مسجد حرام میں معذور عمرہ زائرین اور نمازیوں‌ کے داخلے اور نماز کے لیے جگہ مختص

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دوسری طرف عمرہ مناسک کے دوسرے مرحلے پر عمرہ زائرین کی آمد اور مسجد حرام میں نمازیوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

الحرمین الشریفین کی انتظامیہ نے خصوصی افراد اور معذور نمازیوں کے لیے مسجد حرام کی پہلی منزل مختص کی ہے جہاں وہ داخل ہو کرعبادت کر سکیں‌ گے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دوسری طرف عمرہ مناسک کے دوسرے مرحلے پر عمرہ زائرین کی آمد اور مسجد حرام میں نمازیوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق حرمین شریفین کی جنرل پریزیڈینسی نے مسجد حرام میں خصوصی افراد کے لیے مسجد کی پہلی منزل مختص کی ہے۔ اس کے علاوہ معذوری سے دوچار نمازیوں کے مسجد حرام میں داخلے کے لیے دیگر شرائط بھی عاید کی گئی ہیں۔ مسجد کی انتظامی تمام معذور افراد کو ان کے لیے مختص جگہ ہر پہنچانے اور انہیں نماز کےبعد بہ حفاظت باہر لے جانے میں مدد کرنے کی پابند ہوگی۔

خصوصی افراد کی عبادت کی ادائی میں مدد کے لیے الگ سے عملہ تعینات کیا گیا ہے جو وہیل چیئر کے ذریعے مدد کرنے کے ساتھ ساتھ نمازیوں کے ماسک، سینیٹائزنگ اور ان کے لیے آب زم زم کی بوتلوں کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔


اس کے علاوہ معذور نمازیوں اور زائرین کا معاون عملہ سیکیورٹی حکام کے ساتھ بھی تعاون کرے گا۔ تھرما کیمروں کی مدد سے مسجد میں آنے والے خصوصی افراد کا درجہ حرارت بھی معلوم کیا جائے گا۔ مسجد حرام میں نماز کی ادائیگی کے بعد مسجد کی سینی ٹائیزنگ، مسجد کے داخلی اور خارجی راستوں‌کی صفائی، قالینوں وہیل چیئر کی صفائی ستھرائی کے لیے مسجد موجود تمام نمازیوں‌ کو باہر نکالا جائے گا۔

درایں اثنا مسجد حرام میں معذور زائرین کے امور کے ڈائریکٹر جنرل فیصل بن الجودی نے خصوصی افراد کے لیے مسجد حرام میں کیے گئےانتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مسجد کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ کورونا کی وبائی حالات کے پیش نظر معذوری کا شکار زائرین اور نمازیوں‌ کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔


الجودی کا مزید کہنا تھا کہ مسجد حرام میں سلائیڈز اورریمپ کی شکل میں 32 دروازوں سے معذور افراد داخل اور خارج ہو سکیں‌ گے۔ اس کے علاوہ باب 68، 74، 79، 84، 89، 90، 93 اور 94 مختص ہیں جب کہ عمرہ کے لیے آنے والے معذور نمازی مطاف تک پہنچنے کے لیے اجیاد، الشبیکہ، المروہ اور الارقم پلوں کا استعمال کریں گے۔

عمرہ زائرین میں کرونا کے متاثرین کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا: وزارت حج

وزارت حج وعمرہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں عمرہ کی ادائی کے لیے صرف 'اعتمرنا' ایپلی کیشن کے ذریعے رجسٹرڈ ہونے والے ایک لاکھ 25 ہزار معتمرین کو عمرہ کی اجاز دی گئی۔ اس ایپ کے ذریعے 2 ملین افراد نے عمرہ کے لیے رجسٹریشن کی ہے۔ داریں اثنا الحرمین الشریفین کی جنرل پریزیڈینسی کے ترجمان ھانی حیدر نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں‌ 45 ہزار عمرہ زائرین اور ایک لاکھ 20 ہزار نمازی مسجد حرام میں آئے۔

بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔