مدینہ میں مسجد نبویؐ کے قریب نئے منصوبہ کا افتتاح، عمرہ سیزن کے دوران 3 کروڑ زائرین کی میزبانی کا ہدف

اس منصوبے سے مدینہ منورہ میں اقامت گاہوں کی گنجائش میں اضافہ ہوگا اورشہر کے ہوٹل عمرہ سیزن کے دوران میں 3 کروڑسے زیادہ زائرین کی میزبانی کر سکیں گے

تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

مدینہ: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مسجد نبویؐ کے مشرق میں واقع ’رؤى المدینہ‘ منصوبہ کا افتتاح کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق اس منصوبے سے مدینہ منورہ میں اقامت گاہوں کی گنجائش میں اضافہ ہوگا اورشہر کے ہوٹل عمرہ سیزن کے دوران میں 3 کروڑسے زیادہ زائرین کی میزبانی کر سکیں گے۔

یہ منصوبہ مملکت کے ویژن 2030ء کے اہداف سے مطابقت رکھتا ہے۔اس منصوبہ پرسعودی عرب کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ (پی آئی ایف) کے تحت ’رؤى المدینہ‘ ہولڈنگ کمپنی عمل درآمد کررہی ہے۔یہ کمپنی مدینہ منورہ میں ترقی، آپریشن اور رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری میں مہارت رکھتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس منصوبہ پراعلیٰ ترین بین الاقوامی معیارکے مطابق عمل درآمد کیا جائے گا۔اس کا مقصد مدینہ منورہ کی ایک جدید اسلامی اور ثقافتی منزل کے طور پرپوزیشن کو مستحکم کرنا ہے۔اس کی تعمیروترقی سعودی قیادت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔


اس منصوبے کی تکمیل کے بعد مدینہ منورہ میں ہوٹلوں کے کمروں کی تعداد میں 47,000 کا اضافہ ہوگا،مزید کھلی اور سبز جگہیں ہوں گی اور وہ پندرہ لاکھ مربع میٹر کے کل زمینی رقبے کا 63 فی صد بنتی ہیں۔

اس منصوبے میں ٹرانسپورٹ کے مختلف مراکز شامل ہوں گے۔ان میں نو بس اسٹاپ، ایک میٹرواسٹیشن، خودکار چلنے والی گاڑیوں کے لیے ٹریک اوراپنی ذاتی گاڑیوں میں سفرکرنے والوں کے لیے زیرزمین پارکنگ شامل ہے۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔