
روح اللہ مہدی، تصویر ’ایکس‘ @RuhullahMehdi
ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ نیشنل کانفرنس اور پارلیمنٹ سے 3 نومبر کو آغا روح اللہ مہدی کے استعفیٰ سے پارٹی کو زیادہ نقصان پہنچا ہے یا ان کے اپنے سیاسی کیریئر کو۔ اس کے باوجود اس کھلے تصادم نے جموں و کشمیر میں پارٹی کی قیادت، اس کی نظریاتی وابستگیوں اور انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کی صلاحیت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ روح اللہ کا یہ فیصلہ ایک اصولی سیاسی قدم ہے یا خود کشی کے مترادف داؤ، یہ ابھی واضح ہونا باقی ہے۔ البتہ ایک بات طے ہے کہ ان کی علیحدگی سے نیشنل کانفرنس کی عوامی شبیہ کو گہرا دھچکا لگا ہے اور اس سے پارٹی کی ساکھ اور اندرونی اختلافات سے نمٹنے کے طریقۂ کار کی کمزوریاں بھی ظاہر ہوئی ہیں۔
نیشنل کانفرنس کے لیے اس کے سیاسی نقصانات کافی بڑے ہیں۔ پارٹی نے 2024 کا انتخاب آئینی تحفظات کی بحالی اور خصوصی درجے، خاص طور پر دفعہ 370 کی واپسی کے وعدے پر لڑا تھا۔ 2 سال گزرنے کے بعد روح اللہ کا یہ الزام عوام کے درمیان گہرا اثر دکھا رہا ہے کہ پارٹی نے اپنے انتخابی منشور سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ 2024 میں عوام کی بھاری توقعات کے درمیان بڑا مینڈیٹ حاصل کرنے کے بعد آج نیشنل کانفرنس کو اپنے ہی ایک قدآور لیڈر کی جانب سے شروع کی گئی سخت تنقید کے مقابلے میں اپنی ساکھ بچانے کی جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے۔
روح اللہ کوئی معمولی باغی نہیں ہیں۔ بڈگام سے 3 بار رکن اسمبلی اور سری نگر سے رکن پارلیمنٹ رہنے والے روح اللہ 2 دہائیوں سے زیادہ عرصے تک نیشنل کانفرنس کے ساتھ رہے اور 2024 کا انتخابی منشور تیار کرنے میں بھی شامل تھے۔ ان کا بنیادی استدلال یہ ہے کہ پارٹی نے اپنی ترجیحات کو دفعہ 370 کی بحالی کی جدوجہد سے ہٹا کر صرف ریاست کا درجہ حاصل کرنے تک محدود کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں زیادہ زور دار سیاسی جدوجہد کو سرد خانے میں ڈال دیا گیا ہے۔
اس بغاوت نے دیگر نامکمل وعدوں کو بھی سامنے لا کھڑا کیا ہے... یعنی ایک غیر دانشمندانہ ریزرویشن پالیسی جس سے کھلے میرٹ والے طلبا اور ملازمت کے امیدواروں کو نقصان پہنچ رہا ہے، ایک لاکھ نوکریاں دینے کے وعدے سمیت روزگار پیدا کرنے میں ناکامی، مفت بجلی اور ایل پی جی، نیز سیاسی قیدیوں کی رہائی اور شہری حقوق کے تحفظ کے لیے ناکافی کوششیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اس تصادم نے پارٹی کے انتخابی وعدوں اور اس کے عملی کام کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلے کو بے نقاب کر دیا ہے۔
پارٹی کی قیادت پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں، خاص طور پر روح اللہ کے ساتھ اختلافات دور کرنے میں ناکامی کو لے کر، جنہوں نے کئی ماہ پہلے ہی اپنے استعفیٰ کے ارادے کا عوامی طور پر اظہار کر دیا تھا۔ ان کی علیحدگی سے اس تاثر کو تقویت ملی ہے کہ پارٹی نہ تو اندرونی تنقید کا حل نکالنے کی خواہش رکھتی تھی اور نہ ہی اس کی صلاحیت رکھتی تھی۔ اس طرح وہ اپنی آئینی اور سیاسی حکمت عملی کو عوام کے سامنے قابل اعتماد انداز میں پیش کرنے کا موقع بھی گنوا بیٹھی۔
سری نگر لوک سبھا سیٹ کے ضمنی انتخاب اور مستقبل کی انتخابی لڑائیوں کے پیش نظر نیشنل کانفرنس کے سامنے ایک قابل اعتماد انتخابی منشور تیار کرنے کا انتہائی مشکل چیلنج ہے۔ خودمختاری، مکمل ریاست کا درجہ، مفت سہولیات اور نوکریوں کے پرانے وعدوں کو صرف دہرانا کافی نہیں ہوگا۔ ووٹر اب شفافیت اور جوابدہی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس دوران اس معاملے نے نیشنل کانفرنس کے سیاسی حریفوں کو ایک تیار شدہ بیانیہ فراہم کر دیا ہے۔
بڈگام کے بہشت زہرا پارک میں منعقدہ عوامی جلسہ میں روح اللہ نے اپنا استعفیٰ محمد اشرف مٹو کے حوالے کیا۔ مٹو 2010 میں نیشنل کانفرنس حکومت کے دور میں پولیس فائرنگ میں مارے گئے نوعمر طفیل مٹو کے والد ہیں۔ ناقدین نے فوراً اس دور میں نیشنل کانفرنس کے ساتھ روح اللہ کی اپنی وابستگی پر انگلی اٹھائی۔ اگر 2010 کے ہنگاموں میں کئی نوعمر لڑکوں کی موت کی ذمہ دار پارٹی تھی تو اگر وہ 2010 کے متاثرین کے تئیں واقعی حساس تھے تو انہوں نے پہلے آواز کیوں نہیں اٹھائی؟ ناقدین کا الزام ہے کہ انہوں نے علیحدگی کی علامت کے طور پر مٹو کا انتخاب کرکے محض سیاسی ڈرامہ کیا ہے۔
دوسری جانب نیشنل کانفرنس نے پارلیمنٹ میں روح اللہ کی کارکردگی کے ریکارڈ اور خصوصی درجے و مکمل ریاست کی بحالی میں ایک رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے ان کے تعاون پر سوال اٹھائے ہیں۔ پارٹی لیڈران کا کہنا ہے کہ پارٹی نے ہی انہیں ایک مستحکم تنظیم، ایک تسلیم شدہ انتخابی نشان، کارکنوں کا نیٹ ورک اور پورے جموں و کشمیر تک رسائی فراہم کی، جس کی بدولت انہیں بڈگام اور سری نگر میں کئی انتخابی کامیابیاں حاصل کرنے میں مدد ملی۔ بعض ناقدین نے تو یہاں تک کہا کہ یہ پورا واقعہ بی جے پی کے اشارے پر رچایا گیا تھا۔ ان الزامات کو اس وقت مزید تقویت ملی جب بی جے پی لیڈر رام مادھو نے روح اللہ کی علیحدگی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ انہیں عوام کی حمایت اور آشیرواد حاصل ہے۔ این سی نے بھی الزام لگایا ہے کہ ان کی علیحدگی بی جے پی کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اگرچہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ اس زعفرانی جماعت نے روح اللہ کے استعفے کا فیصلہ کروایا تھا، لیکن اہم علاقائی اپوزیشن میں پھوٹ پڑنے کا براہ راست فائدہ بی جے پی کو ہی ہوتا ہے۔
روح اللہ کا کہنا ہے کہ وہ ایک متبادل سیاسی طاقت کھڑی کرنے کے لیے ایماندار اور وقف افراد کی تلاش میں ہیں۔ کیا وہ اس ارادے کو ایک عملی سیاسی تحریک میں تبدیل کر پائیں گے، یہ دیکھنا ابھی باقی ہے۔ اگر واقعی ان کا مقصد کشمیر کے عوام کے حقوق کے لیے لڑنا ہے تو آگے کا راستہ غیر یقینی ہے۔ کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ وہ کتنی مؤثر تنظیم قائم کرتے ہیں، اپنی سوچ کو کتنی وضاحت کے ساتھ پیش کرتے ہیں اور اپنی عوامی مقبولیت کا دائرہ کتنا وسیع کرتے ہیں۔ اب صرف وقت ہی بتائے گا کہ روح اللہ کا داؤ کامیاب ہوتا ہے یا پھر ان کا انجام بھی غلام نبی آزاد جیسا ہوگا، جنہوں نے کئی دہائیوں کی وابستگی کے بعد اگست 2022 میں کانگریس چھوڑ دی تھی اور بعد میں ان کی سیاسی بنیاد مسلسل بکھرتی چلی گئی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔