پی ایم مودی کے بعد اکشے کمار کے جھوٹ سے بھی اٹھا پردہ

بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ 7 سال سے کناڈا نہیں گئے، لیکن ایک ٹوئٹر یوزر نے کچھ اسکرین شاٹ شیئر کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ پانچ سال پہلے کناڈا گئے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پی ایم نریندر مودی کے ذریعہ بولے گئے کئی جھوٹے بیانات کا اکثر پردہ فاش ہوتا رہا ہے اور بی جے پی لیڈروں کے لگاتار بولے جا رہے جھوٹ نے تو جیسے پارٹی پر ہی ’جھوٹا‘ ہونے کا داغ لگا دیا ہے۔ اس درمیان پی ایم نریندر مودی کا ’غیر سیاسی‘ انٹرویو لینے والے بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کے ایک جھوٹ سے بھی پردہ اٹھ گیا ہے۔ دراصل اکشے کمار نے جب پی ایم نریندر مودی کا انٹرویو لیا تو وہ غیر سیاسی ضرور تھا لیکن اس کے باوجود سیاسی سطح پر اس کا اثر کسی نہ کسی طرح دیکھنے کو ملا۔ پھر حالات کچھ ایسے پیدا ہو گئے کہ اکشے کمار کی شہریت پر سوال اٹھنے لگے اور کہا جانے لگا کہ ان کے پاس کناڈا کا پاسپورٹ موجود ہے۔ اسی کے جواب میں اکشے کمار نے جو صفائی دی، وہ اب جھوٹی ثابت ہو گئی ہے۔

اکثر حب الوطنی پر مبنی فلموں میں نظر آنے والے اکشے کمار اس وقت نشانے پر آ گئے تھے جب انھوں نے لوک سبھا الیکشن کے دوران ممبئی میں ہوئی ووٹنگ کا حصہ نہیں بنے۔ خود کو حب الوطن ظاہر کرنے والے اور دوسروں سے ووٹ کے حق کا استعمال کرنے کی گزارش کرنے والے اکشے کمار نے جب خود ہی ووٹ نہیں دیا تو سوال ہونا ہی تھا۔ اور جب سوال کیا گیا تو انھوں نے رپورٹر سے ’چلیے آگے چلیے‘ کہتے ہوئے خود آگے بڑھ گئے۔ پھر ان کے کناڈا کے شہری ہونے کی بات اچھالی گئی اور ان کی حب الوطنی پر سوالیہ نشان بھی لگا۔


اپنی حب الوطنی پر سوالیہ نشان لگنے کے بعد اکشے کمار نے صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری شہریت کو لے کر جو منفی باتیں پھیلائی جا رہی ہیں، میں اسے سمجھ نہیں پا رہا ہوں۔ میں نے نہ تو کبھی چھپایا اور نہ ہی کبھی انکار کیا کہ میں کناڈا کا پاسپورٹ رکھتا ہوں۔ لیکن یہ بھی اتنا ہی سچ ہے کہ گزشتہ 7 سالوں میں کناڈا نہیں گیا ہوں۔ میں ہندوستان میں کام کرتا ہوں اور اپنے سارے ٹیکس بھی یہیں ادا کرتا ہوں۔ ان سارے سالوں میں ایک بار بھی مجھے ہندوستان کے لیے اپنے پیار کو کسی کو ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہوئی۔ لیکن مجھے مایوسی ہوتی ہے جب میں اپنی شہریت کے ایشو کو لگاتار کھنچتا ہوا پاتا ہوں۔ یہ ایک نجی، قانونی، غیر سیاسی اور کسی کے لیے مطلب رکھنے والا کوئی ایشو نہیں ہے۔‘‘

پی ایم مودی کے بعد اکشے کمار کے جھوٹ سے بھی اٹھا پردہ

7 سال سے کناڈا نہ جانے والا یہی بیان اب جھوٹا ثابت ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں ایک ٹوئٹر یوزر نے کچھ اسکرین شاٹ شیئر کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ اکشے کمار جھوٹ بول رہے ہیں اور وہ پانچ سال پہلے بھی کناڈا گئے تھے۔ اکشے کے 7 سال والے کمنٹ کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے یہ بتانے کی کوشش بھی کی گئی ہے کہ وہ 5 سال پہلے کناڈا میں تھے۔ اس ٹوئٹر یوزر نے ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس میں بالی ووڈ گلوکار میکا سنگھ کا ٹوئٹ نظر آ رہا ہے۔ اس اسکرین شاٹ پر لکھا گیا ہے کہ ’’صبح بخیر۔ اکشے کمار، راج کندرا، شلپا شیٹی، راہل کھنہ اور کشور للا کے ساتھ ٹورنٹو میں ایک بہترین پارٹی انجوائے کی۔‘‘ میکا کے اس ٹوئٹ سے ظاہر ہے کہ وہ ٹورنٹو میں اکشے کمار کے ساتھ پارٹی کر رہے تھے۔


اکشے کمار کے اس جھوٹ سے اٹھا پردہ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔ کئی لوگ اکشے کمار سے یہ سوال پوچھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ اگر وہ 7 سال سے کناڈا نہیں گئے ہیں تو یہ اسکرین شاٹ کیا ظاہر کر رہے ہیں؟ اکشے کمار کی طرف سے ابھی تک اس سلسلے میں کوئی صفائی سامنے نہیں آئی ہے۔ لیکن سوشل میڈیا پر ان کے مذاق بننے کا سلسلہ دراز ہی ہوتا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔