
ویبھو سوریہ ونشی، تصویر/آئی اے این ایس
ویبھو سوریہ ونشی نے ہفتہ (14 نومبر) کو اپنے مختصر کرکٹ کیریئر میں ایک بڑی اور اہم کامیابی حاصل کی۔ وہ مردوں کے ٹی-20 کرکٹ کی تاریخ میں کپتانی کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے ہولکر اسٹیڈیم میں 27-2026 سید مشتاق علی ٹرافی کے دوران سوراشٹر کے خلاف میچ میں بہار کی کپتانی کرتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔ ویبھو سوریہ ونشی نے 15 برس اور 232 دنوں کی عمر میں بہار کی کپتانی سنبھال کر ٹی-20 میں سب سے کم عمر کپتان بننے کا کروشیا کے جیک ووکوسک کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ووکوسک نے 17 برس اور 311 دنوں کی عمر میں اپنی قومی ٹیم کی کپتانی کی تھی۔
سوریہ ونشی اب کرکٹ کے سب سے مختصر فارمیٹ میں سب سے کم عمری میں کپتانی کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ حالانکہ کپتان کی حیثیت سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ویبھو کے لیے بطور بلے باز یہ مقابلہ یادگار نہیں رہا۔ وہ 12 گیندوں پر 18 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں چیتن سکاریا نے آؤٹ کیا۔ حال ہی میں بین الاقوامی ٹی-20 کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کرنے والے سوریہ ونشی کو سید مشتاق علی ٹرافی کے لیے بہار کی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ یہ ان کے کیریئر کا ایک اہم مرحلہ ہے۔ بطور بلے باز اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے سوریہ ونشی کے پاس اب گھریلو کرکٹ کی سب سے باوقار ٹی-20 ٹرافی میں اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ہے۔
ہندوستان کو انڈر 19 ورلڈ کپ 2026 کا چمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے سوریہ ونشی نے رواں سال انگلینڈ کے خلاف اپنے ٹی-20 کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اب تک 10 ٹی-20 میچوں میں 2 نصف سنچریوں کی مدد سے 295 رن بنا چکے ہیں۔ زمبابوے کے خلاف کھیلی گئی ٹی-20 سیریز میں انہیں پلیئر آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا تھا۔ ویبھو اس ٹورنامنٹ میں سوراشٹر کے بعد ایک اور مقابلہ کھیلیں گے۔ اس کے بعد وہ دوحہ میں ہونے والے اے سی سی رائزنگ اسٹارز ایمرجنگ ٹورنامنٹ کے لیے انڈیا اے کی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ یہ مقابلہ 19 نومبر سے شروع ہونے والا ہے اور 50 اوور کے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔