دیگر ممالک

گارمنٹس ورکرز کی ہڑتال کے سامنے بنگلہ دیشی حکومت جھکنے کو ہوئی مجبور

بورڈ میں مزدوروں کے نمائندے بابل اختر نے بتایا کہ 4 ارکان نے 17000 ٹکا کے حق میں اور 2 ارکان نے مزدوروں کی جانب سے 18000 ٹکا تجویز کی حمایت کی۔ نیا تنخواہ ڈھانچہ یکم دسمبر سے نافذ ہونے کی توقع ہے۔

بنگلہ دیشی جھنڈا، تصویر آئی اے این ایس
بنگلہ دیشی جھنڈا، تصویر آئی اے این ایس 

بنگلہ دیش حکومت نے بدھ کے روز گارمنٹس سیکٹر میں کام کرنے والے مزدوروں کی کم از کم ماہانہ اجرت میں 36 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب مزدوروں کی کم از کم اجرت 100 امریکی ڈالر (12500 ٹکا) سے بڑھا کر 136 امریکی ڈالر (17000 ٹکا) ماہانہ کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ مزدوروں کے کئی ہفتوں سے جاری احتجاجی مظاہروں کے بعد کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے کئی فیکٹریاں بند ہو گئی تھیں اور کام کاج ٹھپ ہو گئے تھے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ بدھ کی صبح ڈھاکہ کے سیگون باغیچہ میں واقع کم از کم اجرت بورڈ کے دفتر میں ہونے والی 12 گھنٹے طویل میٹنگ کے بعد کیا گیا۔ یہ میٹنگ منگل کی دوپہر 2 بجے شروع ہوئی تھی اور بدھ کی صبح تقریباً 2 بجے ختم ہوئی۔

فیکٹری مالکان اور مزدور نمائندوں کے درمیان کئی دور کی بات چیت کے باوجود اتفاق نہیں ہو سکا تو 6 رکنی بورڈ نے ووٹنگ کے ذریعے نئی اجرت طے کی۔ بورڈ میں مزدوروں کے نمائندے بابل اختر نے بتایا کہ 4 ارکان نے 17000 ٹکا کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ 2 ارکان نے مزدوروں کی جانب سے پیش کردہ 18000 ٹکا کی تجویز کی حمایت کی۔ نیا تنخواہی ڈھانچہ یکم دسمبر سے نافذ ہونے کی توقع ہے اور مزدوروں کو اضافی شدہ  تنخواہ جنوری سے ملنا شروع ہو جائے گی۔ نئے ضابطوں کے تحت مختلف گریڈ کے مزدوروں کی تنخواہیں اس طرح مقرر کی گئی ہیں: پہلا گریڈ: 21500 ٹکا، دوسرا گریڈ: 20000 ٹکا، تیسرا گریڈ: 19200 ٹکا اور چوتھا گریڈ: 17000 ٹکا طے کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کے گارمنٹس کی پیداوار کے بڑے علاقوں میں اکتوبر کے آخر سے ہی مزدور پرتشدد احتجاج احتجاجی مظاہرے کر رہے تھے۔ کھانے پینے، گھر کا کرایہ، آمد و رفت کا کرایہ اور علاج کے بڑھتے اخراجات کا حوالہ دیتے ہوئے مزدوروں نے آغاز میں 32000 ٹکا اور بعد میں 30000 ٹکا (240 ڈالر) کم از کم تنخواہ کا مطالبہ کیا تھا۔ بات چیت کے دوران مزدوروں کے نمائندوں نے اپنے مطالبات کم کرکے 22000 ٹکا اور آخر میں 18000 ٹکا کیا تھا۔ اس سے قبل نومبر 2023 میں تنخواہ بڑھا کر 12500 ٹکا کی گئی تھی۔

چین کے بعد بنگلہ دیش دنیا کا سب سے بڑا گارمنٹس برآمد کنندہ ملک ہے۔ اس صنعت میں 40 لاکھ سے زیادہ مزدور کام کرتے ہیں اور ملک کی کل برآمدی آمدنی کا 80 فیصد سے زیادہ حصہ اسی شعبے سے آتا ہے۔ بنگلہ دیش ایچ اینڈ ایم، زارا اور گیپ جیسے بڑے بین الاقوامی فیشن برانڈس کو کپڑے سپلائی کرتا ہے۔ فیکٹری مالکان نے وارننگ دی تھی کہ موسم بہار اور موسم گرما کے آرڈر تیار کرنے کے اس اہم وقت میں اگر ہڑتال بڑھتی تو مال بھیجنے میں تاخیر ہوتی اور غیر ملکی خریداروں کے آرڈر رد ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا۔ فی الحال اس صنعت کو بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، مہنگائی اور عالمی منڈی میں سخت مقابلے کے دباؤ کا بھی سامنا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔