سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر اتوار کو ہوگی

سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، مملکت میں ہفتے کو 30 روزے مکمل کیے جائیں گے اور عیدالفطر اتوار 24 مئی کو منائی جائے گی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ریاض: سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، مملکت میں ہفتے کو 30 روزے مکمل کیے جائیں گے اور عیدالفطر اتوار 24 مئی کو منائی جائے گی۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب میں شوال کاچاند نظر نہیں آیا جس کے بعد عید الفطر 24 مئی بروز اتوار منائی جائے گی۔

سعودی سپریم کورٹ نے آج چاند کی رویت کے حوالے سے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ چاند نظر آنے کی شہادتیں رپورٹ کریں تاہم چاند نظر آنے کے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے۔

ادھر، ہندوستان میں عیدالفطر کا چاند دیکھنے کا اہتمام کرنے کی امارت شرعیہ ہند نے اپیل کی ہے۔ امارت شرعیہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق رؤیت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ 29 رمضان المبارک1441ھ بمطابق 23 مئی 2020ء بروز ہفتہ بعد نماز مغرب مرکزی دفتر واقع مسجد عبد النبی، 1۔بہادر شاہ ظفر مارگ نئی دہلی میں منعقد ہوگی۔

بیان میں کہا گیا ’’تمام مسلمانوں سے اپیل ہے کہ 23 مئی بروز ہفتہ شام بعد نماز مغرب چاند دیکھنے کی پوری کوشش کریں اور اس دینی فریضہ کا اہتمام کریں۔ رؤیت اور عدم رؤیت دونوں صورتوں میں دفتر امارت شرعیہ کو فوری مطلع کریں۔ اگر رؤیت عام نہ ہو اور کچھ لوگ چاند دیکھیں تو چاند دیکھنے والے حضرات شہادت بہم پہونچائیں تاکہ آپ کے تعاون سے رؤیت ہلال کمیٹی صحیح تاریخ کا بروقت اعلان کر سکے۔‘‘

ادھر، پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہفتے کو کراچی میں ہوگا۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری پہلے ہی دعویٰ کرچکے ہیں کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید الفطر 24 مئی بروز اتوار کو منائی جائے گی۔

    Published: 22 May 2020, 10:40 PM