اسرائیل نے غزہ کی پٹی کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا، کہا وہ کسی بھی محاذ پر لڑنے کے لئے تیار
محصور غزہ ایندھن، پانی اور بجلی کی مکمل عدم دستیابی کی وجہ سے انتہائی مشکل انسانی حالات میں زندگی گزر رہی ہے جس کی وجہ سے وہاں کے باشندے بہت پریشان ہیں۔

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی شدید بمباری اور زمینی حملہ جاری ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگری نے غزہ کی پٹی کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے مزید کہا کہ "ہم کسی بھی صورت حال اور ہر محاذ پر لڑنے کو تیار ہیں"ْ۔
انہوں نے ایک ٹیلی ویژن بیان میں مزید کہا کہ "بڑے حملے اس وقت شروع کیے جا رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں جاری رہیں گے"ْ۔ انہوں نے کہا کہ پٹی میں زمینی کارروائیاں کرنے والی اسرائیلی افواج نے اسے دو حصوں جنوبی اور شمالی غزہ میں تقسیم کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم نے راکٹ داغنے کے جواب میں جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے متعدد ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا"۔انہوں نے مزید کہا کہ "ہماری افواج اس وقت غزہ شہر کا محاصرہ کر رہی ہیں اور شہر کے جنوبی ساحل تک پہنچ گئی ہیں"۔ انہوں نے مزید کہا کہ "فوج اب بھی شہریوں کو شمالی غزہ چھوڑ کر جنوب کی طرف جانے کی اجازت دے گی"۔
خیال ہے کہ محصور غزہ ایندھن، پانی اور بجلی کی مکمل عدم دستیابی کی وجہ سے انتہائی مشکل انسانی حالات میں زندگی گزر رہی ہے۔ سات اکتوبر کو حماس کی اسرائیل پر کارروائی کے بعد اسرائیل نے حماس کا نام ونشان مٹانے کا عزم کر رکھا ہے۔غزہ کے شمالی علاقے جنہیں اسرائیلی فوج نے جنوب سے الگ تھلگ کر رکھا ہےکو اس سے بھی زیادہ سخت حالات کا سامنا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اب تک غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں تقریباً 9,770 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 4,800 بچے بھی شامل ہیں۔(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
