
امریکہ اور وینزویلا کا پرچم، تصویر سوشل میڈیا
امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 28 اگست کو وینزویلا کے ساتھ تاریخ کی سب سے بڑی ڈیل کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اس معاہدے سے امریکہ کی خام تیل تک رسائی بڑھے گی اور سپلائی میں بھی اضافہ ہوگا، اور حتمی نتیجہ یہ ہوگا کہ پیٹرول کی قیمتیں کم ہوں گی۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ حکومت اور پرائیویٹ کمپنیوں کی شراکت داری کے ذریعہ امریکہ نے وینزویلا کے 65 ارب بیرل سے زیادہ تیل ذخائر پر کنٹرول حاصل کیا ہے۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا ہے کہ ’’میرے کہنے پر سکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو اور سکریٹری آف وار پیٹ ہیگستھ نے وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز کے ساتھ مل کر اور پرائیویٹ کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کرکے وینزویلا میں 65 ارب بیرل سے زیادہ تصدیق شدہ تیل کے ذخائر پر امریکہ کا کنٹرول ہو گیا ہے۔ اس کے لیے امریکی ٹیکس پیئر کی جیب سے ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا ہے۔‘‘ ٹرمپ نے کہا کہ ’’یہ معاہدہ امریکی توانائی کی سپلائی کے لیے ایک بڑا فروغ ہے، اور دعویٰ کیا ہے کہ اس سے امریکی تیل ذخائر دوگنے سے بھی زیادہ ہو جائیں گے اور پیٹرول کی قیمت کم کرنے میں مدد ملے گی۔‘‘
وینزویلا نے ڈیل کا خیرمقدم کیا۔ وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز نے اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس سے ملک کی آمدنی بڑھے گی اور خزانے میں اضافہ ہوگا۔‘‘ روڈریگز نے کہا کہ ’’اس ڈیل کے ذریعے وینزویلا میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری آئے گی، خصوصاً تیل کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے ضروری بنیادی ڈھانچے کی دوبارہ تعمیر اور اسے جدید بنانے میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’یہ معاہدہ نجی کمپنیوں کی مدد سے تیل کی پیداوار میں اضافہ کرے گا اور اس میں 17 اہم تیل کے شعبوں کی ترقی شامل ہوگی، جن میں تقریباً 65 ارب بیرل کے مصدقہ ذخائر موجود ہیں۔ ان منصوبوں سے 100 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری آنے اور وینزویلا کو 209 ارب ڈالر سے زیادہ ٹیکس حاصل ہونے کی توقع ہے۔‘‘ روڈریگز نے کہا کہ ’’ وینزویلا وسیع تیل کے ذخائر کو ایک بڑا توانائی پیدا کرنے والا ملک بننے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ملازمین کی آمدنی بڑھانے اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بھی استعمال کرنا چاہتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اس طرح وینزویلا اپنے عوام کے لیے ریکوری، ترقی، پیداوار، تحفظ اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کر رہا ہے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔