دیگر ممالک

پناما میں 7.7 شدت کے زلزلے کے بعد آئے 200 سے زائد آفٹر شاکس!

یونیورسٹی آف پناما کہ ’انسٹی ٹیوٹ آف جیو سائنسز‘ کے ڈائریکٹر نیسٹر لوک کے مطابق زلزلے کے بعد اب تک 200 سے زائد آفٹر شاکس آ چکے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>زلزلہ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

زلزلہ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس

 

پناما میں جمعہ (9 اکتوبر) کو آئے 7.7 شدت کے طاقتور زلزلے نے ملک کے وسطی صوبوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ اس قدرتی آفت کے بعد سے اب تک 200 سے زائد آفٹر شاکس درج کیے جا چکے ہیں، جس کے باعث مقامی لوگوں میں دہشت کا ماحول ہے۔ حالانکہ کسی کی موت کی آفیشیل طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ کم از کم 27 افراد زخمی ہوئے اور تقریباً 900 مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دور دراز اور دیہی علاقوں میں نقصان کا اندازہ لگانے کا عمل اب بھی جاری ہے، جس کے باعث زخمیوں اور متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

زلزلے سے ہونے والے نقصانات کے پیش نظر پناما حکومت نے ملک میں نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان کے تحت حکومت کو راحتی کاموں کے لیے 100 ملین ڈالر تک کے فنڈ مختص کرنے کی خصوصی اجازت مل گئی ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ اس بھاری خرچ کے باوجود 2026 کے لیے جی ڈی پی کے 3.5 فیصد مالیاتی خسارے کا طے شدہ ہدف متاثر نہیں ہوگا۔ حکومت اس آفت سے نمٹنے کے لیے مالی توازن برقرار رکھتے ہوئے تیزی سے اقدامات کر رہی ہے۔

یونیورسٹی آف پناما کہ انسٹی ٹیوٹ آف جیو سائنسز کے ڈائریکٹر نیسٹر لوک کے مطابق زلزلے کے بعد اب تک 200 سے زائد آفٹر شاکس آ چکے ہیں۔ حالانکہ یہ جھٹکے اب بھی جاری ہیں، لیکن راحت کی بات یہ ہے کہ ان کی شدت مسلسل کم ہو رہی ہے۔ 2 آفٹر شاکس کے درمیان کا وقفہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ ماہرین ارضیات کا خیال ہے یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ ٹیکٹونک پلیٹس اب بھی آہستہ آہستہ اپنی مستحکم حالت کی طرف لوٹ رہی ہیں، پھر بھی مقامی انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے۔

زلزلے کے باعث وسطی صوبوں ویراگواس اور لاس سینٹوس میں بنیادی ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ کم از کم 14 پل مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں، جس کی وجہ سے امدادی سامان پہنچانے میں بڑی رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ پناما کے صدر جوس راؤل مولینو نے خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سڑکوں اور پلوں کی فوری مرمت کی ہدایات دی ہیں تاکہ راحت اور بچاؤ کے کاموں میں تیزی لائی جا سکے۔

قابل ذکر ہے کہ اس بحران کی صورتحال میں بین الاقوامی برادری بھی پناما کی مدد کے لیے آگے آیا ہے۔ امریکی سفیر کیون مارینو کیبریرا نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ پناما کو 5 ملین ڈالر کی مالی امداد فراہم کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بچاؤ کے کاموں اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگانے میں مدد کے لیے 20 رکنی امریکی ٹیم بھی پناما بھیجی جا رہی ہے۔ احتیاط کے طور پر پیر (12 اکتوبر) کو ملک بھر میں اسکول اور کالج بند کر دیے گئے تھے۔ دوسری جانب پناما نہر انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ زلزلے کے بعد پناما نہر میں جہازوں کی آمد و رفت اور شپنگ کی سرگرمیاں پوری طرح محفوظ اور غیر متاثر ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔