سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔ یہاں تو بات ہو رہی ہے اجے دیوگن کی آن اسکرین بیوی شریا سرن کی جو بہت جلد اپنے روسی بوائے فرینڈ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی ہیں۔ فلم ’درشیم‘ میں اجے دیوگن کی شریک حیات بننے والی شریا 35 سال کی ہیں اور فلمی گلیاروں میں گشت کر رہی خبروں کے مطابق گزشتہ دنوں وہ اپنے بوائے فرینڈ کے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے روس بھی گئی تھیں۔ اتنا ہی نہیں، خبر تو یہ بھی ہے کہ یہ شادی آئندہ مہینہ یعنی مارچ میں راجستھان میں ہوگی۔ گویا کہ شریا سرن نے ’ڈیسٹنیشن ویڈنگ‘ کا منصوبہ بنایا ہے۔ اب دیکھنے والی بات تو یہ ہے کہ جنوب کی فلموں کی سپر اسٹار شریا نے اپنے مصروف اوقات میں سے اپنی شادی کے لیے کون سی تاریخ طے کی ہے۔

’پری‘ نہیں یہ بھوتنی ہے...

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
فلم ’پری‘ کا پوسٹر

وراٹ کوہلی سے شادی کے بعد انوشکا شرما کی پہلی فلم ’پری‘ ریلیز کے لیے تیار ہے لیکن یہ کہانی کسی پری کی نہیں، بھوتنی کی ہے... یہ ایک خوفناک کہانی ہے جسے دیکھ کر خلجی بھی ڈر سے کانپ گئے ہیں۔ آپ سمجھ ہی گئے ہوں گے کہ یہاں کس کی بات ہو رہی ہے... جی ہاں رنویر سنگھ کی۔ دراصل انوشکا شرما نے 6 فروری کو فلم ’پری‘ کا ٹیزر ٹوئٹ کیا جو انتہائی ڈراؤنا ہے۔ اس ٹوئٹ پر ہزاروں کمنٹ ہوئے ہیں جس میں لوگوں نے اپنے ڈر کا الگ الگ طرح سے اظہار کیا ہے اور رنویر نے تو دو مرتبہ کمنٹ کیا ہے اور دونوں بار لکھا ہے ’’ارے باپ رے‘‘۔ رنویر نے اس کمنٹ کے ساتھ ایک ڈراؤنی اموجی بھی چپکائی ہے۔ اب دلیر خلجی کا کردار نبھانے والے رنویر کی یہ حالت ہے تو عام فلم ناظرین کا اللہ ہی حافظ ہے۔ فلم ناظرین کا تو چھوڑیے... وراٹ کوہلی کی کیا حالت ہوگی، یہ بھی قابل دید۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Feb 2018, 4:30 PM