سعودی عرب: افغانستان میں قیام امن کے لئے علماء کانفرنس

سعودی فرمانرواں شاہ سلمان نے کہا کہ علماء کی کوششوں سےافغانستان میں ماضی کا باب بند کرنے اور ایک نیا صفحہ کھولنے میں مدد ملے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مسلم ممالک کے عالم دین شریک ہو ئے ۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے زیر اہتمام منعقد اس کانفرنس کے دوران افغانستان میں امن واستحکام کے موضوع پر غور وخوض کیا گیا۔

بین الاقوامی کانفرنس کے شرکاء نے افغان علماء سے کہا کہ وہ اپنے ملک میں متحارب فریقوں کے درمیان جاری موجودہ تنازع کا حل تلاش کریں تاکہ ملک میں امن واستحکام لایا جا سکے ۔ افغان علماء کو یہ بھی صلاح دی گئی کہ وہ افغان عوام میں اختلافات پیدا کرنے والی جماعتوں کے مقابلے افغان حکومت کا ساتھ دیں۔

ویب العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کانفرنس میں شریک علماء کے ایک وفد نے جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کی ہے۔ سعودی فرمانرواں نے ان کا خیرمقدم کیا اور کانفرنس کے انعقاد پر او آئی سی کو سراہا۔

شاہ سلمان نے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ بہترین لوگ ہیں جو اسلام اور مسلمانوں کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں ،ان کی صفوں میں اتحاد پیدا کررہے ہیں اور اسلامی دنیا کو جنگوں ، بحرانوں اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کی لعنتوں سے نکال رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے سعودی مملکت کو الحرمین الشریفین کی خدمت کا شرف بخشا ہے اور یہ کام ہم اپنے آباء کے دور سے کرتے چلے آ رہے ہیں‘‘۔

شاہ سلمان نے کہا کہ ’’سعودی عرب افغان عوام کو ان کے بحرانوں اور پھر اس کے نتیجے میں خانہ جنگی کے آغاز کے بعد سے انسانی اور مالی امداد مہیا کر رہا ہے اور وہ افغان عوام کے مختلف دھڑوں کے درمیان اختلافات اور تقسیم کے خاتمے کے لیے مسلسل مربوط سیاسی کوششیں بھی کر رہا ہے‘‘۔

انھوں نے کہا:’’آج ہمیں امید ہے کہ آپ ( علماء) کی کوششوں کے نتیجے میں افغانستان میں ماضی کا صفحہ بند کرنے اور ایک نیا صفحہ کھولنے میں مدد ملے گی۔ اس سے افغان عوام کی ملک میں سلامتی اور استحکام کے لیے امنگوں کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔اس کے لیے ہمارے دینِ اسلام کی تعلیمات کے مطابق مکالمے ، مصالحت اور رواداری کی اقدار کو اپنانے کی ضرورت ہے‘‘۔

ساحلی شہر جدہ میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے پہلے سیشن کا عنوان ’’اسلام میں مصالحت، افغانستان میں امن واستحکام میں علماء کا کردار‘‘ تھا۔ اس کے منتظم شاہی دیوان کے مشیر اور مسجد الحرام کے امام اور خطیب ڈاکٹر صالح بن حمید تھے۔ انھوں نے اپنی تقریر میں گذشتہ ماہ رمضان میں افغان علماء کے جاری کردہ ایک فتوے کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس میں افغانستان میں افغان حکومت کے خلاف جنگ کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔

اس سیشن میں افغانستان میں رونما ہونے والے واقعات اور افغان عوام کے خلاف دہشت گردی کی جنگ اور اس کے خاتمے میں علماء کا کردار مرکزی موضوع تھا۔ اس حوالے سے تقریریں کی گئی ہیں اور علماء نے افغان مسئلے کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔