مسجد اقصی پر اسرائیلی فورسز کے تازہ حملے، 50 سے زائد فلسطینی زخمی

سعودی عرب اور یو اے ای نے اسرائیلی حملوں کے بعد فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کے تل ابیب کے منصوبوں کی مذمت بھر کی ہے۔

حملہ کے بعد کی ایک تصویر
حملہ کے بعد کی ایک تصویر
user

یو این آئی

عالمی برادری اور مسلم ملکوں کے تشدد روکنے کی اپیل کے باوجودمسلمانوں کے لئے نہایت مقدس بیت المقدس میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب دوبارہ جھڑپیں شروع ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں مزید 50 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بیت المقدس میں ایک مقامی طبی کارکن نے بتایا کہ القدس میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تازہ جھڑپوں کے بعد اسرائیلی پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے۔

ماہِ رمضان میں اسلام کا تیسرا مقدس ترین مقام مسجد اقصیٰ تشدد کا مرکز بنا ہوا ہے۔


ہلال احمر فلسطین کے مطابق تازہ جھڑپوں میں القدس اور اس کے اطراف میں 53 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 8 کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینی شہریوں‌پر آنسوگیس کی شیلنگ، دھاتی گولیوں اور صوتی بموں کا استعمال کیا گیا۔

فلسطین ریڈ کریسنٹ کے مطابق بیت المقدس میں مسجد اقصٰی کے قریب ایک مرتبہ پھر اسرائیلی فورسز کی پُر تشدد کارروائیوں کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ڈان میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق ہلال احمر نے صحافیوں کو ایک مختصر بیان میں کہا کہ 'حملوں میں سیکڑوں افراد زخمی ہیں' اور ان میں سے 50 کو علاج کےلیے ہسپتال داخل کرایا گیا ہے۔


واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے مشرقی بیت المقدس پر قبضے کا سالانہ جشن 'یومِ یروشلم' منانے پر قبل ہی علاقے میں کشیدگی جاری تھی۔اسرائیل نے 1967 میں جنگ کے ذریعے مشرقی بیت المقدس اور اولڈ سٹی پر قبضہ کرلیا تھا جو یہودیوں اور مسیحیوں کے لیے مقدس مقامات ہیں۔تناؤ کو دور کرنے کی کوشش میں اسرائیلی پولیس نے کہا کہ انہوں نے یہودی گروپوں پر 'یوم یروشلم' کے موقع پر بیت المقدس کے مقدس پلازہ کے دورے پر آنے کی پابندی عائد کردی ہے۔

علاوہ ازیں اسرائیلی پولیس کی جانب سے 'یوم یروشلم' پر منعقد ہونے والے مارچ کا معین راستہ بھی تبدیل کردیا جائے گا جس میں ہزاروں یہودی نوجوان پرچم لہراتے ہوئے اولڈ سٹی کے دمشق گیٹ اور مسلم کوارٹر سے گزرتے ہیں۔


براہ راست ویڈیو میں دکھایا گیا کہ فلسطینی اور اسرائیلی پولیس کے مابین جھڑپیں ہوئی اور اسرائیلی پولیس نے نہتے فلسطینوں پر گرینیڈ استعمال کیے۔تاہم یہ جھڑپیں گزشتہ ہفتے کے آخر میں ہونے والے پرتشدد واقعات کے مقابلے میں کم تھیں۔تازہ جھڑپوں میں ہلاکتوں کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ انہوں نے امن قائم رکھنے کے لیے ہزاروں اسرائیلی افسران کو یروشلم کی گلیوں اور چھتوں پر تعینات کیا ہے۔مشرقی بیت المقدس میں شیخ جرح کے پڑوس سے متعدد فلسطینی خاندانوں کو منصوبہ بندی کے تحت بے دخل کیے جانے پر بھی جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا۔


خیال رہے کہ اسرائیلی سپریم کورٹ میں طویل عرصے سے جاری بے دخلی کے معاملے پر اتوار کو سماعت ہوئی تھی، یاد رہے کہ ایک ٹرائل کورٹ نے یہودی آباد کاروں کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔تاہم فلسطینیوں نے فیصلے کی مخالفت کی تھی اور اس اقدام کو بیت المقدس سے بے دخل کرنے کی سازش قرار دیا تھا۔

امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون نے اتوار کے روز اپنے اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات میں بیت المقدس کی صورتحال کے بارے میں 'شدید خدشات' کا اظہار کیا تھا۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے بھی اتوار کے روز اس صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔


علاوہ ازیں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز کے حملوں کے بعد فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کے تل ابیب کے منصوبوں کی مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز نے بیت المقدس میں خصوصی عبادات کے لیے مسجد اقصیٰ کے قریب جمع ہونے سیکڑوں فلسطینیوں کو مسلسل دوسری رات بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 80 افراد زخمی ہوئے جن میں کم سن اور ایک سال کی عمر کا بچہ بھی شامل تھا جبکہ 14 افراد کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔


اس سے قبل جمعہ کو مشرقی بیت المقدس میں رات کے وقت ہونے والی جھڑپ میں اسرائیلی پولیس اور فلسطینی صحت ورکرز نے بتایا تھا کہ کم از کم 205 فلسطینی اور 17 اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔