سعودی عرب: 44 مساجد نمازیوں کے لیے دوبارہ کھولنے کی ہدایت

سعودی عرب کی وزارت برائے اسلامی امور اور وقف کی ہدایت پر حکام نے جراثیم کش سپرے اور تطہیر کے بعد 44 مساجد دوبارہ نمازیوں کے لیے کھول دی ہیں

تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

ریاض: سعودی عرب کی وزارت برائے اسلامی امور اور وقف کی ہدایت پر حکام نے جراثیم کش سپرے اور تطہیر کے بعد 44 مساجد دوبارہ نمازیوں کے لیے کھول دی ہیں۔

العربیہ کے مطابق سعودی عرب میں گذشتہ چند روز میں کم سے کم 50 مساجد کو کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سخت احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہ کرنے پر حکام نے بند کر دیا تھا۔ ان مساجد میں نمازی حضرات مقررہ سماجی فاصلے یا دوسری احتیاطی تدابیر کی پابندی نہیں کر رہے تھے۔

سعودی عرب میں اب مساجد کے علاوہ خریداری مراکز، مالوں، مارکیٹوں اور پارکوں کو بھی کورونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر بند کیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں سعودی عرب کے وزیر برائے اسلامی امور نے کہا تھا کہ ان مساجد کو عارضی طور پر بند کیا جا رہا ہے لیکن اگر عوام نے احتیاطی تدابیر کی عدم پاسداری جاری رکھی اور اس کے نتیجے میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ جاری رہا تو مساجد اور شاپنگ مالوں کو بند کرنے میں کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


next