
وندے ماترم، تصویر سوشل میڈیا
نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے ’وندے ماترم‘ کے سلسلے میں جاری کردہ سرکلر کو نہایت تشویشناک قرار دیا ہے۔ انھوں نے واضح کیا ہے کہ یہ قدم دستور ہند کی دفعہ 25 کے تحت حاصل مذہبی آزادی کو سلب کرنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین ہند میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے، اس کی تبلیغ کرنے اور اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کا ناقابل تنسیخ حق فراہم کیا گیا ہے۔ اس لیے کسی کے مذہبی عقیدہ کے خلاف اسے مخصوص نظم یا کلام کو پڑھنے پر مجبور کرنا آئین کے منافی ہے۔
Published: undefined
مولانا محمد حکیم الدین قسمی نے بتایا کہ ’وندے ماترم‘ کے مکمل متن، خصوصاً چوتھے اور پانچویں بند میں مورتی وندنا اور بعض ہندو دیوی دیوتاؤں کا ذکر موجود ہے۔ اسلامی عقیدۂ توحید کے پیش نظر مسلمان غیر اللہ کی تعظیم یا پرستش نہیں کر سکتا اور نہ اس کی عبادت کا اظہار کر سکتا ہے۔ ایسا کرنے سے اس کا ایمان سلب ہو جائے گا۔
Published: undefined
مولانا حکیم الدین قاسمی کا کہنا ہے کہ جمعیۃ علماء ہند فی نفسہ اس نظم کی مخالف نہیں ہے۔ اگر اکثریتی مذہب کے لوگ اسے پڑھنا چاہیں، تو ان کو اختیار ہے، ہم ان کی راہ میں نہیں آتے۔ لیکن اسے تمام شہریوں کے لیے لازم قرار دینا یا اسکولوں میں کمسن بچوں کو اس کے پڑھنے پر آمادہ یا مجبور کرنا مذہبی آزادی پر قدغن لگانے کے مترادف ہوگا۔ ہندوستان ایک تکثیری اور کثیر المذاہب ملک ہے جہاں آئین کی بالادستی اور ’کثرت میں وحدت‘ کا اصول ہی قومی یکجہتی کی بنیاد ہے۔ اس بنیاد کو کمزور کرنے والا کوئی بھی قدم ملک کے مفاد میں نہیں ہو سکتا۔
Published: undefined
مسلمانانِ ہند کا یہ متفقہ اور دو ٹوک موقف ہے کہ مذہبی آزادی کے منافی کسی بھی فیصلے کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ ہم حکومت ہند سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آئینی تقاضوں، عدالتی نظائر اور ملک کے ہمہ رنگ سماجی ڈھانچے کو پیش نظر رکھتے ہوئے مذکورہ سرکلر پر فوری نظر ثانی کرے تاکہ ملک میں مذہبی آزادی، آئینی وقار اور سماجی ہم آہنگی برقرار رہ سکے۔ جہاں تک وطن سے محبت کا تعلق ہے، تو یہ ہمارا دینی تقاضا ہے۔ ہم وطن سے ہمیشہ محبت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، لیکن کوئی ایسا لفظ قابل قبول نہیں جو عبادت کے زمرے میں آتا ہے، جس کا حق ہمیں ہمارے ملک کے آئین نے دیا ہے اور جس کی بنیاد پر یہ ملک شیشہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: محمد تسلیم