سیاسی

حکومت طلاقِ ثلاثہ قانون سے آدھی توجہ بھی موب لنچنگ روکنے پر کرتی تو ملک کو بڑا فائدہ ہوتا

بی جے پی نے جتنی محنت اور توجہ طلاق ثلاثہ بل پاس کرانے پر دی، اس کی آدھی محنت اور توجہ موب لنچنگ اور ملک سے فرقہ وارانہ نفرت کو کم کرنے میں کرتے تو ملک اور بذات خود ان کو زیاہ فائدہ ہوتا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سید خرم رضا

طلاق ثلاثہ بل بالآخر ایوان سے منظور ہو گیا ہے اور اب صدر جمہوریہ ہند کے دستخط کے بعد ایک ساتھ تین طلاق دینے والا شوہر جیل کی سلاخوں کے پیچھے چلا جائے گا۔ مودی حکومت نے اپنے دور اقتدار میں قانون سازی کے لئے اگر سب سے زیادہ کسی قانون پر محنت کی ہے تو وہ طلاق ثلاثہ کا قانون ہے۔ اگر کسی چیز کے لئے شدت کی لگن ہو اور اس کے لئے زبردست محنت شامل ہو تو پھر دیر سے ہی صحیح مگر کامیابی ضرور ملتی ہے۔ اس بل کے دونوں ایوان سے منظور ہو جانے سے مودی کی قیادت والی اور آر ایس ایس کی سرپرستی میں چلنے والی بی جے پی حکومت کو زبردست کامیابی ملی ہے۔ اس کامیابی کو خالی بی جے پی کی کامیابی کہنا شائد غلط ہوگا بلکہ یہ کہنا صحیح ہو گا کہ اس میں بی جے پی سے زیادہ اقلیتوں اور حزب اختلاف کو کامیابی ملی ہے۔

Published: 31 Jul 2019, 3:10 PM IST

دراصل بی جے پی کو یہ ضرور لگ رہا ہوگا کہ اس نے طلاق ثلاثہ کو مجرمانہ فعل قرار دے کر بہت بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے، اس کے بعد مسلمان منقسم ہو جائیں گے اور ایک طبقہ خاص طور سے مسلم خواتین کا ایک حصہ بی جے پی کا حامی ہو جائے گا۔ ان کی حکمت عملی کے حساب سے اس طبقہ کے بی جے پی کی حمایت میں آنے سے بی جے پی کا اپنا کٹر حامی بھی ناراض نہیں ہوگا۔ دوسرا بی جے پی کو یہ لگتا ہے کہ اس کے بعد اکثریتی طبقہ کا ایک بڑا حصہ اس کو اپنی کامیابی اور اقلیتوں کی شکست کی شکل میں دیکھے گا۔ جہاں تک مسلمانوں کے ایک طبقہ کا اس مدے کی وجہ سے بی جے پی کی حمایت کرنے کا سوال ہے تو وہ ممکن نظر نہیں آتا کیونکہ مسلمانوں کے خلاف ہو رہے موب لنچنگ کے واقعات نے بی جے پی کے لئے پہلے سے موجود نفرت میں اس قدر اضافہ کر دیا ہے کہ ان کی طرف سے کوئی بھی اٹھایا گیا قدم اقلیتوں کو ان کی جانب راغب نہیں کر سکتا۔ رہی دوسری بات کہ اکثریتی طبقہ اس کو اقلیتوں کی شکست اور اپنی جیت کے طور پر لے گا یہ کافی حد تک صحیح ہے لیکن یہ بھی کچھ دنوں تک ہی رہے گا۔ کیونکہ جیسے ہی یہ مدا میڈیا سے غائب ہوگا کامیابی اور شکست کا احساس ختم ہو جائے گا اور بہت ممکن ہے کہ کچھ دنوں بعد یہ سوال کھڑا ہونے لگے کہ کیا یہ مدا اتنا ہی اہم تھا۔

Published: 31 Jul 2019, 3:10 PM IST

اس بل کو لے کر بی جے پی کی کامیابی پر تو مہر نہیں لگائی جاسکتی، لیکن مسلمانوں اور حزب اختلاف کے لئے ضرور کامیابی کہی جا سکتی ہے۔ مسلمانوں کے لئے یہ بل اس لئے کامیابی کی علامت ہے کیونکہ وہ طلاق ثلاثہ سے پریشان تھے اور اصلاح کی کوششیں جاری تھیں لیکن آپسی اختلافات کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہو پا رہا تھا۔ مودی کی قیادت والی حکومت کے ذریعہ یہ کام انجام دیئے جانے سے تمام آپسی اختلافات ہونے کے باوجود بغیر لب کشائی کے اس کو قبول کر لیا گیا۔ اس معاملہ کو چونکہ بی جے پی نے انجام دیا ہے اس لئے اس تعلق سے بی جے پی سے جو نفرت ہے اس کو برقرار رکھنے اور کسی حد تک بڑھانے میں اس طلاق ثلاثہ بل نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ مسلمانوں کی کامیابی اس لئے بھی ہے کیونکہ ان کی مرضی کی اصلاح ہوگئی اور ایسا کرنے میں فرقہ پرست قوتوں سے نفرت میں بھی کمی نہیں آئی۔

Published: 31 Jul 2019, 3:10 PM IST

تین طلاق بل کی منظوری کو حزب اختلاف کی کامیابی کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے کیونکہ وہ اگر ایسی کوشش اصلاح کے لئے کرتی تو اس کا حال وہی ہوتا جو شاہ بانو کیس میں ہوا تھا۔ اب اس کی نظر میں اصلاح بھی ہو گئی اور اس کا ووٹر ان سے ناراض بھی نہیں ہوا کیونکہ اصلاح کے تعلق سے ساری ناراضگی بی جے پی کے کھاتے میں گئی۔ بی جے پی سے اس ناراضگی کے بڑھنے کی وجہ اس فعل کو مجرمانہ قرار دینا ہے۔

Published: 31 Jul 2019, 3:10 PM IST

کس کی کامیابی اور کس کی کم کامیابی کی بات دیگر ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس اصلاح کی ضرورت تھی لیکن بی جے پی نے اس اصلاح میں جو فریقین سے بات کیے بغیر نفرت کے عنصر کو شامل رکھتے ہوئے اس کو سیاست کا شکار بنایا اس سے اسے کم کامیابی ملی اور دوسروں کو بغیر محنت کیے زیادہ کامیابی مل گئی۔ بی جے پی نے جتنی محنت اور توجہ طلاق ثلاثہ بل پاس کرانے پر دی، اس کی آدھی محنت اور توجہ موب لنچنگ اور ملک سے فرقہ وارانہ نفرت کو کم کرنے میں کرتے تو ملک اور بذات خود ان کو زیاہ فائدہ ہوتا۔

Published: 31 Jul 2019, 3:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 31 Jul 2019, 3:10 PM IST