کرن جوہر اور کاجول ایک بار پھر ساتھ ساتھ ہیں...

بالی ووڈ کے گلیاروں میں گزشتہ ہفتہ ہوئی سرگرمیوں پر مبنی دلچسپ اور قابل مطالعہ خبریں ’قومی آواز‘ کے قارئین کے لیے یہاں پیش کی جا رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

فلم ’اے دل ہے مشکل‘ اور ’شیوائے‘ کی ریلیز کے وقت یعنی 2016 میں کرن جوہر و کاجول کے درمیان جو حملہ اور جوابی حملہ ہوا تھا اس نے سب سے زیادہ تکلیف فلم ناظرین کو پہنچائی تھی کیونکہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’کبھی خوشی کبھی غم‘ اور ’مائی نیم اِز خان‘ جیسی فلم انھیں دوبارہ دیکھنے کو نہ ملے۔ لیکن کرن اور کاجول نے ایک دوسرے کے خلاف اتنا بولا کہ فلم شیدائی سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔ لیکن کہا جاتا ہے کہ وقت ہر زخم کو بھر دیتا ہے۔ اسی طرح ایک بار پھر کرن جوہر اور کاجول کی قربت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ان دونوں کے چاہنے والوں کے لیے یہ کسی خوشخبری سے کم نہیں کہ کرن جوہر کی ماں ہیرو جوہر کے 75ویں یومِ پیدائش پر کاجول نے کرن کے ساتھ اچھا وقت گزارا۔ کرن نے تو اس تقریب کی ایک تصویر کے ساتھ ’پریوار جیسے دوست‘ کا عنوان بھی لگایا جس میں نرنجن اینگر، کرینہ کپور خان، منیش ملہوترا اور کاجول ساتھ میں ہیں۔ خوشی کی بات یہ بھی ہے کہ کاجول بالکل کرن جوہر کے بغل میں ہیں۔ گویا کہ ہیرو جوہر کے یومِ پیدائش کی تقریب کرن اور کاجول کے چاہنے والوں کے لیے بھی بھرپور خوشی کا موقع لے کر سامنے آیا ہے۔ اب یہ امید کی جا سکتی ہے کہ بہت جلد دونوں ساتھ میں کام بھی کر سکتے ہیں۔

عامر کے خلاف اٹھی آواز تو جاوید اختر نے لگائی پھٹکار

——————————————————

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
جاوید اختر (دائیں) اور کرشن کی شکل میں عامر خان (بائیں)

’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ میں مصروف عامر خان اپنا کام مکمل کرنے کے بعد فلم ’مہابھارت‘ کی شوٹنگ شروع کریں گے۔ یہ جانکاری ٹریڈ اینالسٹ رمیشا بالا نے ٹوئٹ کے ذریعہ دی۔ لیکن اس پر ایک ٹوئٹر یوزر نے عامر کے خلاف محاذ کھول دیا۔ اس نے سوال کر دیا کہ ’’مسلم عامر خان کو کیوں ہندو کے سب سے قدیم اور پاکیزہ رزمیہ داستان مہابھارت میں کردار نبھانا چاہیے؟ کیوں نریندر مودی کی بی جے پی حکومت کانگریس کی طرح ہی بننے جا رہی ہے جو سیکولرزم کے نام پر کھڑی رہتی ہے؟ کیا مسلمان کسی ہندو کو محمد صاحب کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کرنے دیں گے؟‘‘

عامر کے خلاف اٹھنے والی اس آواز پر بالی ووڈ کی مشہور ہستی جاوید اختر برہم ہو گئے اور فرینکوئس گوٹیئر نامی اس ٹوئٹر یوزر کو پھٹکار لگاتے ہوئے لکھا کہ ’’لُچّا کہیں کا! کیا تم نے اس عظیم رزمیہ داستان پر فرانس میں پیٹر بروکس کے پروڈکشن کو نہیں دیکھا ہے؟ میں یہ جاننا چاہوں گا کہ تمھیں ہمارے ملک میں زہریلے نظریات پھیلانے کے لیے کون سی بیرون ملکی ایجنسی پیسے دیتی ہے؟‘‘ جاوید اختر کی اس پھٹکار سے تنگ ذہن لوگوں کے عقل ضرور ٹھکانے لگے ہوں گے، اور یقیناً عامر خان کو بھی سکون ملا ہوگا کہ اس معاملے میں انھیں کچھ بولنے کی ضرورت نہیں پڑی۔

ریاضی نے رِتک کو بھی پریشان کیا

——————————————————

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
فلم ’سپر 30‘ میں رِتک روشن

گزشتہ بدھ کو 12ویں کلاس (سی بی ایس ای) کا امتحان تھا جس کے بعد رِتک روشن نے ایک ٹوئٹ کیا جس میں لکھا کہ ’’میں نے سنا ہے کہ آج سی بی ایس ای کا حساب کا پیپر گزشتہ سالوں کے مقابلے آسان تھا۔ اس کے لیے بورڈ کو تھری چیئرس۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’ریاضی میرے طالب علمی کے زمانے میں سب سے ڈراؤنا سبجیکٹ تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ میں اس وقت ریاضی کے استاد کا کردار نبھاتے ہوئے مزیدار وقت گزار رہا ہوں۔‘‘

دراصل رِتک روشن شہرت یافتہ ریاضی داں آنند کمار پر مبنی فلم ’سپر 30‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور جب بارہویں درجہ کے حساب کا امتحان ہوا تو انھیں اپنا زمانۂ طالب علمی یاد آ گیا جب وہ اس سبجیکٹ سے خوف کھایا کرتے تھے۔ لیکن رتک کے ٹوئٹ کے بعد ریاضی سے خوف کھانے والے بچے یہ جان کر ضرور خوش ہو رہے ہوں گے کہ بالی ووڈ کا سپر اسٹار رِتک روشن بھی ریاضی سے گھبراتے تھے۔

راجپوت سے گھبرا گئے راج کمار!

——————————————————

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
بالی ووڈ اداکار راج کمار راؤ (دائیں) اور سوشانت سنگھ راجپوت (بائیں)

سوشانت سنگھ راجپوت اور راج کمار راؤ نے بالی ووڈ میں اپنی بہترین اداکاری سے کم وقت میں اچھا مقام بنا لیا ہے۔ ان دونوں نے ’کائے پو چھے‘ فلم میں ساتھ کام کیا تھا اور خوب تعریفیں بٹوری تھیں۔ لیکن اس کے بعد ان کی کوئی فلم نہیں آئی اور اب جب کہ نتیش تیواری کی فلم میں دونوں کے ایک ساتھ کام کرنا طے ہوا تو، اچانک راج کمار راؤ کے ذریعہ فلم نہ کرنے کی خبر سامنے آ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ راج کمار سوشانت سنگھ راجپوت سے گھبرا گئے کیونکہ انھیں فلم میں زیادہ اچھا کردار دیا جا رہا تھا۔ لیکن راج کمار راؤ کا کہنا ہے کہ وہ سوشانت کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں لیکن ’کائے پو چھے‘ کے بعد ایسا کوئی آفر ہی نہیں ملا۔ اب پتہ نہیں راج کمار راؤ کسے بے وقوف بنا رہے ہیں۔ شاید انھیں معلوم نہیں کہ جس طرح عشق اور مشک چھپائے نہیں چھپتے، اسی طرح بالی ووڈ کی خبریں بھی زیادہ دنوں تک چھپی نہیں رہ سکتیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Mar 2018, 6:02 PM