علی رضا عنایتی سعودی عرب میں ایران کے نئے سفیر مقرر

ایران نے خلیجی امور کا وسیع تجربہ رکھنے والے تجربہ کار سفارت کار علی رضا عنایتی کو سعودی عرب میں اپنا نیا سفیر مقرر کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ</p></div>

تصویر بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

user

قومی آوازبیورو

تہران / ریاض: ایران نے خلیجی امور کا وسیع تجربہ رکھنے والے تجربہ کار سفارت کار علی رضا عنایتی کو سعودی عرب میں اپنا نیا سفیر مقرر کیا ہے۔ ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی فارس نے اطلاع دی ہے کہ علی رضا عنایتی ریاض میں نئے سفیر ہوں گے۔ وہ اس سے قبل 2014ء سے 2019ء تک کویت میں تہران کے سفیر رہے تھے۔

سفیر کے عہدے پر تعینات ہونے سے قبل وہ ایران کی وزارتِ خارجہ میں خلیجی امور کے ڈائریکٹر جنرل تھے۔ 2019ء میں انھیں دوبارہ اس عہدے پرفائز کیا گیا تھا اور وہ تب سے اسی عہدے پر کام کررہے ہیں۔

سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں چین کی ثالثی میں سات سال کے بعد دوطرفہ سفارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس ضمن میں ان کے درمیان ایک سہ فریقی معاہدہ طے پایا تھا۔


اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے دارالحکومتوں اور شہروں میں اپنے اپنے سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے اور 20 سال قبل دست خط شدہ سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد پراتفاق کیا تھا۔

یادرہے کہ سعودی عرب نے سنہ2016ء میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پر ایرانی حکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعد ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کرلیے تھے۔

رواں ماہ کے اوائل میں ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بتایاتھا کہ سعودی عرب نے تہران میں اپنے نئے سفیرکا تقرر کردیا ہے اور ایران بھی جلد الریاض میں اپنا نیا سفیر متعارف کرا دے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔