کھیل

کامن ویلتھ گیمز 2026: ایک ہی دن میں 16 تمغے جیت کر ہندوستان نے ’میڈل ٹیبل‘ میں لگائی بڑی چھلانگ، آسٹریلیا ٹاپ پر برقرار

ہندوستان اب 13 گولڈ، 17 سلور اور 9 برونز میڈلز کے ساتھ میڈل ٹیبل میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ ہندوستان کے کل میڈلز کی تعداد اب 39 ہو گئی ہے اور ملک نے 6 درجوں کی چھلانگ لگائی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

تصویر/آئی اے این ایس

 

کامن ویلتھ گیمز 2026 میں ہندوستان کے لیے 10واں دن تاریخی رہا۔ ملک نے باکسنگ میں 10 میڈلز سمیت کل 16 میڈلز اپنے نام کیے۔ ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے میڈل ٹیبل میں بھی لمبی چھلانگ لگائی ہے۔ ہندوستان اب 13 گولڈ، 17 سلور اور 9 برونز میڈلز کے ساتھ میڈل ٹیبل میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ ہندوستان کے کل میڈلز کی تعداد اب 39 ہو گئی ہے اور ملک نے 6 درجوں کی چھلانگ لگائی ہے۔ آسٹریلیا 10ویں دن بھی اپنی بادشاہت برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔ آسٹریلیا کے پاس 61 گولڈ، 38 سلور اور 50 برونز میڈلز ہیں۔

انگلینڈ 25 گولڈ، 40 سلور اور 34 برونز میڈلز کے ساتھ کل 99 میڈلز لے کر دوسرے نمبر پر برقرار ہے۔ کناڈا 18 گولڈ سمیت 57 میڈلز جیت کر تیسرے نمبر پر قابض ہے۔ ہندوستان کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے میزبان اسکاٹ لینڈ اب پانچویں نمبر پر کھسک گیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے 12 گولڈ، 8 سلور اور 17 برونز میڈلز ہیں۔ دوسری طرف نائجیریا 10 گولڈ سمیت کل 21 میڈلز جیت کر چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ ویلز 8 گولڈ، 10 سلور اور 12 برونز میڈلز لے کر ساتویں مقام پر ہے۔ نیوزی لینڈ 8 گولڈ کے ساتھ کل 27 میڈلز جیت کر آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

10ویں روز ہندوستانی ایتھلیٹس کی کارکردگی لاجواب رہی۔ خاص طور پر ہندوستانی مکے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کل 10 میڈلز اپنے نام کیے، جس میں 7 گولڈ شامل رہے۔ مردوں کے زمرے میں انکش پنکھال اور سچن سواچ نے گولڈ میڈل جیتا، جبکہ خواتین کے زمرے میں جیسمین لیمبوریا، ساکشی چودھری، پریا گھنگھس، اروندھتی چودھری اور پریتی نے ’گولڈن پنچ‘ لگایا۔ دوسری جانب جدومنی سنگھ، لولینا بورگوہین اور نریندر بیروال نے سلور میڈل جیتا۔ ساتھ ہی ٹرپل جمپ میں پروین چترالیل نے سلور، جبکہ سیلوا پربھو تھیرومارن نے برونز میڈل جیتا۔ شاٹ پٹ میں بھی ہندوستان کا مظاہرہ شاندار رہا۔ سومن رانا نے گولڈ، جبکہ شبھم جویال نے سلور میڈل پر قبضہ جمایا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔