ریاض: عمران خان کا سعودی ولی عہد سے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال

پاکستانی وزیراعظم نے سعودی دارالحکومت الریاض میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے سعودی دارالحکومت الریاض میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے ایک بیان کے مطابق دونوں لیڈروں نے’’ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا ہے۔انھوں نے باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی ہے۔‘‘ ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ اور سعودی عرب اور پاکستان کے اعلیٰ عہدے دار بھی شریک تھے۔

اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان ہفتے کے روز سعودی عرب کے ایک روزہ دورہ پرمدینہ منورہ پہنچے تھے جہاں انھوں نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں نوافل ادا کیے۔ اس موقع پر پاکستان کے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود بھی ان کے ہمراہ تھے۔


اس کے بعد وہ الریاض روانہ ہو گئے جہاں ہوائی اڈے پر الریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز اور پاکستان میں سعودی سفیر نوف بن سعید المالکی اور دوسرے حکام نے ان کا استقبال کیا۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان میں بتایا تھا کہ وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ملکوں کی قیادت میں دوطرفہ تعلقات اور عالمی اور علاقائی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کے تسلسل کا حصہ ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے جمعہ کو اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ’’وزیراعظم عمران خان نے اس سال مئی کے بعد سعودی عرب کے تین دورے کیے ہیں اور یہ دونوں ملکوں کی قیادت کے درمیان اعلیٰ سطح پر روابط کے مظہر ہیں۔سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان باہمی مفاہمت اور اعتماد پر مبنی تاریخی برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔‘‘


عمران خان نے اکتوبر میں ایران کے دارالحکومت تہران کا دورہ کیا تھا اور ایرانی قیادت سے علاقائی صورت حال اور خطے میں امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔واضح رہے کہ انھوں نے ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے چوہترھویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ایران اور سعودی عرب کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے ثالثی کی پیش کش بھی کی تھی۔

ان کے سعودی عرب کے اس دورے سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اسی ہفتے الریاض گئے تھے۔انھوں نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فرحان بن عبداللہ سے ملاقات کی تھی اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات ،خطے اورعالمی سطح پر ہونے والی تازہ پیش رفت کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔