دیگر ممالک

اسرائیل: نیتن یاہو خود چھوڑ سکتے ہیں وزیر اعظم کی کرسی، آئندہ ایک ہفتہ کے اندر حکومت بنا سکتے ہیں آئزن کوٹ!

گادی آئزن کوٹ نے الزام عائد کیا کہ نیتن یاہو کی پارٹی جان بوجھ کر بات چیت میں تاخیر کر رہی ہے، تاکہ اپوزیشن اتحاد میں پھوٹ ڈالی جا سکے اور ملک میں دوبارہ انتخابات کی نوبت آ جائے۔

<div class="paragraphs"><p>گادی آئزن کوٹ، تصویر سوشل میڈیا&nbsp;@gadi_eisenkot</p></div>

گادی آئزن کوٹ، تصویر سوشل میڈیا @gadi_eisenkot

 

اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے سیاسی رسہ کشی جاری ہے۔ وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو اب اقتدار میں شراکت داری کے متبادل پر غور کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپوزیشن لیڈر اور یاشر پارٹی کے سربراہ گادی آئزن کوٹ کو روٹیشن نظام کے تحت وزیر اعظم بنانے کی تجویز پیش کرنے کی تیاری کی ہے۔ اس کے تحت نیتن یاہو خود دوسرے وزیر اعظم کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہو سکتے ہیں۔

’دی ٹائمز آف اسٹرائیل‘ کی رپورٹ کے مطابق ’چینل 13‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ نیتن یاہو اقتدار میں شراکت داری کی اس تجویز کا اعلان کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ حالانکہ وزیر اعظم دفتر کے حکام کے درمیان اس تجویز کو لے کر اختلافات ہیں۔ دوسری جانب سرکاری نشریاتی ادارے ’کان‘ کے مطابق یہ تجویز غیر رسمی ذرائع سے آئزن کوٹ تک پہنچائی جا سکتی ہے، تاکہ لیکوڈ پارٹی ضرورت پڑنے پر اس سے خود کو الگ کر سکے۔

رپورٹ کے مطابق گادی آئزن کوٹ نیتن یاہو کی تجاویز کے حوالے سے خدشات کا شکار ہیں۔ وہ آئندہ ہفتے تک نئی حکومت بنانے کی تیاری جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنے ممکنہ اتحادیوں یایر گولان اور اویگدور لبرمین کو یقین دلایا ہے کہ ان کی منظوری کے بغیر لیکوڈ کے ساتھ اتحادی حکومت نہیں بنائی جائے گی۔ دراصل یایر گولان کی ڈیموکریٹس پارٹی اور اویگدور لبرمین کی یسرائیل بیتینو پارٹی نے یاشر کے ساتھ اتحاد کے معاہدے کیے ہیں۔ دونوں لیڈران پہلے ہی نیتن یاہو کی قیادت والی حکومت میں شامل ہونے سے انکار کر چکے ہیں۔

اپوزیشن اتحاد کے رہنما گادی آئزن کوٹ نے کہا ہے کہ وہ اپنے پاس باقی بچے 8 دنوں میں نئی حکومت بنانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ قومی اتحاد کی حکومت بنانے کے نام پر محض بات چیت کر رہی ہے، لیکن معاہدہ کرنے کی اس کی حقیقی نیت نہیں ہے۔ آئزن کوٹ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ دونوں فریق کے درمیان 2 ہفتوں میں 5 میٹنگیں ہوئیں۔ اس کے باوجود لیکوڈ پارٹی نے نہ تو کوئی ٹھوس تجویز پیش کی اور نہ ہی اہم معاملات پر اتفاق کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیتن یاہو کی پارٹی جان بوجھ کر بات چیت میں تاخیر کر رہی ہے، تاکہ اپوزیشن اتحاد میں پھوٹ ڈالی جا سکے اور ملک میں دوبارہ انتخابات کی نوبت آ جائے۔

آئزن کوٹ کے مطابق بات چیت کے دوران 3 اہم معاملات پر اتفاق نہیں ہو سکا۔ ان میں حکومت سے دائیں بازو کی جماعتوں کو باہر رکھنا، 7 اکتوبر 2023 کے حملے کی تحقیقات کے لیے ریاستی سطح کا کمیشن تشکیل دینا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لیے فوجی سروس لازمی قرار دینے والا قانون منظور کرنا شامل ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے اتحاد نے عدالتی اصلاحات اور مجوزہ تحقیقاتی کمیشن کے معاملے پر بھی اہم سمجھوتے کرنے کی پیشکش کی تھی۔ اس کے باوجود لیکوڈ پارٹی نے کوئی ٹھوس پہل نہیں کی۔

آئزن کوٹ کے الزامات پر لیکوڈ پارٹی نے جوابی حملہ کیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ آئزن کوٹ سیاسی طور پر دوہری حکمت عملی اپنا رہے ہیں۔ لیکوڈ کے مطابق وہ پہلے ہی ایک متبادل اتحاد بنانے میں مصروف ہیں۔ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ آئزن کوٹ وزارتی محکموں کی تقسیم اور عرب جماعتوں کی حمایت سے حکومت بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ لیکوڈ نے ان عرب پارٹیوں کو دہشت گردی کا حامی بھی قرار دیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔