کھیل

دلیپ ٹرافی: سنٹرل زون کے خلاف ویبھو سوریہ ونشی نے کھیلی 92 رنز کی جارحانہ اننگ

سنٹرل زون کی ٹیم کو 266 رنوں پر سمیٹنے کے بعد ایسٹ زون کی شروعات زبردست رہی۔ ویبھو سوریہ ونشی نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 92 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔

<div class="paragraphs"><p>ویبھو سوریہ ونشی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ویبھو سوریہ ونشی، تصویر آئی اے این ایس

 

بنگلورو میں دلیپ ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل مقابلے میں سنٹرل زون کا مقابلہ ایسٹ زون کے ساتھ ہو رہا ہے۔ سنٹرل زون کی ٹیم کو 266 رنوں پر سمیٹنے کے بعد ایسٹ زون کی شروعات زبردست رہی۔ ویبھو سوریہ ونشی نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 92 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔ سیمی فائنل مقابلے کے دوسرے دن ایسٹ زون کو ویبھو نے ابھیمنیو ایشورن کے ساتھ مل کر بہترین شروعات دلائی۔ دونوں نے پہلے وکٹ کے لیے 153 گیندوں پر 162 رنز کی اچھی شراکت داری کی۔ ویبھو جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے نظر آئے اور انہوں نے 92 رنز بنانے کے لیے 81 گیندوں کا سامنا کیا۔

ویبھو بھلے ہی اپنی سنچری سے محروم رہ گئے ہوں، لیکن انہوں نے اپنی جارحانہ بلے بازی سے سنٹرل زون کے گیند بازوں کو خاصا پریشان کیا۔ ویبھو نے اپنی اس اننگز میں 7 چوکے اور 7 چھکے لگائے۔ ویبھو کی اننگز کا اختتام ہرش دوبے نے کیا۔ ہرش کی گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچانے کی کوشش میں ویبھو ارشد خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ دوسرے دن کے لنچ بریک تک ایسٹ زون نے پہلی اننگ میں 2 وکٹوں کے نقصان پر اسکور بورڈ پر 183 رنز بنا لیے ہیں۔ حالانکہ کمار کشاگر بلے سے کچھ خاص کمال نہیں دکھا سکے اور وہ پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ ابھیمنیو اپنی نصف سنچری مکمل کرکے کریز پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ وہیں سدیپ کمار ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

اس سے قبل گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ایسٹ زون نے سنٹرل زون کی پوری ٹیم کو پہلی اننگ میں 266 رنز پر سمیٹ دیا۔ سنٹرل زون کی جانب سے رنکو سنگھ نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 88 گیندوں پر 60 رنز بنائے۔ حالانکہ رنکو کو دوسرے سرے سے باقی بلے بازوں کا ساتھ نہیں مل سکا۔ آریان جویال نے 46 رنز کا تعاون دیا۔ ایسٹ زون کی جانب سے گیند بازی میں مکیش کمار اور ابھیجیت سرکار نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں۔ وہیں محمد شامی اور محمد کونین قریشی نے 2-2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔