
ڈونالڈ ٹرمپ/بنجامن نیتن یاہو (فائل)
’دی فائنانشیل ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو روزانہ فون کر رہے ہیں اور ان سے ایران پر دوبارہ حملہ شروع کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ اس بات چیت سے واقف ایک شخص کے حوالہ سے اخبار نے لکھا ہے کہ ’’نیتن یاہو انھیں روزانہ فون کرتے ہیں اور جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے ہیں۔ وہ لوگ جو وائٹ ہاؤس کے اندر اور باہر جنگ نہیں چاہتے، اسے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ اس شخص نے مزید کہا کہ ’’علاقائی لیڈران ان سے کہہ رہے ہیں کہ وہ کشیدگی نہ بڑھائیں اور بات چیت کو ترجیح دیں۔‘‘
اس رپورٹ میں اسرائیل کے حالات سے واقف ایک دوسرے شخص کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو ایران پر حملہ چاہتے ہیں، لیکن ٹرمپ کو اس کے لیے راضی کرنے کی کوئی بڑی کوشش یا دباؤ نہیں ہے۔ اس بارے میں قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی کے ساتھ بات چیت کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر نئے حملے ہونے کا امکان کم ہے۔ دراصل قطر کی حکومت امریکہ اور ایران کے درمیان عارضی سمجھوتہ کرانے کے لیے علاقائی کوششوں کی قیادت کر رہی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا ہے کہ ’’قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، بحرین، کویت اور دیگر ممالک ’جوں کی توں حالت‘ برقرار رکھنا چاہیں گے۔ دوسرے لفظوں میں، وہ تاریخ کی سب سے بڑی بحری ناکہ بندی اور نئے ’آپریشن آئرن گیٹ‘ کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔‘‘ انھوں نے واضح کیا کہ وہ ایران پر نئے حملے کرنے کے بجائے اس پر معاشی ناکہ بندی لگانا پسند کریں گے۔ ٹرمپ نے لکھا کہ ’’ہم اس تنازعہ کو ختم کرنے کی سمت میں مثبت اقدامات دیکھ رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ امریکہ کے مفادات کا ہر وقت تحفظ ہو۔‘‘
’دی فائنانشیل ٹائمز‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیتن یاہو کی جانب سے ٹرمپ پر ایران کے ساتھ جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے ڈالے جانے والے دباؤ سے عرب اور مسلم ممالک کے لیڈران فکرمند ہیں۔ ان فون کالز سے واقف لوگوں کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے بھی ٹرمپ کو فون کیا ہے۔
اس دوران ایران کے حکام نے امریکہ اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کی جانب سے کوئی نیا حملہ کیا گیا تو اس کا سخت اور مختلف انداز میں جواب دیا جائے گا۔ اس انتباہ میں اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) اور فوجی قیادت بھی شامل ہیں۔ ایران نے مادی اور غیر مادی اثاثوں کو نشانہ بنانے کی بات کہی ہے۔ ایران کی دھمکی میں آبنائے ہرمز سے گزرنے والی زیر سمندر انٹرنیٹ کی 7 اہم کیبلز کو خطرے میں ڈالنے کی بات بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ علاقائی ڈاٹا سنٹرز اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ اس سے مغربی ایشیا میں فوجی تصادم کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل اور مواصلاتی نظام پر بھی سنگین اثرات پڑنے کا خدشہ ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔