کرپشن الزام میں گرفتار سعودی شہزادہ متعب ڈیل کے بعد رہا

کرپشن کے الزام میں گرفتار سعودی عرب کے سابق فرماں روا شاہ عبداللہ کے صاحبزادے شہزادہ متعب کو ایک ڈیل کے بعد رہا کردیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی حکام نے تصدیق کی ہے کہ تین ہفتے قبل کرپشن کے الزام میں گرفتار کیے گئے شہزادہ متعب بن عبداللہ کو ایک ارب ڈالر واپس کرنے کے سمجھوتے پر رہا کردیا گیا ہے۔

شہزادہ متعب ان 200 اہم سیاسی و کاروباری شخصیات میں سے ایک ہیں جنہیں 4 نومبر کو نظربند کیا گیا اور حکام کی جانب سے گرفتار افراد میں سے وہ سب سے زیادہ بااثر سمجھے جانے والے شہزادے ہیں۔

64 سالہ شہزادہ متعب سعودی عرب کی نیشنل گارڈ کے سربراہ بھی تھے جنہیں گرفتاری سے کچھ دیر قبل ہی عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

مغربی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ کرپشن کے الزام میں گرفتار مزید تین شخصیات نے ڈیل کرلی ہے تاہم ان افراد کے نام ظاہر نہیں کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں بننے والی انسداد بدعنوانی کمیٹی کے حکم پر 4 نومبر کو 11 شہزادوں سمیت درجنوں سابق وزرا کو گرفتار کیا گیا تھا۔

گرفتار ہونے والوں میں معروف سعودی کاروباری و شہزادہ الولید بن طلال سمیت دیگر کئی اہم اور بااثر افراد بھی شامل تھے۔

سعودی عرب کے اٹارنی جنرل کے مطابق ملک میں حالیہ عشروں کے دوران ایک کھرب ڈالر کی خورد برد ہوئی ہے۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Nov 2017, 10:30 AM