جانی واکر اور ان کی مزاحیہ اداکاری کو فراموش نہیں کیا جا سکتا... برتھ ڈے اسپیشل

بالی ووڈ میں اپنے مخصوص انداز اور آواز سے ناظرین کے درمیان ایک الگ شناخت بنانے والے مزاحیہ اداکار جانی واکر نے بس کنڈکٹر سے اداکار بننے کے درمیان کافی جدوجہد کی اور اس کا ثمرہ انھیں آخر مل ہی گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جانی واکر کی پیدائش مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں 11نومبر1920کو ایک متوسط مسلم خاندان میں ہوئی تھی۔ ان کا حقیقی نام بد ر الدین جمال الدین قاضی عرف جانی تھا۔ انہیں بچپن سے ہی اداکار بننے کا شوق تھا ۔ 1942میں ان کا خاندان ممبئی آ گیا ۔ یہاں ان کے والد کے ایک دوست پولس انسپکٹر تھے جن کی سفارش پر انہیں بس کنڈکٹر کی نوکری مل گئی۔یہ نوکری پاکروہ کافی خوش ہوگئے کیوں کہ انہیں مفت میں ہی پوری ممبئی گھومنے کا موقع مل گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہیں ممبئی کے فلم اسٹوڈیو میں بھی جانے کا موقع مل گیا تھا۔ ان کا بس کنڈکٹری کرنے کا انداز بھی کافی دلچسپ تھا۔ وہ اپنے خاص انداز میں آ واز لگاتے ’’ماہم والے پسنجر اتر نے کو ریڈی ہوجاؤ لیڈیز لوگ پہلے‘‘۔اسی دوران ان کی ملاقات فلمی دنیا کے مشہور ویلین این اے انصاری اور کے آ صف کے سکریٹری رفیق سے ہوئی۔

تقریباً 7۔8 مہینے کی جدوجہد کے بعد جانی واکر کو فلم ’’ آ خری پیمانے‘‘ میں ایک چھوٹا سا رول ملا۔ اس فلم میں بطور اجرت انہیں 80روپئے ملے جبکہ بطور بس کنڈکٹر انہیں پورے مہینے کے لئے صرف 26روپئے ہی ملا کرتے تھے۔

ایک روز جانی واکر کی ملاقات اپنے زمانے کےممتاز اداکار بلراج ساہنی سے ہوئی جو ان کی بس میں سفر کر رہے تھے۔ وہ جانی واکر کے ہنسی مذاق اور دلچسپ انداز سے کافی متاثر ہوئے اور انہیں گرودت سے ملنے کی صلاح دی جو ان دنوں فلم ’بازی‘ بنارہے تھے۔گرودت نے جانی واکر کی صلاحیت سے خوش ہوکر اپنی فلم میں کام کرنے کا موقع دیا۔

جانی واکر اور ان کی مزاحیہ اداکاری کو فراموش نہیں کیا جا سکتا... برتھ ڈے اسپیشل

سال 1951میں ریلیز فلم ’بازی ‘کے بعد جانی واکر بطور مزاحیہ اداکار اپنی شناخت بنانے میں کامیاب رہے اور گرودت کے پسندیدہ اداکاروں میں شامل ہوگئے۔ اس کے بعد انہوں نے گرودت کی کئی فلموں میں کام کیا جن میں آر پار، مسٹر اینڈ مسز 55،پیاسہ، چودھویں کا چاند، کاغذ کے پھول جیسی سپر ہٹ فلمیں شامل ہیں۔

نوکیتن کے بینر تلے بنی فلم ٹیکسی ڈرائیور میں جانی واکر کے کردار کا نام مستانہ‘تھا۔کئی دوستوں نے انہیں اپنا فلمی نام مستانہ رکھنے کی صلاح دی لیکن جانی واکر کو یہ نام پسند نہیں آیا اور انہوں نے اس زمانے کی مشہور ’شراب جانی واکر‘ کے نام پر اپنا نام جانی واکر رکھ لیا۔

فلم کی کامیابی کے بعد گرودت نے خوش ہوکر انہیں تحفے میں ایک کار دی۔ گرودت کی فلموں کے علاوہ جانی واکر نے ٹیکسی ڈرائیور، دیو داس، نیا انداز،چوری چوری، مدھومتی، مغل اعظم، میرے محبوب،بہو بیگم، میرے حضور جیسی کئی سپر ہٹ فلموں میں اپنی مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کے دلوں کو مسحور کردیا ۔

جانی واکر اور ان کی مزاحیہ اداکاری کو فراموش نہیں کیا جا سکتا... برتھ ڈے اسپیشل

جانی واکر کی شہرت کی ایک خاص وجہ یہ بھی تھی کہ ان کی ہر فلم میں ایک یا دو نغمے ان پر ضرور فلمائے جاتے تھے۔ 1956میں گرودت کی فلم سی ا ئی ڈی میں ان پر فلمایا نغمہ ’ اے دل ہے مشکل جینا یہاں،ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے یہ ہے ممبئی میری جاں‘ نے پورے ملک میں دھوم مچا دی تھی۔ اس کے بعد ہر فلم میں ان پر ایک نغمہ ضرور پیش کیا جا تا تھا یہاں تک کہ اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے فائننسر اور پروڈیوسر کی بھی یہ شرط رہتی تھی کہ فلم میں جانی واکر پر ایک گیت ضرور ہونا چاہئے۔

ان پر فلمائے نغمے فلم نیا دور کا ’’ میں بمبئی کا بابو‘‘ مدھومتی کا ’’جنگل میں مور ناچا کس نے دیکھا‘‘ فلم مسٹر اینڈ مسز 55 کا ’’ جانے کہاں میرا جگر گیا جی‘‘ فلم پیاسہ کا ’’سر جو تیرا چکرائے یا دل ڈوبا جائے‘‘ فلم چودھویں کا چاند کا نغمہ ’’میرا یار بنا ہے دولہا ‘‘ بھی ناظرین میں کافی مقبول ہوئے ۔جانی واکر پر فلمائے زیادہ تر نغمے محمد رفیع کی آ واز میں ہیں لیکن فلم ’بات ایک رات کی‘ میں ان پر فلمایا نغمہ ’’کس نے چلمن سے مارا نظارہ مجھے‘‘ میں منا ڈے نے اپنی آ واز دی تھی۔

جانی واکر نے تقریبا12۔10فلموں میں بطور ہیرو بھی کام کیا ہے ۔بطور ہیرو ان کی پہلی فلم پیسہ یہ پیسہ‘ تھی جس میں انہوں نے تین مختلف کردار نبھائے تھے۔ اس کے بعد ان کے نام پر فلم ڈائرکٹر وید موہن نے 1967میں جانی واکر‘ بنائی تھی۔

جانی واکر اور ان کی مزاحیہ اداکاری کو فراموش نہیں کیا جا سکتا... برتھ ڈے اسپیشل

سال1958 میں منظر عام پر آئی فلم مدھو متی کے ایک منظر میں وہ درخت پر الٹا لٹک کر بتاتے ہیں کہ دنیا ہی الٹ گئی ہے جسے ناظرین آج تک نہیں بھولے ہیں۔اس فلم کے لئے انہیں سب سے بہترین معاون اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔اس کے علاوہ 1968میں ریلیز فلم شکار کے لئےانہیں بہترین مزاحیہ اداکار کے فلم فیئر ایوار ڈ سے نوازا گیا۔

70 کی دہائی میں جانی واکر نے فلموں میں کام کرنا بہت کم کر دیا تھا کیوں کہ ان کا خیال تھا کہ فلم میں کامیڈی کی سطح میں کافی گراوٹ آ گئی ہے۔ اسی دوران رشی کیش مکھرجی کی فلم’آنند‘ میں انہوں نے ایک چھوٹا سا رول نبھایا جس کے ایک منظر میں وہ راجیش کھنہ کو زندگی کا ایک ایسا سبق دیتے ہیں جس سے ناظرین ہنستے ہنستے سنجیدہ ہوجاتے ہیں۔

جانی واکر اور ان کی مزاحیہ اداکاری کو فراموش نہیں کیا جا سکتا... برتھ ڈے اسپیشل

.1986میں اپنے بیٹے کو فلم انڈسٹری میں لانچ کرانے کے لئے انہوں نے فلم’’پہنچے ہوئے لوگ‘‘ بنائی جس کے ہدایت کار اور پروڈیوسر بھی وہی تھے لیکن باکس ا فس پر یہ فلم بری طرح ناکام ثابت ہوئی۔ اس درمیان انہیں کئی فلموں میں اداکاری کرنے کے آ فر ملے لیکن جانی واکر نے کام کرنے سے انکار کر دیا ۔بعد میں گلزار اور کمل حسن کے بہت زور دینے پر 1998میں فلم ’چاچی 420‘ میں انہوں نے ایک چھوٹا سا رول نبھایا جسے ناظرین نے کافی سراہا۔

جانی واکر نے تقریباً پانچ دہائیوں پر مشتمل اپنے طویل فلمی کیریئر میں 300 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ اپنے خاص اور دلفریب انداز سےناظرین کو مسحور کرنے والے اس عظیم مزاحیہ اداکار نے29جولائی 2003کو اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Nov 2018, 11:09 AM