
ہندوستانی خواتین کبڈی ٹیم، تصویر/آئی اے این ایس
ہندوستان نے کبڈی میں طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔ فائنل مقابلے میں ہندوستانی خواتین کبڈی ٹیم نے ایران کو 37-34 سے شکست دی۔ یہ ایشین گیمز 2026 میں ہندوستان کا تیسرا طلائی اور مجموعی طور پر 27 واں تمغہ ہے۔ پہلے ہاف میں ہندوستان کو اچھی برتری حاصل تھی، لیکن دوسرے ہاف میں ایران نے واپسی کرتے ہوئے ہندوستان کی برتری کو صرف ایک پوائنٹ تک محدود کر دیا تھا۔ مگر آخری 5 منٹ میں ہندوستانی ٹیم نے زبردست واپسی کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کر لیا۔
ہاف ٹائم تک ہندوستان کو ایران پر 22-16 کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں ایران نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اسکور 27-26 تک پہنچ گیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم آل آؤٹ ہو گئی تھی۔ مشکلات میں اضافہ ہو گیا، لیکن اسی دوران ٹائم آؤٹ ہوا، جس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے اپنی حکمت عملی بدلی اور ایران کی ٹیم پر زبردست دباؤ بنایا۔ آخری 5 منٹ میں ایران کے کھلاڑی شدید دباؤ میں تھے۔
یہ ایشین گیمز کی تاریخ میں چوتھی بار ہے، جب ہندوستانی خواتین کبڈی ٹیم نے طلائی تمغہ جیتا ہے۔ 2018 جکارتہ ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان کو چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا تھا، لیکن دیگر تمام مواقع پر ہندوستانی ٹیم نے طلائی تمغہ جیتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے ایشین گیمز میں تمغہ جیتنے کا 100 فیصد ریکارڈ بھی برقرار رکھا ہے۔
ایران کے ساتھ فائنل ختم ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم کی کپتان پشپا رانا نے تسلیم کیا کہ ایران ایک سخت مقابلہ دینے والی ٹیم ہوگی، لیکن پشپا کو پورا یقین تھا کہ ان کی ٹیم طلائی تمغہ جیت کر لائے گی۔ یہ ایشین گیمز 2026 میں ہندوستان کا تیسرا طلائی تمغہ ہے۔ اس سے قبل ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم، کمل جیت اور سروچی سنگھ نے مکسڈ 10 میٹر ایئر پسٹل شوٹنگ ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتا ہے۔ ہندوستان اس وقت 27 تمغوں کے ساتھ 12ویں مقام پر ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔