اکشے کمار کی فلم ’سمراٹ پرتھویراج‘ باکس آفس پر ڈھیر، 100 کروڑ کا کاروبار بھی ممکن نہیں

اکشے کمار کی فلم سمراٹ پرتھویراج کا بجٹ 200 کروڑ ہے لیکن جس طرح سے فلم باکس آفس پر ڈھیر ہوئی ہے، اسے دیکھ کر خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ فلم 100 کروڑ کا بزنس بھی نہیں کر پائے گی

فلم پوسٹر
فلم پوسٹر
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: اکشے کمار کی وار ڈرامہ فلم ’سمراٹ پرتھویراج‘ نے باکس آفس پر گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔ زبردست پروموشن کے بعد بھی یہ فلم شائقین کو سینما گھروں تک کھینچنے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق فلم کے زیادہ تر شوز منسوخ کیے جا رہے ہیں۔ باکس آفس پر فلم اس قدر فلاپ ہو چکی ہے اس کا 100 کروڑ کا کاروبار کر پانا بھی ناممکن نظر آ رہا ہے۔

سمراٹ پرتھوی راج کی کمائی مایوس کن ہے اور فلم نے شائقین کو بھی مایوس کیا ہے۔ امید کی جا رہی تھی کہ فلم کے کلیکشن میں شاید ویک اینڈ پر کچھ بہتری آئے گی لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ اتوار کو بھی فلم کا بزنس بہت خراب رہا۔ ابتدائی رجحانات کے مطابق فلم نے ریلیز کے 10 ویں دن یعنی 12 جون کو صرف 3.15 کروڑ کا ہی بزنس کیا۔ اس کے ساتھ ہی فلم کی اب تک کل کمائی 62.30 کروڑ روپے ہو پائی ہے۔


رپورٹ کے مطابق اکشے کمار کی فلم سمراٹ پرتھویراج کا بجٹ 200 کروڑ ہے لیکن جس طرح سے فلم نے باکس آفس پر انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اسے دیکھ کر خیال کیا جا رہا ہے کہ اکشے کی فلم 100 کروڑ کا بزنس بھی نہیں کر پائے گی۔ فلم کی خراب کمائی کو دیکھ کر قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ فلم 65 کروڑ تک ہی محدود رہ جائے گی۔

اکشے کمار کے مداح بھی مایوس ہیں کیونکہ کھلاڑی کمار کی یہ بیک ٹو بیک دوسری فلاپ فلم بن گئی ہے۔ اس سے قبل اکشے کی بچن پانڈے کو بھی ناظرین نے مسترد کر دیا تھا۔ اکشے کی دو فلموں کا باکس آفس پر بیک ٹو بیک ڈھیر ہونا واقعی حیران کن ہے۔ بیوٹی کوئین مانوشی چھلر نے اکشے کمار کی فلم سے ڈیبیو کیا ہے لیکن افسوس ان کی پہلی ہی فلم شائقین کا دل جیتنے میں ناکام رہی۔ اب اس فلم سے کسی طرح کی امید رکھنا بے معنی ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔