پاکستان

عمران خان نے ہندوستانی سکھوں سے بولا جھوٹ؟ کرتار پور جانے کے لیے پاسپورٹ لازمی!

عمران خان نے یکم نومبر کو بذریعہ ٹوئٹر کرتارپور گرودوارہ جانے والے سکھوں سے کہا تھا کہ وہ پاسپورٹ کی جگہ کوئی شناختی کارڈ بھی دکھا سکتے ہیں، لیکن اب میجر جنرل غفور نے اس سے انکار کیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

آئی ایس پی آر (انٹر سیکورٹی پبلک رلیشنز) کے چیف میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ کرتار پور کوریڈور کے ذریعہ پاکستان کے پنجاب واقع کرتارپور صاحب گرودوارہ جانے کے لیے ہندوستانی سکھ زائرین کے پاس پاسپورٹ ہونا لازمی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک دیو کی 550ویں جینتی سے پہلے ہفتہ کے روز کرتارپور کوریڈور کا افتتاح کیا جائے گا۔

Published: undefined

’دی ڈان‘ اخبار نے بدھ کے روز فوج کے میڈیا ونگ کے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل غفور کے بیان کے حوالے سے لکھا ہے کہ ’’سیکورٹی کے لحاظ سے داخلی عمل پاسپورٹ پر مبنی شناختی کارڈ کے تحت ہوگی۔ سیکورٹی کو لے کر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔‘‘ ان کا یہ بیان پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے اس اعلان سے بالکل مختلف ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ہندوستانی سکھ زائرین پاسپورٹ کی جگہ کوئی دوسرا شناختی کارڈ دکھا کر بھی کرتارپور گرودوارہ جا سکتے ہیں۔ اس لیے یہ سوال اٹھنا لازمی ہے کہ عمران خان نے ہندوستانی سکھوں سے جھوٹ بولا، یا پھر میجر جنرل غفور کا بیان پاکستانی حکومت اور فوج کے درمیان موجود تلخیوں کا نتیجہ ہے۔

Published: undefined

واضح رہے کہ بنیادی طور پر گرودوارہ دربار صاحب کے نام سے مقبول کرتارپور کوریڈور کے ذریعہ ہندوستانی سکھ عقیدت مند بغیر ویزا کے وہاں جا سکتے ہیں۔ گرودوارہ دربار صاحب سکھوں کے لیے پاکیزہ جگہ ہے، جہاں سکھ مذہب کے بانی گرونانک دیو نے اپنی زندگی کے آخری 18 سال گزارے تھے اور وہیں ان کا انتقال ہوا تھا۔ اس سال 12 نومبر کو گرو نانک دیو کی 550ویں جینتی کو یادگار بنانے کو لے کر اس کوریڈور کا قیام کیا گیا ہے۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے یکم نومبر کو ٹوئٹر پر کرتارپور کوریڈور کے پورا ہونے کا اعلان کیا تھا او راس کے ساتھ ہی انھوں نے زائرین کو پاسپورٹ یا پھر پہلے سے رجسٹریشن کرانے کی ضرورت نہیں ہونے کی خوشخبری سنائی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ عقیدت مند اپنا کوئی بھی شناختی کارڈ دکھا کر کرتارپور گرودوارہ جا سکتے ہیں۔

Published: undefined

میجر جنرل آصف غفور کے بیان کے بعد ہندوستانی سکھوں میں تذبذب کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ اس کے پیش نظر ہندوستان نے پاکستان سے اس سلسلے میں واضح کرنے کے لیے کہا ہے کہ سکھ عقیدتمندوں کے لیے پاسپورٹ لازمی ہے یا نہیں۔ حالانکہ ہندوستانی سیکورٹی ایجنسیوں نے احتیاط برتتے ہوئے عقیدتمندوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے ساتھ پاسپورٹ رکھیں تاکہ کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined