سیاسی

فلسطین معاملے پر قومی اتفاق رائے کا فقدان... سراج نقوی

فلسطین کا اس مشکل گھڑی میں ساتھ چھوڑنا صرف غیر دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہے بلکہ اس سے قومی اتفاق رائے سے بننے والی روز اوّل سے جاری ہماری خارجہ پالیسی کو بھی خاک میں ملا دیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>اسرائیلی حملے کے بعد غزہ میں تباہی کا منظر، تصویر Getty Images</p></div>

اسرائیلی حملے کے بعد غزہ میں تباہی کا منظر، تصویر Getty Images

 
AHMAD HASABALLAH

7 اکتوبر کو فلسطین کی حریّت پسند تنظیم حماس کے اسرائیل پر کیے گئے بھرپور حملے کے بعد وزیر اعظم نے جس طرح صہیونی حکومت کے حق میں بیان دیا وہ حیران کن تھا۔ اس لیے کہ ملک کی تاریخ میں غالباً پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ ہماری حکومت نے مسئلہ فلسطین پر قومی اتفاق رائے سے ہٹ کر ایسا بیان دیا کہ جس کی توقع فلسطین یا عالمِ اسلام کو بہرحال نہیں رہی ہوگی۔ البتہ یہ بات بہرحال قابل ذکر ہے کہ اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے اپنی قومی ورکنگ کمیٹی کے میٹنگ میں واضح الفاظ میں فلسطینی کاز کی حمایت کا موقف دوہرایا۔

Published: undefined

ملک کی آزادی کے بعد سے ہی ہندوستان کا فلسطین کے تعلق سے یہ واضح موقف رہا ہے کہ اسرائیل کا سرزمین فلسطین پر قبضہ غاصبانہ ہے، اور اسے وہاں سے ہٹ جانا چاہیے۔ یہی سبب ہے کہ جب مغرب کی سازشوں سے اسرائیل وجود میں آیا تب بھی ہندوستان ان ممالک میں شامل تھا کہ جنھوں نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا تھا۔ خارجہ پالیسی کے تعلق سے یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ملک کی مختلف سیاسی پارٹیاں ماضی میں ایک دوسرے سے خواہ کتنی بھی سیاسی لڑائی لڑتی رہی ہوں لیکن خارجہ پالیسی کے تعلق سے ایک طرح کا قومی اتفاق رائے پورے ملک کی سیاسی قیادت کے درمیان رہا ہے۔ اس معاملے میں ملک نے پارٹی کی سیاست سے اوپر اٹھ کر دنیا کو یہ مثبت پیغام دیا ہے کہ ہندوستان میں کسی بھی پارٹی کی حکومت آئے لیکن اس کا اثر خارجہ پالیسی پر نہیں پڑتا۔ اس حکمت عملی کے سبب ہندوستان کی خارجہ پالیسی کی دنیا چند سال پیشتر تک معترف رہی ہے۔ جنتا پارٹی کی حکومت میں جب وزارت خارجہ کا قلم دان بی جے پی کے اٹل بہاری واجپئی کے پاس تھا تو انھوں نے بھی مسئلہ فلسطین کے تعلق سے صاف کہا تھا کہ اسرائیل نے فلسطین کی زمین غصب کی ہے، لہذٰا اسے ہر حال میں اسے خالی کرنا ہوگا۔

Published: undefined

لیکن اسے کیا کہیے کہ حماس اور اسرائیل کی تازہ جنگ میں وزیر اعظم مودی نے کھلے طور پر اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہونے کی بات کہی اور حماس کے اسرائیل پر کیے گئے حملے پر کہا کہ وہ اس سے حیران یا shocked  ہیں۔ اگر حماس نے اسرائیل سے اپنی ہی سرزمین واپس لینے کے لیے اس پر ان حالات میں حملہ کیا کہ امریکہ سمیت عالمی برادری یا کم از کم مغربی ممالک کا بڑا حصہ فلسطین کے جائز مطالبے کو نظر انداز کر رہا تھا، تو اس میں حیران یا shocked  ہونے کی کیا بات ہو سکتی ہے۔ اسرائیل جب دل چاہتا ہے فلسطین کے کسی بھی علاقے پر حملہ کر کے بے گناہ شہریوں کو قتل کر دیتا ہے۔ کبھی بھی فلسطین کے بچے کھچے علاقے میں نئی یہودی بستیاں بسانے کا اعلان کر دیتا ہے، اور دنیا اسے توسیع پسندی کے خطرناک کھیل سے روکنے کی سنجیدہ کوشش تک نہیں کرتی۔ اسرائیلی بربریت کو حق دفاع کہہ کر اس کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، اور اب جبکہ حماس نے اسرائیلی جارحیت کا منھ توڑ جواب دے کر دنیا کو حیران کر دیا ہے، اسرائیل کو اس کی اوقات بتا دی ہے تو دنیا کے دیگر دوغلے رہنماؤں کی طرح مودی کو بھی لگتا ہے کہ حماس کا عمل دہشت گردی ہے۔ شاید اس کا سبب یہ ہے کہ مغرب نے دہشت گردی کی جو تعریف طے کی ہے اس میں مسلمانوں کی اپنے جائز حقوق کے لیے لڑائی کو بھی دہشت گردی کہہ کر اس کی حوصلہ شکنی کرنے کی پالیسی کے طور پر قبول کر لیا گیا ہے۔ اس کی بے شمار مثالیں سامنے ہیں۔ مودی بھی اسی پالیسی کے تحت اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہونے اور حماس کی حریت پسندی کو دہشت گردی بتا کر بد دیانت مغربی دنیا کے ساتھ خود کو کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔

Published: undefined

لیکن جہاں تک ہمارے ملک کا تعلق ہے تو کم از کم مسئلہ فلسطین کے تعلق سے ملک کے عوام کا موقف بھی مودی حکومت کے برعکس ہے۔ حالانکہ این ڈی اے میں شامل پارٹیوں کے علاوہ چند اپوزیشن پارٹیوں نے بھی فلسطین معاملے پر جو رخ اپنایا ہے وہ منافقت پر ہی مبنی ہے، لیکن کانگریس جیسی بڑی پارٹی کا اس معاملے میں فلسطین کے تعلق سے ظاہر کیا گیا موقف ہندوستانی عوام کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔ جنتا دل (یو) لیڈر کے سی تیاگی نے بھی جس سخت لہجے میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف لب کشائی کی ہے وہ بھی قابل تعریف ہے۔ یہی معاملہ میڈیا کا بھی ہے۔ گودی یا درباری میڈیا کی بات چھوڑیں وہ میڈیا جو بی جے پی مخالف کہا جاتا ہے اور داخلی معاملات میں مسلمانوں کے حقوق کا علمبردار ہونے کا دعویٰ کرتا ہے اس نے بھی حماس کے حملے سے متعلق حقائق کی جانچ پڑتال کیے بغیر جس طرح کچھ وائرل ویڈیوز کی بنا پر حماس کو دہشت گرد تنظیم کہا وہ افسوسناک ہے۔ ایسا تو قطعی نہیں ہے کہ اسرائیل نے گزشتہ چند برسوں میں مظلوم فلسطینیوں کے خلاف جو جارحانہ اور ظالمانہ کارروائیاں کی ہیں ان کا ریکارڈ انٹرنیٹ پر موجود نہ ہو۔ اسے سامنے رکھ کر یہ فیصلہ کیا جا سکتا تھا کہ کون دہشت گرد ہے اور کون دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بحالت مجبوری صہیونی طاقتوں کے خلاف نبرد آزما ہے۔ حماس نے اسرائیل کے خلاف جو کچھ کیا اس کی ضرورت اس لیے تھی کہ صہیونی طاقت اپنے طاقت کے زعم میں فلسطین کے حق میں کچھ بھی سننے کو تیار نہ تھی۔ ایسے میں سوائے اس کے کیا راستہ بچتا ہے کہ ’’ہم امن چاہتے ہیں مگر جنگ کے خلاف... گر جنگ لازمی ہے تو پھر جنگ ہی سہی۔‘‘

Published: undefined

لیکن یہ بے حد عجیب بات ہے کہ ہماری حکومت اور میڈیا کے بڑے حصے نے نہ تو اس حقیقت کو سامنے رکھا کہ ہندوستان کچھ ٹھوس اسباب سے فلسطینی عوام کے حق آزادی یعنی ایک آزاد فلسطین کے قیام کی حمایت کرتا رہا ہے، اور نہ ہی اس بات پر غور کرنے کی ضرورت محسوس کی کہ مغربی ذرائع ابلاغ نے اسرائیل پرستی میں جو موقف اختیار کیا ہے اس میں صداقت کم اور جھوٹ زیادہ ہے، اور اسی جھوٹ کے تحت حماس کو دہشت گرد تنظیم کہہ کر فلسطینی کاز کو کمزور کرنے کی کوشش امریکہ اور اس کے حواری برسوں سے کر رہے ہیں۔

Published: undefined

ہندوستان نے آزادی کے بعد سے ہی غیر جانبداری کی پالیسی اس لیے اختیار نہیں کی تھی کہ اہم بین الاقوامی مسائل پر ہندوستان اعتدال کا دامن چھوڑ کر ان طاقتوں کا حاشیہ بردار بن جائے جو عالمی نظام پر قبضہ کرنے کے لیے نت نئی چالیں چلتی ہیں، کمزور ممالک کو دباتی ہیں اور جارحیت کو حق دفاع کا لبادہ اڑھا کر اپنے توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل کرتی ہیں۔ آزادی کے بعد سے ہی ہماری قیادت نے خارجہ پالیسی کے تعلق سے جو راہ اختیار کی اس میں اپوزیشن کو نظر انداز نہیں کیا گیا، اس میں عوامی جذبات اور قومی مفادات کو بھی پس پشت نہیں ڈالا گیا بلکہ ان سب کے درمیان اعتدال قائم کرتے ہوئے ایسا راستہ اختیار کرنے کی حکمت عملی اپنائی گئی کہ جس سے دنیا جان سکے کہ انگریزوں کے خلاف اپنے حق آزادی کی جنگ جیتنے والا ملک دنیا بھر کے مظلوموں کی آزادی کا بھی طرفدار ہے۔

Published: undefined

فلسطین کے تعلق سے جس قومی پالیسی کی بات ہو رہی ہے وہ کانگریس یا جن سنگھ (موجودہ بی جے پی) کے نظریے کی عکاس نہیں تھی بلکہ اس میں، مظلوم فلسطینیوں کے جائز حقوق کی حمایت کے نظریے کو بنیادی اہمیت دی گئی تھی۔ اسی لیے فلسطین ہمیشہ ہی ہندوستان کو اپنا قابل بھروسہ اور معتبر دوست سمجھتا رہا ہے، لیکن حماس کے حملے کے خلاف اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہو کر مودی حکومت نے اس قومی پالیسی کی دھجیاں اڑا دی ہیں جو آزادی سے اب تک بین الاقوامی سطح پر ہمیں باوقار اور غیر جانبدار ملک کے طور پر عزت دلاتی رہی ہے۔ جو ہمیں مظلوموں کا حامی اور دہشت گردوں کا دشمن بتاتی رہی ہے، خواہ یہ دہشت گردی سرکاری ہی کیوں نہ ہو۔ فلسطین کا اس مشکل گھڑی میں ساتھ چھوڑنا صرف غیر دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہے بلکہ اس سے قومی اتفاق رائے سے بننے والی روز اوّل سے جاری ہماری خارجہ پالیسی کو بھی خاک میں ملا دیا گیا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined