
مردوں کی کبڈی ٹیم، تصویر/آئی اے این ایس
ہفتہ (26 ستمبر) کو ایشین گیمز 2026 میں ہندوستان کو کبڈی میں دوسرا طلائی تمغہ حاصل ہوا۔ مردوں کی کبڈی ٹیم نے فائنل میں ایران کو 40-34 سے شکست دے کر کمال کر دیا۔ پہلے ہاف میں ایران نے برتری حاصل کر لی تھی۔ پھر دوسرے ہاف میں ہندوستانی ٹیم کی طرف سے شاندار واپسی دیکھنے کو ملی۔ ایک وقت پر ہندوستان ایران کو آل آؤٹ بھی کر دیا تھا۔ اس کے بعد ٹیم نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ اس سے قبل خواتین کی کبڈی ٹیم نے بھی ایران کو 37-34 سے شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔
پہلے ہاف یعنی شروعاتی 20 منٹ میں ایران نے 18-17 کی برتری حاصل کر لی تھی۔ لیکن دوسرے ہاف میں ہندوستانی ٹیم نے 23-16 کا اسکور کر کے مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ آخری ہاف میں آل آؤٹ ہونے کے بعد ایران کی ٹیم دباؤ میں نظر آئی۔ ہندوستان اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس ہاف میں ہندوستان کی طرف سے شاندار دفاع دیکھنے کو ملا۔ 1990 سے 2026 تک کھیلے گئے ایشین گیمز کے 10 ایونٹس میں ہندوستان کی مردوں کی کبڈی ٹیم نے 9 بار طلائی تمغہ اپنے نام کیا ہے۔ صرف 2018 میں مردوں کی کبڈی ٹیم طلائی تمغہ نہیں جیت پائی تھی۔
واضح رہے کہ ایشین گیمز 2026 میں مجموعی طور پر ہندوستان نے اب تک 4 طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔ سب سے پہلا طلائی تمغہ خواتین کرکٹ ٹیم نے جیتا تھا، اس کے بعد شوٹنگ کی مکسڈ ٹیم اور کبڈی کی خواتین و مردوں کی ٹیم نے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ مردوں کی کبڈی ٹیم کے مقابلہ سے قبل ہندوستان کی خواتین کی کبڈی ٹیم نے آج ہی فائنل میں ایران کو 37-34 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا تھا۔ اس میچ میں کانٹے کی ٹکر دیکھنے کو ملی تھی۔ شروعات میں دونوں ہی ٹیمیں ایک دوسرے پر حاوی نظر آئیں، لیکن آخر میں ہندوستان نے شاندار کارکردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کر لیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ چوتھے طلائی تمغے کے ساتھ ہندوستان کے پاس مجموعی طور پر 28 تمغے ہو گئے ہیں۔ طلائی تمغہ جیتنے کے ساتھ ہندوستان میڈل ٹیلی میں 10 ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ 4 طلائی تمغہ کے علاوہ 11 چاندی اور 13 کانسہ کے تمغے ہیں۔ گزشتہ یعنی ایشین گیمز 2023 میں ہندوستانی دستے نے مجموعی طور پر 107 تمغے جیتے تھے۔ اب دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ اس دفع ہندوستان اپنا ریکارڈ توڑ پاتا ہے یا نہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔