سعودی عرب: حج کے دوران عازمین کی سہولت کے لیے 10 نکاتی ماسٹر پلان

سعودی عرب میں عمومی صدارت برائے حرمین شریفین کے صدر نشین ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے اتوار کو کورونا وبا کے بعد حج 2022 (1443ھ) کے لیے دس نکاتی آپریشنل پلان کا اعلان کیا ہے

تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

ریاض: سعودی عرب میں عمومی صدارت برائے حرمین شریفین کے صدر نشین ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے اتوار کو کورونا وبا کے بعد حج 2022 (1443ھ) کے لیے دس نکاتی آپریشنل پلان کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ، امن عامہ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ محمد البسامی بھی موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ حج کے دوران تمام ادارے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماسٹر پلان میں عازمین حج کی صحت وسلامتی کو سب سے زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔ عازمین کے لیے المسجد الحرام کے راستوں کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ المسجد الحرام کی تیسری توسیع کے حصے کو عازمین کے لئے پوری طرح کھول دیا گیا ہے۔


سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دس نکات پر مشتمل آپریشنل پلان سے سعودی 2030 کے سٹراٹیجک اہداف پورے کیے جائیں گے۔ ’’بیت اللہ کے طواف کے لئے مطاف کا حصہ صرف حجاج کرام کے لئے مختص ہو گا۔ بیت اللہ شریف میں داخلے کے لئے تین بڑے دروازے عازمین حج کے لئے مختص کیے گئے ہیں۔‘‘

ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے بتایا کہ انتظامیہ نے عازمین حج کے لئے خدمات کو ڈیجیٹل بنانے کا بھرپور اہتمام کیا ہے۔ اس بات کو اہمیت دی گئی ہے کہ جدید ٹکنالوجی کے ذریعے عازمین کو بہتر سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ معذور افراد کے لئے 18 سو الیکٹرانک وہیل چیئرز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ خطبہ حج 10 زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔

صحت سے متعلق ڈاکٹر السدیس کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں روزانہ 10 مرتبہ وبا سے بچاؤ کے لئے جراثم کش سپرے کیا جا رہا ہے۔ امام کعبہ کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ اللہ کے مہمانوں کو ایام حج میں بہتر سے بہتر سہولیات اور خدمات فراہم کی جائیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔