اداکارہ حمیرا اصغر / تصویر بشکریہ عرب نیوز
کراچی: پاکستانی ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر علی کی لاش کراچی کے اتحاد کمرشل علاقے میں واقع ایک اپارٹمنٹ سے برآمد ہوئی، جہاں وہ تقریباً نو ماہ سے مردہ حالت میں موجود تھیں۔ پولیس کے مطابق ان کی لاش اس وقت دریافت ہوئی جب پولیس نے مکان مالک کی شکایت پر کرایہ دار کو نکالنے کے لیے اپارٹمنٹ کا دروازہ توڑا۔
Published: undefined
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ منگل کو پیش آیا۔ لاش گلنے سڑنے کی انتہائی حالت میں تھی، جس کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق موت ایک ماہ قبل واقع ہوئی تھی۔ تاہم، تحقیقات سے پتہ چلا کہ اداکارہ کی موت غالباً اکتوبر 2024 میں ہی ہو گئی تھی۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) مہروز علی کے مطابق، عدالت کے حکم پر جب عملہ اپارٹمنٹ خالی کرانے پہنچا تو اندر سے کوئی جواب نہ ملا۔ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے پر اداکارہ کی لاش پائی گئی۔ بعد ازاں، عرب نیوز کو تفتیشی افسران نے بتایا کہ ڈیجیٹل اور فارنزک شواہد، موبائل فون ریکارڈز، سوشل میڈیا سرگرمیوں اور پڑوسیوں سے حاصل معلومات کی بنیاد پر یہ نتیجہ نکالا گیا کہ اداکارہ کی موت گزشتہ سال اکتوبر میں ہی واقع ہو گئی تھی۔
Published: undefined
پولیس کے مطابق حمیرا کی آخری فیس بک پوسٹ 11 ستمبر 2024 کو جبکہ انسٹاگرام پوسٹ 30 ستمبر کو کی گئی تھی۔ پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ انہیں ستمبر یا اکتوبر کے بعد کبھی نہیں دیکھا گیا۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے ابتدائی طور پر لاش کی حالت دیکھ کر موت کو ایک ماہ پرانا واقعہ قرار دیا تھا، تاہم بعد کی تفتیش سے یہ مفروضہ غلط ثابت ہوا۔
حمیرا اصغر علی نے 2014 میں ’ویٹ مس سپر ماڈل‘ کا خطاب جیتا تھا اور 2015 کی ایکشن فلم ’جلیبی‘ اور اے آر وائی کے ریئلٹی شو ’تماشا‘ سے شہرت حاصل کی تھی۔ 2022 میں انہوں نے ’تماشا گھر‘ میں بھی شرکت کی تھی۔ اس کے علاوہ وہ کئی ڈراموں میں بھی نظر آئی تھیں۔
Published: undefined
یہ حالیہ مہینوں میں کراچی میں ایسا دوسرا واقعہ ہے جب اکیلی رہنے والی ایک اداکارہ کی لاش ان کے فلیٹ سے برآمد ہوئی۔ اس سے قبل جون 2025 میں معروف سینئر اداکارہ عائشہ خان گلشن اقبال کے نجیب پلازہ میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائی گئی تھیں۔ ان کی لاش سات روز بعد بدبو اٹھنے پر برآمد ہوئی تھی۔ 76 سالہ عائشہ خان فلیٹ میں تنہا زندگی گزار رہی تھیں اور پولیس کے مطابق ان کی موت طبعی تھی۔ وہ 1964 سے پی ٹی وی کے مقبول ڈراموں کا حصہ رہی تھیں اور کئی دہائیوں تک شوبز کا نمایاں چہرہ رہیں۔ حمیرا اصغر کی موت کے بعد ان دونوں واقعات نے فنکاروں کی تنہائی اور معاشرتی بےحسی پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined