
عمران خان، تصویر آئی اے این ایس
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے معاملے میں حکومت کو جمعرات کی رات 12 بجے تک کی مہلت دی ہے۔ پارٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر عمران خان کو مقررہ وقت تک اسپتال منتقل نہیں کیا گیا تو وہ جمعہ کی صبح عدالت سے رجوع کرے گی۔
بی بی سی اردو کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کو دو دن کے اندر اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم پارٹی کے مطابق اب تک اس حکم پر عمل نہیں کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر جمعرات کی رات 11 بج کر 59 منٹ تک عمران خان کو اسپتال منتقل نہیں کیا جاتا تو سپریم کورٹ خود توہین عدالت کی کارروائی شروع کر سکتا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ اگر عدالت کی جانب سے ایسا نہیں کیا جاتا تو اس کی قانونی ٹیم نے ایک درخواست تیار کر رکھی ہے، جسے جمعہ کی صبح عدالت میں دائر کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ بدھ کو پاکستان کی سپریم کورٹ نے اڈیالا جیل میں قید عمران خان کو دو دن کے اندر اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کا یہ حکم ایسے وقت میں سامنے آیا جب عمران خان کی صحت اور انہیں طبی سہولیات فراہم کیے جانے سے متعلق ان کی جماعت کی جانب سے مسلسل مطالبات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر اعتراض کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے سلسلے میں سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی رعایت قانون کے مطابق نہیں تھی۔
رانا ثناء اللہ کے مطابق حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اسپتال میں داخل کرانے کے لیے کوئی حتمی مدت مقرر نہیں کی گئی ہے اور حکومت کی دائر کردہ نظرثانی درخواست پر آج یا کل تک فیصلہ آنے کی توقع ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔