سماج

بھارت: انسانی فضلہ ہاتھوں سے صاف کرنے کی روایت برقرار

بھارت میں انسانی غلاظت کو ہاتھوں سے صاف کرنے پر قانوناً پابندی کے باوجود مختلف علاقوں میں یہ سلسلہ جاری ہے۔ اس میں سینکڑوں لوگوں کی جانیں جا چکی ہیں۔ یہ کام 'نچلی ذات کے ‘ دلت ہندو کرتے ہیں۔

علامتی تصویر آئی اے این ایس
علامتی تصویر آئی اے این ایس  

بھارت سرکار نے جولائی میں دعوٰی کیا تھا کہ ہاتھوں سے انسانی فضلہ کو صاف کرنے کی وجہ سے ملک میں کوئی موت نہیں ہوئی۔ لیکن حکومت کو اس بیان پر سماجی کارکنوں کی سخت نکتہ چینی کا سامنا کرنا پڑا۔ سرکاری حکام نے بعد میں اعتراف کیا کہ نالوں اور سیپٹک ٹینکوں کی صفائی کے دوران ملک بھر میں 941 صفائی مزدور ہلاک ہوگئے۔

Published: undefined

ہاتھوں سے غلاظتوں کی صفائی کے رواج کو ختم کرنے کے لیے سرگرم تنظیم صفائی کرمچاری آندولن کے رہنما بیجواڑہ ولسن کہتے ہیں کہ صرف گزشتہ چار برسوں کے دوران ہی 472 صفائی مزدوروں کی موت ہوگئی جبکہ ہاتھوں سے فضلہ صاف کرنے کی وجہ سے رواں سال اب تک 26 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

Published: undefined

ہاتھوں کے ذریعہ غلاظتوں کی صفائی کے دوران انسانوں کے فضلہ کو نالوں، سیوریج یا سیپٹک ٹینکوں سے نکالا جاتا ہے۔ یہ کام بالعموم ہندو فرقے میں سب سے نچلی ذات کے سمجھے جانے والے دلت کرتے ہیں۔ بڑی تعداد میں دلت خواتین سے بھی بالخصوص دیہی علاقوں میں یہ کام کروایا جاتا ہے۔

Published: undefined

غیر انسانی فعل

بھارت سرکار ہاتھوں سے فضلہ کی صفائی کرنے اور سیوریج اور سیپٹک ٹینکوں کی صفائی کے کام کو الگ الگ زمروں میں تقسیم کرتی ہے۔ لیکن مزدوروں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ یہ محض گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ دونوں میں عملاً کوئی فرق نہیں ہے۔ صفائی مزدوروں کو انسانی غلاظت کو دوسری جگہ لے جانے اور انہیں ٹھکانے لگانے کے لیے مجبور کیا جاتا ہے۔

Published: undefined

بھارت نے سن 2013 میں ایک قانون بنا کر ہاتھوں کے ذریعہ فضلہ کی صفائی کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔ اس قانون میں ہاتھوں سے فضلہ کی صفائی کو ”غیر انسانی فعل" قرار دیا گیا ہے اور ” ہاتھوں سے غلاظت صاف کرنے والوں کے ساتھ ہونے والی تاریخی ناانصافی اور ان کے وقار کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے" پر زور دیا گیا ہے۔

Published: undefined

تاہم یہ قانون اب تک عملاً نافذ نہیں ہوسکا ہے اور بھارت کے مختلف حصوں میں اب بھی ہاتھوں سے انسانی فضلہ کی صفائی کا کام جاری ہے۔ عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) کی سن 2019 کی ایک رپورٹ بتاتی ہے کہ قانون کے نفاذ کے فقدان اور کمزور قانونی تحفظ نیز صفائی مزدوروں کی خراب مالی حالت کی وجہ سے ہاتھوں سے غلاظت کی صفائی کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

Published: undefined

ورلڈ بینک، ڈبلیو ایچ او، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن(آئی ایل او) اور واٹر ایڈ کی طرف سے مشترکہ طورپر کرائی گئی ایک تحقیق کے مطابق صفائی کرنے والے ان مزدوروں کو بہت معمولی اجرت ملتی ہے اور وہ بھی مستقل نہیں۔ تحقیقات میں پایا گیا کہ کئی مرتبہ تو ان مزدوروں کو پیسے بھی نہیں دیے گئے اور اس کے بدلے میں انہیں بچا کھچا کھانا یا دیگر خوردنی اشیاء لینے پر مجبور کیا گیا۔

Published: undefined

اترپردیش میں ایک صفائی مزدور نے ڈی ڈبلیو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،” کوئی بھی اپنی مرضی سے یہ کام کرنا پسند نہیں کرتا ہے۔ ہم اس پیشے میں پھنس گئے ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے بہتر زندگی گزاریں۔ اس سماجی لعنت کی وجہ سے ہمیں اور ہمارے خاندان کو بہت نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔"

Published: undefined

حقوق انسانی کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی ایک رپورٹ کے مطابق جولوگ غلاظت اٹھانے کا کام کرنے سے منع کرتے ہیں انہیں اعلٰی ذات کے لوگوں کی طرف سے دھمکی اور زیادتی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

Published: undefined

بھارت سرکار نے گزشتہ برس سووچھ بھارت ابھیان (صفائی مہم) کے تحت متعدد اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ ان میں ہاتھوں سے فضلہ اٹھانے کے خطرناک کام کو اگست 2021 تک ختم کردینے اور صفائی مزدوروں کے ساتھ تفریق آمیز سلوک کا خاتمہ شامل ہے۔ تاہم یہ ہدف ابھی بہت دور ہے۔ سماجی انصاف کے نائب وزیر رام داس اٹھاولے نے گزشتہ ماہ پارلیمان کو بتایا کہ ملک بھر میں ہاتھوں سے فضلہ اٹھانے والے66 ہزار 692 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔

Published: undefined

زندگی کو لاحق خطرات

ہاتھوں سے فضلہ کی صفائی کرنے والوں کوزہریلی گیسوں کی وجہ سے دم گھٹ کر ہلاک ہوجانے کا خطرہ رہتا ہے۔ وہ اکثر ہیضہ، یرقان، ورم جگر، میننجائٹس، جلدی بیماریوں اور امراض قلب میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ انہیں کام کے دوران عام طورپر ضروری اور مناسب حفاظتی آلات اور سامان فراہم نہیں کیے جاتے۔

Published: undefined

غیر حکومتی تنظیم سلبھ انٹرنیشنل کے بانی بندیشور پاٹھک کہتے ہیں،” بیشتر اموات سیپٹک ٹینکوں اور نالوں کی صفائی کے دوران ہوتی ہیں۔ حفاظتی اقدامات کی بہت قلت ہے۔ مثلاً نالوں میں میتھین گیس بھرا ہوتا ہے اور وہاں لیمپ لے کرجانا خطرے کو دعوت دینا ہوتا ہے۔"

Published: undefined

دہلی سمیت بعض ریاستوں میں نالوں کی صفائی کے لیے اب مشینوں کا استعمال ہونے لگا ہے۔ تاہم ملک کے بیشتر حصوں میں اب بھی ایسی مشینیں دستیاب نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ پتلی گلیوں کی وجہ سے یہ بڑی مشینیں وہاں تک نہیں پہنچ پاتی ہیں اور سیپٹک ٹینکوں کا ڈیزائن بھی اتنا خراب ہے کہ یہ مشینیں ان میں کام نہیں کرپاتی ہیں۔

Published: undefined

وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت پورے ملک میں ہر گھر کو ٹوائلٹ فراہم کرنے کی مہم چلارہی ہے تاکہ کھلے میدان میں رفع حاجت کا رجحان کم ہوسکے۔ بہت سی غیر سرکاری تنظیمیں بھی صفائی مزدوروں کو دیگر پیشے اپنانے کے لیے تعلیم و تربیت دے رہی ہیں تاکہ انہیں ہاتھوں سے غلاظت کی صفائی کا کام کرنے پرمجبور نہ ہونا پڑے۔

Published: undefined

بندیشور پاٹھک کہتے ہیں،” اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے تنظیموں اور حکومت کو مل کر پوری لگن اور سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا۔"

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined

,
  • ’بی جے پی نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا‘، کانگریس امیدوار آنند شرما نے کانگڑا میں کی انتخابی مہم کی شروعات