یمن میں جنگ ہوئی تیز، حوثی باغیوں کا باب المندب پر قبضہ، سرکاری فوج نے محاذ چھوڑا

مغربی عدن کے البریقہ باشندوں نے شنہوا کو بتایا کہ قریبی علاقوں سے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں آ رہی ہیں۔ انہوں نے اتوار کے روز باب المندب محاذ سے فوجی گاڑیوں اور فوجی قافلہ واپس ہوتے ہوئے بھی دیکھا۔

<div class="paragraphs"><p>حوثی باغی (فائل)، تصویر ’انسٹاگرام‘</p></div>
i

یمن میں حوثی باغیوں نے پیش قدمی کرتے ہوئے جنوبی بندرگاہ والے شہر عدن سے تقریباً 70 کلومیٹر دور تک اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔ عدن دراصل یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کا اہم مرکز ہے۔ خبر رساں ایجنسی شنہوا نے سرکاری فوجی ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔ ذرائع نے اتوار کے روز بتایا کہ سعودی عرب کی قیادت والے اتحاد کی حمایت سے سرکاری فوج نے آبنائے باب المندب کے آس پاس کے محدود علاقوں پر دوبارہ قبضہ کرنے کے لیے ایک بڑا فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔ حالانکہ محض 40 دنوں کے اندر سرکاری فوج کو اپنے زیر قبضہ علاقوں سے پیچھے ہٹنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق حوثی باغیوں نے باب المندب اور اس کے آس پاس کے علاقوں پر اپنا کنٹرول مضبوط کر لیا ہے۔

ایک فوجی ذرائع نے کہا کہ مہم ناکام رہی ہے اور آگے کی کارروائی کے تعلق سے کوئی مستحکم منصوبہ نہیں ہے۔ اس نے وارننگ دی ہے کہ سرکاری افواج کی واپسی سے عدن کے مغربی حصے میں سیکورٹی کمزور ہوئی ہے، جس کی وجہ سے شہر میں حوثیوں کے داخل ہونے کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔ مغربی عدن کے البریقہ باشندوں نے شنہوا کو بتایا کہ انہیں آس پاس کے علاقوں سے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں آ رہی ہیں۔ انہوں نے اتوار کے روز باب المندب محاذ سے فوجی گاڑیوں اور فوج کو واپس ہوتے ہوئے بھی دیکھا۔ حکومت حمایتی فوجی دستوں نے آبنائے باب المندب کے آس پاس بلند مقامات پر قائم محاذوں سے پیچھے ہٹنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل حوثیوں نے جنوبی صوبے لحج میں کئی اہم فوجی ٹھکانوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ ان ٹھکانوں سے عدن اور آبنائے باب المندب کی جانب جانے والے اہم راستوں پر نظر رکھی جا سکتی ہے۔


میدان میں موجود ایک فوجی ذرائع نے خراج علاقے پر کنٹرول کھونے کو ایک بڑی فوجی ناکامی قرار دیا۔ اس کے مطابق یہ ٹھکانہ عدن کی مغربی سمت سے ہونے والے حملوں کو روکنے اور آبنائے باب المندب کی جانب جانے والے راستوں کی حفاظت کے لحاظ سے انتہائی اہم تھا۔ ایک دیگر فوجی ذرائع نے ان ناکامیوں کے لیے جائنٹس بریگیڈ کی کمزور کارکردگی کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا۔ یہ ایک طاقتور فوجی دستہ ہے، جسے پہلے عدن کے قریب تشکیل دیا گیا تھا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سعودی قیادت والے موجودہ فوجی نظام کے تحت اس دستے کو توقع سے کہیں زیادہ تیزی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس سے جنگی صلاحیت میں کمی کے اشارے ملتے ہیں۔

فوجی ذرائع نے حوثی باغیوں کے خلاف لڑنے والے مختلف گروپ کے درمیان اختلافات کو بھی سرکاری فوج کی کمزور پوزیشن کی وجہ قرار دیا ہے۔ خصوصاً سعودی عرب اور جنوبی علیحدگی پسند تنظیم سدرن ٹرانزیشنل کونسل کے درمیان کشیدگی کا ذکر کیا گیا ہے۔ یہ تنظیم جنوبی یمن میں کافی بااثر ہے، اور اس کے پاس مضبوط فوجی طاقت بھی ہے۔ حالانکہ وہ حالیہ فوجی کارروائی سے بڑی حد تک الگ رہی ہے۔ ایک فوجی ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی فوجی دستوں کو کمزور کرنے سے حوثی باغیوں کو مزید آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔


واضح رہے کہ آبنائے باب المندب بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے جوڑتی ہے۔ یہ دنیا کے اہم سمندری راستوں میں سے ایک ہے۔ اس پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جاری کشمکش نے سعودی قیادت والے اتحاد کی فوجی کارروائیوں کے سامنے مشکلات بڑھا دی ہیں۔ سعودی عرب کی حمایت کے باوجود سرکاری فوج حوثی جنگجوؤں کی پیش قدمی روکنے میں جدوجہد کر رہی ہے۔ اتحاد میں شامل مختلف گروپ کے درمیان اختلافات نے بھی اہم اسٹریٹجک علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کی کوششوں کو مشکل بنا دیا ہے۔ یمن میں تنازعہ 2014 کے آخر میں شروع ہوا تھا، جب حوثیوں نے راجدھانی صنعا اور ملک کے شمالی حصے کے ایک بڑے علاقے پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد 2015 میں سعودی عرب کی قیادت والے اتحاد نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت میں فوجی مداخلت کی تھی۔ اس کے باوجود ملک میں تنازعہ بدستور جاری ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔