حاجیوں کے پہلے قافلے کی مکہ مکرمہ آمد، منیٰ جانے سے قبل کریں گے قیام

وزارت حج و عمرہ کے اعلی عہدیداروں نے محکمہ شہری ہوابازی کے تعاون سے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ جدہ پر قصیم سے آنے والے عازمین حج کا خیرمقدم کیا

حاجیوں کے پہلے قافلے کی مکہ مکرمہ آمد
حاجیوں کے پہلے قافلے کی مکہ مکرمہ آمد
user

قومی آوازبیورو

سعودی عرب میں مقیم عازمین حج کا پہلا کارواں جمعہ کو مکہ مکرمہ پہنچ گیا۔ وزارت حج و عمرہ کے اعلی عہدیداروں نے محکمہ شہری ہوابازی کے تعاون سے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ جدہ پر قصیم سے آنے والے عازمین حج کا خیرمقدم کیا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق تمام متعلقہ اداروں نے اس سال حج کرنے والوں کی خدمت کے لیے انتظامات مکمل کرلیے۔ سیکیورٹی، صحت اور مختلف اداروں نے جامع عملی پروگرام پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا۔

یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو ٹھہرانے کے لیے انتظام کر لیا ہے جہاں وہ منی جانے سے قبل قیام کریں گے۔ 4 ذی الحجہ سے 8 ذی الحجہ تک ہوٹل میں رہیں گے۔ ہر عازم حج کے لیے ایک ایک کمرہ ہے۔ کمرے میں آب زمزم کی سینیٹائز بوتلوں سے لے کر سنیکس، پھلوں اور مٹھائیوں کی باسکٹوں سمیت ناشتے ، ظہرانے اور رات کے کھانے تک کے انتظامات کیے گئے ہیں۔


دریں اثنا مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے منی، مزدلفہ اور عرفات میں آپریشنل پلان جاری کر دیا ہے۔ اتھارٹی کے ترجمان جلال کعکی نے بتایا کہ ہمارا سارا زور کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پر ہے۔

کعکی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمرات کے پل (وہ مقام جہاں شیطانوں کو کنکریاں ماری جاتی ہیں) کی اصلاح ومرمت اور اسے استعمال کرنے کے طور طریقوں کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ تمام سسٹمز چیک کرلیے گئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ سی سی کیمروں کے روم موثر ہیں۔ حاجیوں کے قافلوں کو منظم کرنے اور حج مقامات پر صفائی کی سکیمیں تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آپریشنل پلان کے تحت العزیزیہ اور الشعبین کو جمرات کے پل سے جوڑ دیا گیا ہے۔ الشعبین اور العزیزیہ پروجیکٹ کے ذمہ دار سیکیورٹی اداروں سے رابطے میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Jul 2020, 1:46 PM