
پریتی پوار، تصویر/آئی اے این ایس
ہندوستانی خاتون باکسر پریتی پوار نے 54 کلوگرام وزن کے زمرے میں خاتون باکسنگ مقابلے کے فائنل میں کناڈا کی باکسر کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ پریتی نے اس انتہائی سنسنی خیز مقابلے کو یکطرفہ انداز میں جیتا اور یہ 22 سالہ ہندوستانی خاتون باکسر کا کامن ویلتھ گیمز میں پہلا تمغہ رہا۔ یہی نہیں اس کے فوراً بعد 57 کلوگرام وزن کے زمرے میں خاتون باکسنگ فائنل مقابلے میں جیسمین لمبوریا نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ ہندوستان نے باکسنگ میں یکے بعد دیگرے 2 گولڈ میڈل جیتے۔
فائنل مقابلے میں ہندوستانی باکسر پریتی نے شروع سے آخر تک اپنا دبدبہ قائم رکھا اور خواتین کے 54 کلوگرام فائنل کا پہلا راؤنڈ اسکارلیٹ سوانا ڈیلگاڈو کے خلاف 5-0 کے یکطرفہ فیصلے سے جیت لیا۔ تمام پانچوں ججوں نے ایک جیسا 10-9 کا اسکور دے کر ان کے حق میں فیصلہ سنایا۔ پہلے راؤنڈ کی طرح دوسرا راؤنڈ بھی پریتی کے حق میں رہا تھا۔ اس کے علاوہ، ڈیلگاڈو کو ایک پنالٹی پوائنٹ ملا جس سے اسکور ہندوستانی کھلاڑی کے حق میں مزید بہتر ہو گیا۔ تمام پانچوں ججوں نے ایک جیسا ہی 20-18 کا اسکور دیا۔
پریتی کے بعد جیسمین لمبوریا نے بھی گلاسگو میں اپنے پنچ کا دم دکھایا اور انہوں نے بھی ملک کے لیے گولڈ میڈل جیتنے کا کارنامہ انجام دیا۔ جیسمین لمبوریا نے خواتین کے 57 کلوگرام فائنل میں شمالی آئرلینڈ کی مائیکلا والش کو 5-0 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ جیسمین نے اس سے قبل 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستان کے لیے لائٹ ویٹ کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ یہ ان کا کامن ویلتھ گیمز میں دوسرا میڈل رہا۔
باکسنگ میں حاصل 2 گولڈ میڈلز کے بعد کامن ویلتھ گیمز 2026 میں ہندوستان کے گولڈ میڈلز کی مجموعی تعداد اب 7 ہو گئی ہے۔ تمغوں کی فہرست میں ہندوستان اب 7 گولڈ، 12 سلور اور 6 برونز میڈلز کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔
گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی درج ذیل ہیں:
میرا بائی چانو: خواتین کی 48 کلوگرام ویٹ لفٹنگ
شرمیلا دھنکھڑ: پیرا ایتھلیٹکس (خواتین، شاٹ پٹ ایف-57)
دلیپ مہادو گاویت: پیرا ایتھلیٹکس (مردوں کی 100 میٹر ٹی-47)
اسمیتا دے: جوڈو (خواتین، 48 کلوگرام)
ہرش سنگھ: جوڈو (مینز، 48 کلوگرام)
پریتی پوار: باکسنگ (خواتین، 54 کلوگرام)
جیسمن لمبوریا: باکسنگ (خواتین، 57 کلوگرام)
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔