مسجد حرام کی نظافت کے لیے رمضان میں 70 ہزار لیٹر سے زیادہ مصفا مواد کا روزانہ استعمال

رمضان المبارک کے دوران میں المسجد الحرام کی نظافت کے لیے روزانہ 70 ہزار لیٹر سے زیادہ جراثیم کش مصفا مائع مواد استعمال کیا جا رہا ہے

تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آوازبیورو

الریاض: رمضان المبارک کے دوران میں المسجد الحرام کی نظافت کے لیے روزانہ 70 ہزار لیٹر سے زیادہ جراثیم کش مصفا مائع مواد استعمال کیا جارہا ہے۔ الحرمین الشریفین کے امور کی ذمہ دار صدارت عامہ المسجدالحرام کی صفائی کا بھرپور اہتمام کررہی ہے تاکہ عبادت گزاروں کو کروناوائرس سے ہر طرح سے محفوظ رکھا جا سکے۔

سعودی حکام نے کعبۃ اللہ کے گرد مطاف میں سخت اقدامات کا نفاذ کیا ہے اور وہاں عبادت گزاروں سے طے شدہ فاصلے کو برقرار رکھنے کی پابندی کرائی جارہی ہے اور وہاں آنے والے تمام عمرہ زائرین اورعبادت گزارکووِڈ-19 سے محفوظ رہنے کے لیے ہمہ وقت ماسک پہن رہے ہیں۔


مسجدالحرام کے احاطے میں اور تمام اطراف مخصوص راستے بنائے گئے ہیں جہاں سے گزر کر عبادت گزارآتے جاتے ہیں۔اس کے علاوہ سینی ٹائزیشن اسٹیشن بھی قائم کیے گئے ہیں۔ کعبۃ اللہ کے گرد روزانہ 1500 لیٹر سینی ٹائز خوشبوئیات کا بھی استعمال کیا جارہا ہے اور المسجد الحرام میں تمام مطاف اور اطراف کو روزانہ دس مرتبہ اس مصفا مائع مواد اور خوشبوئیات سے دھویا جاتا ہے۔

المسجد الحرام میں تحفظ صحت کے پروٹوکولز کے نفاذ کے لیے 24 گھنٹے 750 گائیڈز اور صفائی کے عملہ کے 4000 کارکنان کام کررہے ہیں۔ گذشتہ سال کے مقابلے میں اس مرتبہ رمضان میں کعبۃ اللہ کے گرداگرد مطاف میں طواف کرنے والوں کے لیے گنجائش میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ عبادت گزار مقررہ باہمی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے سہولت سے کعبۃ اللہ کا طواف کرسکیں اور نمازیں ادا کرسکیں۔


مسجدحرام میں داخلے کا نظام ایرمرناایپ کے ذریعے کنٹرول کیا جارہا ہے۔زائرین اس ایپ پر اپنے ناموں کا اندراج کرتے ہیں اورپھر ان کے لیے مسجد میں داخلے کا وقت متعیّن کردیا جاتا ہے۔البتہ زائرین پر مزید یہ شرط عاید کی گئی ہے کہ وہ کووِڈ-19 کی ویکسین لگوا چکے ہوں اور مسجد میں ان کے لیے ہر وقت ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے۔

اس مرتبہ رمضان میں عمرہ ادا کرنے کے لیے ایک خصوصی سرکاری اجازت نامہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ سعودی حکام نے اسی ماہ کے اوائل میں خبردار کیا تھا کہ اگر کوئی بھی فرد باضابطہ اجازت نامے کے بغیر عمرہ ادا کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اس پر2666 ڈالر (10 ہزار سعودی ریال) جرمانہ عاید کیا جائے گا۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔