سعودی عرب میں دمام ہوائی اڈے پر حملے میں ایک ہندوستانی سمیت دو افراد جان بحق، ہندوستان کی مذمت
سعودی عرب کے دمام ہوائی اڈے پر حملے میں ایک ہندوستانی سمیت دو افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے۔ شایبہ آئل فیلڈ پر حملے میں بھی ایک ہندوستانی زخمی ہوا۔ ہندوستان نے حملوں کی سخت مذمت کی ہے

ریاض: سعودی عرب کے دمام میں واقع کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بدھ کی دیر رات ہوئے حملے میں ایک ہندوستانی شہری سمیت دو افراد جان بحق ہو گئے، جبکہ 8 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں دو ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ ہندوستان نے سعودی عرب میں شہریوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے خطے میں جلد امن اور معمول کے حالات کی بحالی کی امید ظاہر کی ہے۔
ریاض میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ سعودی حکام سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق دمام ہوائی اڈے پر حملے میں دو افراد کی موت ہوئی، جن میں ایک ہندوستانی شہری بھی شامل ہے۔ حملے میں دو دیگر ہندوستانی شہری زخمی ہوئے ہیں۔
سفارت خانے نے کہا کہ وہ واقعے سے متعلق مزید معلومات جمع کر رہا ہے اور متاثرہ خاندانوں کے رابطے میں ہے۔ سفارت خانے نے مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے جمعرات کو جاری بیان میں بتایا کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک سعودی شہری اور ایک ہندوستانی شہری شامل ہیں۔ اس واقعے میں مجموعی طور پر آٹھ افراد زخمی ہوئے، جن میں ایک سعودی شہری، ہندوستان، یمن اور بنگلہ دیش کے دو دو شہری اور نیپال کا ایک شہری شامل ہے۔
اتھارٹی کے مطابق متعلقہ سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مسافروں اور عملے کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ ہوائی اڈے پر کام کاج دوبارہ شروع ہو گیا ہے اور فضائی آمد و رفت معمول پر آ گئی ہے۔
دریں اثنا، ہندوستان کی وزارت خارجہ نے سعودی عرب میں شہریوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر مسلسل ہو رہے حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔ وزارت نے اپنے بیان میں 21 اکتوبر کو دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سعودی آرامکو کے شایبہ آئل فیلڈ پر ہونے والے حملوں کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق دمام ہوائی اڈے پر حملے میں ایک ہندوستانی شہری کی موت ہوئی اور دو دیگر زخمی ہوئے، جبکہ شایبہ آئل فیلڈ پر حملے میں ایک اور ہندوستانی شہری زخمی ہوا۔ وزارت نے مہلوک کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔ اس نے بتایا کہ ریاض میں ہندوستانی سفارت خانہ سعودی حکام کے رابطے میں ہے اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
ہندوستان نے سعودی عرب کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے وہاں کی حکومت اور عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور اہم بنیادی ڈھانچے پر حملے ناقابل قبول ہیں اور انہیں فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔ وزارت نے امید ظاہر کی کہ خطے میں جلد امن اور معمول کے حالات بحال ہوں گے۔
سعودی عرب میں ہونے والے ان حملوں کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم، یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں، جب یمن میں حوثی باغیوں کے ساتھ تنازعہ جاری ہے۔ سعودی عرب میں حالیہ حملوں میں ہوائی اڈے کے علاوہ تیل کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ سعودی آرامکو کے ایک تیل کے ٹھکانے پر ڈرون حملے میں نیپال اور فلپائن کے ایک ایک شہری کی موت بھی ہوئی، جبکہ دو افراد زخمی ہوئے، جن میں ایک ہندوستانی شہری شامل ہے۔
