
تاریخ کا اولین ایس ایم ایس نیلام کیا جا رہا ہے۔ برطانوی ٹیلی کام کمپنی ووڈا فون کے مطابق یہ اس ٹیکسٹ میسج کو این ایف ٹی یا 'نان فنجیبل ٹوکن‘ کے طور پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ قانونی وجوہات کی بنا پر نیلامی میں کامیاب ہونے والے کو 'حقیقی اثاثے‘ بھی فراہم کیے جائیں گے جن میں اس ایس ایم ایس کی ایک فریم کی ہوئی ڈیجیٹل تصویر بھی شامل ہو گی۔
اس ایس ایم ایس کو خریدنے والا اس کی ادائیگی کرپٹو کرنسی ایتھر یا ایتھیریم میں کرے گا، جو بِٹ کوائن کے بعد دوسری سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ہے۔
پیرس میں اس ایس ایم ایس کی نیلامی کرنے نیلام گھر 'آگوٹیس‘ کا کہنا ہے کہ وہ توقع کر رہی ہے کہ یہ ایک لاکھ یورو سے دو لاکھ یورو کے درمیان فروخت ہو جائے گا۔
ووڈا فون کی طرف سے تین دسمبر 1992ء کو بھیجا گیا اولین ایس ایم ایس 15 کریکٹرز پر مبنی ہے اور یہ تھا 'میری کرسمس‘ یعنی کرسمس مبارک باد۔
کمپیوٹر پروگرامر نیل پاپورتھ نے یہ میسج اپنے ایک ساتھی رچرڈ جاروِس کو بھیجا تھا جنہوں نے اسے کمپنی کی طرف سے منعقد کردہ کرسمس پارٹی کے دوران وصول کیا۔
ووڈا فون نے کہا ہے کہ اولین ایس ایم ایس کے نان فنجیبل ٹوکن کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی اقوام متحدہ کی مہاجرین کی بہبود کے لیے کام کرنے والی ایجنسی (یو این ایچ سی آر) کو عطیہ کر دی جائے گی۔
یو این ایچ سی آر کے پرائیویٹ سیکٹر پارٹنر شپ سروس کے سربراہ کرسٹیان شاکے کے مطابق، ''ٹیکنالوجی کے پاس ہمیشہ یہ طاقت رہی ہے کہ وہ اختراع لا سکے اور دنیا کو بدل سکے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔