واکاتھن کرتے ہوئے عازمین حج
تصویر: پریس ریلیز
نئی دہلی: ہندوستان اور پورے عالم اسلام میں ماہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی موسم حج کی بھی ابتدا ہو جاتی ہے اور حجاج کرام مناسک حج، مخصوص دعاؤں کی یاد گردانی اور روحانی اعمال پر توجہ کے ذریعے فریضہ حج کی تیاریوں میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ رمضان المبارک کو الوداع کہنے اور عیدالفطر کے بعد شوال المکرم کے مہینے میں حج کی تیاریوں کا سلسلہ مزید تیزی کے ساتھ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہو جاتا ہے کہ اب آئندہ ماہ ذوالقعدہ میں حج پروازیں مقدس شہر رسول مدینہ المنورہ اور مکہ مکرمہ کے لیے جدہ روانہ ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔
Published: undefined
گزشتہ برسوں میں دیکھا جاتا رہا ہے کہ سعودی عربیہ پہونچنے کے بعد وہاں کی جغرافیائی صورتحال، تیز دھوپ، شدید گرمی اور بخار کی بناء پر اور جذبِ ایمانی سے مغلوب ہو کر طواف و سعی، مقام مقدسہ کی زیارات اور عمرہ کی تکرار کی وجہ سے حجاج کرام حج کے اصل، حقیقی اور مخصوص ایام کی آمد اور خیموں کے شہر منیٰ پہونچنے سے پہلے ہی جسمانی اعتبار سے بہت خستگی کے شکار ہو کر مضمحل ہو جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ پہلے سے کمزور جسمانی و ذہنی قوی رکھنے والے افراد تو بیمار بھی پڑ جاتے ہیں۔ حجاج کرام کو ایسی تمام صورت حال سے دو چار ہونے سے محفوظ رکھنے کے لیے مملکت سعودی عربیہ کی وزارتِ حج و عمرہ اور حکومت ہند میں حج امور کی نگراں وزارت اقلیتی امور کی تجاویز پر حجاج کرام کو حج کے سفر کے دوران جسمانی اعتبار سے صحت مند اور چست و درست رکھنے کے لیے روزانہ پیدل چلنے اور قوت بخش ورزشوں کی مشق جاری رکھنے کے لیے رغبت اور دلچسپی پیدا کرنے پر توجہ مبذول کرانے اور اسی مقصد کے عملی حصول کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے گزشتہ 18 اپریل کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کریٹ گراؤنڈ میں حج انتظامات اور حجاج کرام کی کلی فلاح و بہبود کے لیے پہلی دفعہ ایک ’حج واکاتھن‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں حکومت ہند کے وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف، حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی اور دیگر شخصیات کے ساتھ بڑی تعداد میں دہلی کے مرد و خواتین عازمین حج نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
Published: undefined
اسی ضمن میں ان دنوں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل میں جاری 15 روزہ حج تربیتی پروگرام میں بھی ارکان و مسائل اور حج سے متعلق مختلف امور و معاملات کے ساتھ ساتھ ہیلتھ اور فٹنس پروگرام کے تحت ضروری جسمانی ورزشوں کی تربیت پر مشتمل ایک مکمل سیشن رکھا گیا ہے۔ اس میں حکیمی نکتہ نظر سے عملی طور پر جسمانی ورزشوں کی تربیت کے ماہر حکومت ہند سے سبکدوش مشہور و معروف شخصیت ڈاکٹر بدرالاسلام کیرانوی اور ان کی شریک کار خاتون ٹرینر کوثر حجاج کرام کو صحت مند رہنے اور دوران حج ذہنی دباؤ سے محفوظ ہوکر تر و تازہ رہنے کی تربیت دے رہے ہیں۔
Published: undefined
دیکھا جارہا ہے کہ حج کمیٹی کی طرف سے حج منزل میں دی جا رہی تربیت اور حج واکاتھن سے ترغیب پا کر دہلی کے مختلف علاقوں میں حجاج کرام ذہنی و روحانی تیاریوں کے ساتھ ساتھ اب جسمانی ورزشوں کی جانب بھی توجہ دینے لگے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined