کھیل

ٹیم انڈیا کے’ بچے‘ پر بی سی سی آئی مہربان! غیر ملکی دورے پر ویبھو سوریہ ونشی کے ساتھ والدین کو بھی بھیجنے کا فیصلہ

ٹیم انڈیا کے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے تسلیم کیا کہ ویبھو کے کھیل نے سلیکٹروں کو انہیں ٹیم میں شامل کرنے کے لیے مجبور کردیا۔ اتنی کم عمر میں جس طرح وہ دباؤ والے میچوں میں کھیل رہا ہے، وہ غیر معمولی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ویبھو سوریہ ونشی ایوارڈز کے ساتھ، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/IPL">@IPL</a></p></div>

ویبھو سوریہ ونشی ایوارڈز کے ساتھ، تصویر ’ایکس‘ @IPL

 

ہندوستانی کرکٹ میں 15 سال کی عمر میں ٹیم انڈیا تک پہنچنا اپنے آپ میں غیر معمولی کامیابی ہے لیکن ویبھو سوریہ ونشی کی کہانی صرف ریکارڈ اور رنوں تک محدود نہیں ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس نوعمر بلے باز کے لیے ایک ایسا خصوصی انتظام کیا ہے، جو بتاتا ہے کہ بورڈ اس کی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ عمر اور ضروریات پر بھی سنجیدہ ہے۔

Published: undefined

آئندہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم میں منتخب کیے گئے ویبھو سوریہ ونشی انگلینڈ دورے پر اپنے والدین کے ساتھ جا سکیں گے۔ بی سی سی آئی نے خصوصی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ 15 سال کے کھلاڑی کو غیر ملکی حالات اور سینئر ٹیم کے سینئر ماحول میں آسانی محسوس کرانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری دیوجیت سیکیا نے ’ہندوستان ٹائمز‘ کو بتایا کہ ویبھو ابھی نابالغ ہے اور اب تک اپنی عمر کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہی سفر کیا ہے لیکن سینئر ہندوستانی ٹیم کے ساتھ ماحول بالکل مختلف ہوگا، اس لیے بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کے والدین یا خاندان کا کوئی فرد ساتھ رہ سکتا ہے۔

Published: undefined

سیکیا نے کہا کہ وہ ابھی بہت چھوٹا ہے، انڈر-19 سطح پر وہ اپنے ہم عمر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتا اور سفر کرتا تھا لیکن سینئر ٹیم کے سبھی کھلاڑی بالغ ہیں، اس لیے ہم نے محسوس کیا کہ اس کے والدین کا ساتھ ہونا بہتر ہوگا۔ فی الحال، ویبھو سری لنکا میں انڈیا اے ٹیم کے ساتھ سہ رخی سیریز کھیل رہے ہیں۔ ان کے والد بھی جلد ہی وہاں پہنچنے والے ہیں۔ بی سی سی آئی نے واضح کیا ہے کہ اگر خاندان انگلینڈ دورے پر بھی ساتھ جانا چاہتا ہے تو بورڈ ہر ممکن تعاون کرے گا۔

Published: undefined

یہ سہولت عام طور پر کسی کھلاڑی کو نہیں دی جاتی، لیکن ویبھو کا معاملہ مختلف ہے۔ بی سی سی آئی کا ماننا ہے کہ اتنی کم عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کے دباؤ اور نئے حالات سے ہم آہنگ ہونے کے لیے خاندان کا تعاون ضروری ہے۔ ویبھو کے لیے 2026  کسی خواب سے کم نہیں رہا ہے۔ انہوں نے پہلے انڈر- 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 175 رنوں کی تاریخی اننگز کھیل کر ہندوستان کو خطاب دلایا۔ اس کے بعد آئی پی ایل 2026 میں راجستھان رائلز کے لیے 16 میچوں میں 776 رنز بنا ڈالے۔ 237.30 کے دھماکہ خیز اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ انہوں نے اورنج کیپ اور موسٹ ویلیو ایبل پلیئر جیسے بڑے اعزازات بھی حاصل کئے۔

Published: undefined

ویبھو کی شاندار کارکردگی کا اثر سلیکشن میٹنگ میں نظر آیا۔ چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے تسلیم کیا کہ ویبھو کے کھیل نے سلیکٹروں کو انہیں ٹیم میں شامل کرنے کے لیے مجبور کردیا۔ اگرکر نے کہا کہ اس نے اپنی کارکردگی سے خود کو منتخب کرا لیا ہے۔ اتنی کم عمر میں جس طرح وہ دباؤ والے میچوں میں کھیل رہا ہے، وہ غیر معمولی ہے۔ وہ میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہمیں اس سے مستقبل میں کافی امیدیں ہیں۔ اس وقت سبھی کی نظریں اس بات پر ہیں کہ آیا ویبھو سوریہ ونشی ہندوستان کے لیے میدان پر اتر کر ایک اور تاریخ رقم کرپائے گا، لیکن اس سے پہلے بی سی سی آئی کے اس فیصلے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ اپنے سب سے کم عمر اسٹار کو صرف کھلاڑی نہیں بلکہ ایک بچے کے طور پر بھی دیکھ رہی ہے۔

Published: undefined

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined