سعودی عرب میں کرونا وائرس کے ایک دن میں سب سے زیادہ 1223 کیس ریکارڈ

سعودی مملکت میں کرونا وائرس کے کیسوں میں ابھی مزید اضافہ متوقع ہے کیونکہ مختلف طبی ٹیمیں ملک بھر میں لوگوں کے ٹیسٹ کررہی ہیں

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ 1223 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں اور وہاں اب اس مہلک وَبا کا شکار افراد کی تعداد 17522 ہوگئی ہے۔ادھر سعودی عرب میں اس وبا سے ہونے والی اموات کی تعداد 139 ہوگئی ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے اتوار کو بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کا شکار تین افراد کی وفات ہوئی ہے۔ ان میں ایک سعودی شہری ہے اور دو غیر سعودی ہیں۔ان کی عمریں 39 اور 72 سال کے درمیان تھیں۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں 142 افراد علاج کے بعد صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب تک تن درست ہونے والے افراد کی 2357 ہوگئی ہے۔


ترجمان نے بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے کیسوں میں ابھی مزید اضافہ متوقع ہے کیونکہ مختلف طبی ٹیمیں ملک بھر میں لوگوں کے ٹیسٹ کررہی ہیں،اسی وجہ سے اب روزانہ زیادہ کیس سامنے آرہے ہیں اور ان کی بروقت تشخیص کے بعد علاج شروع کردیا جاتا ہے۔

سعودی عرب نے رمضان المبارک کے آغاز کے بعد کرونا وائرس کے تعلق سے عاید کردہ کرفیو اور بعض دوسری پابندیوں میں نرمی کی ہے لیکن اس کے باوجود حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہیں نکلیں، چہرے پر ماسک پہن کر رکھیں ،جسمانی طور پرسماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور عوامی مقامات پر اکٹھے ہونے سے گریز کریں۔


سعودی حکومت نے 6 اپریل کو دارالحکومت الریاض سمیت پانچ شہروں تبوک ، الدمام ، ظہران ، الہفوف کے علاوہ چار گورنریوں جدہ ، طائف ، القطیف اور الخُبر میں دن رات کا کرفیو اور لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پہلے ہی 24 گھنٹے کا کرفیو اور مکمل لاک ڈاؤن نافذ تھا۔اب مکہ مکرمہ کے سوا باقی شہروں میں کرفیو میں نرمی کردی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔