مسجد نبویؐ کے مؤذن و ائمہ انتظامیہ کے ڈائریکٹر اور سکریٹری ملازمت سے برخاست

سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے ڈیوٹی میں کوتاہی برتنے پر مسجد نبوی انتظامیہ کے دو اعلی عہدیداروں کو سبکدوش کیا ہے۔

تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مسجد نبویﷺ میں ائمہ اور مؤذن حضرات کی انتظامیہ کے ڈائریکٹر اور سیکریٹری کو ان کے عہدوں سے سبکدوش کیا ہے۔ مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی کے سیکریٹری کو دونوں عہدوں کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ انہیں ادارے کی تنظیم نو کا کام بھی سپرد کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر السدیس نے اس موقع پر پالیسی بیان میں کہا کہ ترقیاتی پروگرام 2024 کے مطابق ترقیاتی عمل میں کسی کی کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سب مطلوبہ طریقے سے ڈیوٹی دیں۔ کام میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور لاپروائی کو قریب نہ پھٹکنے دیں۔ یاد رکھیں کہ کوتاہی اور لاپروائی برتنے والوں کا احتساب ہوگا اور ان کے خلاف تمام ضروری کارروائی ہوگی۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کو مسجد نبویﷺ میں فجر کی نماز 45 منٹ دیر سے شروع کرنے اور اس سلسلے میں لاپروائی برتنے پر دونوں عہدیداروں کو ملازمت سے برخاست کیا گیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔